محمداحمد
لائبریرین
یہ زیادہ پرانی بات نہیں…یہ اس دن کی بات ہے جب صدر آصف علی زرداری امریکہ کے دورے پر روانہ ہوئے اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو سیکورٹی فراہم کرنے والے ایک پرائیویٹ ادارے کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپہ مارنے کا فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں تین بڑے خفیہ اداروں نے اسلام آباد میں امریکیوں کی پراسرار سرگرمیوں کے بارے میں اپنی اپنی رپورٹیں پیش کیں۔ یہ رپورٹیں سامنے آنے کے بعد اجلاس میں موجود وزیر داخلہ رحمٰن ملک کو پانی سر سے اوپر جاتا ہوا محسوس ہوا اور انہوں نے فوری طور پر انٹر رسک نامی پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسی کے دفتر پر چھاپے مارنے کا حکم دیدیا کیونکہ اطلاعات کے مطابق اس ادارے سے وابستہ کچھ سابق فوجی افسران ایک امریکی ادارے کے ساتھ مل کر پاکستان میں جاسوسی کا ایک نیٹ ورک بنا رہے تھے۔ جس دن اسلام آباد میں انٹر رسک کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا اس دن اسلام آباد کی سڑکوں پر ایسی درجنوں جیپیں نمودار ہوئیں جن میں مسلح گورے ہتھیاروں سمیت موجود تھے۔ ان جیپوں میں سوارگورے عام طور پر ٹریفک قوانین کی کوئی پروا نہیں کرتے اس وقت ایف سکس کے علاقے میں ایک چوراہے پر ریڈ سگنل کے باعث ٹریفک بند تھی لیکن ایک جیپ میں سوار گورے اپنے آگے موجود گاڑیوں کو ہٹانے کیلئے مسلسل ہارن بجائے جا رہے تھے۔ کچھ گاڑیاں ہٹ گئیں لیکن ایک گاڑی والے نے گوروں کو راستہ دینے سے انکار کردیا۔ اس گستاخی پر ایک مسلح گورا جیپ سے نیچے اترا اور اپنے آگے موجود گاڑی کے ڈرائیور کو باہر آنے کیلئے کہا۔ ڈرائیور نے شیشہ اوپرچڑھا دیا اور گورے کو نظر انداز کردیا۔ یہ دیکھ کر گورے نے اپنے ہتھیار سے گاڑی کے شیشے کو کھٹکھٹانا شروع کردیا۔ شاید پاکستانی ڈرائیور اس صورت حال کیلئے تیار تھا۔ اس نے اپنی گاڑی کے ڈیش بورڈ سے پستول نکالا اور گورے کو دکھا کر اپنی جھولی میں رکھ لیا۔ اس دوران ٹریفک سگنل کی لائٹ گرین ہوچکی تھی لیکن گوروں نے پاکستانی ڈرائیور کو گھیر لیا اور اپنے مزید ساتھی بلا لئے۔ موقع پر ہجوم اکٹھا ہوچکا تھا۔ یہ پاکستانی ڈرائیور پیپلز پارٹی کے ایک سینیٹر کا بھتیجا تھا اور لائسنس یافتہ ہتھیار کے ساتھ گوروں کو آنکھیں دکھا رہا تھا۔ مسلح گورے اسے اپنے ساتھ ”بیس کیمپ چلنے کیلئے کہہ رہے تھے لیکن پاکستانی نوجوان انکاری تھا۔ پولیس موقع پر پہنچ چکی تھی۔ پولیس نے گوروں سے ان کے ہتھیاروں کے لائسنس مانگے لیکن انہوں نے لائسنس دکھانے سے انکار کردیا جبکہ پاکستانی نوجوان نے فوراً اپنا لائسنس دکھا دیا۔ گورے مصر تھے کہ پاکستانی نوجوان کو تحقیقات کے لئے ان کے ساتھ جانا ہوگا لیکن اسلام آباد پولیس کے ایک افسر نے گوروں سے کہا کہ وہ ایسا نہیں کرسکتے اور یوں سینیٹر کا بھتیجا گمشدہ افراد کی فہرست میں شامل ہونے سے بال بال بچ گیا۔ مجبوراً گورے اس نوجوان کے بغیر ہی موقع سے چلے گئے۔
معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ اگلے دن اس نوجوان کو ایف ایٹ کے ایک پٹرول پمپ پر انہی گوروں نے دوبارہ گھیر لیا اور اس کی تصاویر بنا کر موقع سے غائب ہوگئے۔ اس قسم کے واقعات آئے دن اسلام آباد میں پیش آ رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس شدید دباؤ میں ہے۔ دہشت گردوں کی کارروائی روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے شہر میں جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں ان ناکوں پر جب عام پاکستانی یہ دیکھتے ہیں کہ ان کی گاڑیوں کی تلاشی تو لی جاتی ہے لیکن کالے شیشوں والی بڑی جیپوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے تو وہ اپنی پولیس پر برسنے لگتے ہیں۔ ایک طرف اسلام آباد میں ایک پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا جاتا ہے اور ایجنسی کا این او سی منسوخ کردیا جاتا ہے لیکن دوسری طرف اسی شہر میں جیپوں پر ہتھیار لیکر گھومنے والے گوروں کو روکنے والا کوئی نہیں۔
کیا اسلام آباد میں غیر ملکیوں کیلئے قانون کی پابندی ختم ہوچکی ہے؟ اگر ہم واشنگٹن یا لندن جا کر وہاں کے قانون کی پابندی کرتے ہیں تو وہاں کے رہنے والے ہمارے ملک میں آ کر پاکستانی قوانین کی پابندی کیوں نہیں کرتے؟ امریکی حکومت بار بار تردید کررہی ہے کہ پاکستان میں بلیک واٹر کا کوئی وجود نہیں لیکن پاکستان کے بچے بچے کو پتہ چل چکا ہے کہ بلیک واٹر کا نام بدل دیا گیا ہے اور اب ایک امریکی پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسی نہیں بلکہ کم از کم تین امریکی پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسیاں پاکستان میں سرگرم ہیں۔ امریکی حکام دراصل پاکستان کو افغانستان سمجھ بیٹھے ہیں۔ امریکیوں کا خیال ہے کہ جس طرح ان کے اہلکار کابل میں اسلحہ کے ساتھ جیپوں میں بلاروک ٹوک گھوم سکتے ہیں اسی طرح اسلام آباد میں گھومنا ان کا حق ہے۔ انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ وہ افغانستان میں اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کی آڑ لیکر داخل ہوئے تھے اور شمالی اتحاد نے انہیں خوش آمدید کہا تھا۔ پاکستان میں امریکی فوج کے داخلے کو جائز ثابت کرنے کے لئے نہ تو اقوام متحدہ کی کوئی قرارداد موجود ہے اور نہ ہی پاکستان میں امریکیوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے کوئی شمالی اتحاد موجود ہے۔ اسلام آباد میں امریکیوں کی مشکوک سرگرمیاں امریکہ کے اپنے مفاد کیلئے خطرات پیدا کررہی ہیں کیونکہ اسلام آباد کے پڑھے لکھے اور معتدل مزاج طبقے میں امریکیوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بے چینی نہ تو امریکہ کے فائدے میں ہے اور نہ ہی نئی جمہوری حکومت کے فائدے میں ہے جس کے گلے میں کیری لوگر بل کا پھندا ڈال دیا گیا ہے۔ سچی بات ہمیشہ کڑوی ہوتی ہے اور سچائی یہ ہے کہ کیری لوگر بل کے باعث پاکستان میں ایک طرف امریکہ کے خلاف منفی جذبات میں مزید اضافہ ہوگا اور دوسری طرف صدر آصف علی زرداری کی ساکھ کو بھی مزید نقصان پہنچے گا۔ اس بل کے تحت پاکستانی سیاست میں فوج کی مداخلت کو روکنے کی کوشش بالکل درست ہے کیونکہ ماضی میں امریکہ نے ہر پاکستانی فوجی ڈکٹیٹر کی حمایت کی لیکن اس بل کے ذریعہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان تک رسائی کی کوششوں کو پاکستان میں پذیرائی نہیں مل سکتی۔ امریکہ نے اس بل کے ذریعہ افغانستان میں اتحادی افواج پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف پاکستان میں کارروائی کا تقاضا کیا ہے لیکن کیا پاکستان نے افغانستان میں بھارت کے ان تربیتی کیمپوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو امریکہ کی ناک کے نیچے چلائے جا رہے ہیں؟ عام پاکستانی یہ سمجھتا ہے کہ امریکہ کی پالیسیاں ان کی سلامتی کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہیں۔ پاکستانیوں کو امریکہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں لیکن امریکہ کی غلامی ننانوے اعشاریہ نو فیصد پاکستانیوں کو کسی قیمت پر قبول نہیں۔ کیری لوگر بل دوستی کی نہیں غلامی کی دستاویز ہے اور پاکستان کی پارلیمینٹ کو یہ دستاویز مسترد کردینی چاہئے۔