بارہویں سالگرہ غیر فعال محفلین کی فعالیت کی یاد میں

رانا

محفلین
اس دھاگے میں کچھ ایسے محفلین کو یاد کرنا مقصود ہے جن سے بڑی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ البتہ جیسے ہم کم فعال رہتے ہیں ایسے ہی ان سے رابطے بھی کم رہے لیکن جتنا بھی ان کو دیکھا ان کا اچھا اور خوشگوار تاثر باقی رہ گیا۔

سب سے پہلے جب ہم نئے نئے یہاں نازل ہوئے تھے تو ایسے ہی محفل کی سالگرہ قریب تھی۔ اور ہم نے ڈرتے ڈرتے ایک دھاگہ محفل کی ایوارڈ تقریب کے حوالے سے کھولا تھا۔ ابتدائی کاوش تھی اس لئے پھسپھسی تھی (اب بھی کوئی زیادہ بہتری تو نہیں ہے لیکن اب کم از کم محفل کا ماحول کافی حد تک جان گئے ہیں ۔) تو اس دھاگے کے لئے کچھ محفلین کو ساتھ ملایا جن میں سے ایک تو عثمان تھے اور دوسرا خوشی۔ یہ سب مراسلت ذاتی پیغامات کے توسط سے ہورہی تھی تاکہ اچانک دھاگہ کھول کر بم گرایا جائے۔ عثمان تو ابھی تک ماشاء اللہ فعال ہیں لیکن خوشی سے پھر دوبارہ محفل میں بعد میں بھی کچھ دھاگوں میں رابطہ رہا لیکن زیادہ تر ان کو غیر فعال ہی دیکھا۔ ہوسکتا ہے وہ آتی رہی ہوں اور ایسے مواقع پر ہم فعال نہ رہے ہوں ۔ بہرحال ان کو محفل پر جو تھوڑا بہت دیکھا تو بہت ملنسار اور پرخلوص پایا۔ ان کے بارے میں زیادہ تو خاکسار جانتا نہیں وجہ وہی اکثر اپنا ہی غیر فعال رہنا۔ لیکن ان کے خوشگوار تاثر کی بنا پر سوچا کہ انہیں اس سالگرہ پر یاد کیا جائے۔ اگر وہ بھی اس سالگرہ پر شامل ہوجائیں تو خوب ہو۔

اس کے بعد ہمارا رابطہ تعبیر سے ہوا۔ یاد نہیں کہ پہلے پہل کس لڑی میں ملاقات ہوئی۔ ان کی ہنس مکھ اور ملنسار طبیعت کی وجہ سے بہت جلد بے تکلفی ہوگئی۔ کچھ ایسا یاد پڑتا ہے کہ ان سے پہلا رابطہ جس دھاگے میں ہوا اس میں بھی عثمان شریک تھے۔ انہوں نے غالبا اپنے کسی سفر کی تصویریں شئیر کی تھیں اور میں نے اور عثمان نے ان پر کچھ بے تکلف دوستانہ تبصرے کئے تھے۔ شائد عثمان کا ہی تبصرہ تھا کہ ایک تصویر میں سے ان کا اپنا عکس بھی نظر آرہا ہے۔ اس دھاگے میں ان سے ہلکی پھلکی نوک جھونک رہی تھی۔ پھر وہ بھی ان دنوں فعال تھیں تو کئی مزید دھاگوں میں بہت اچھی ملاقات ہوتی رہی۔ ہم اکثر انہیں نوے کا ثابت کرنے پر تُلے رہتے اوران کے فرضی نواسے نواسیوں کا ذکر کرکے چھیڑا کرتے۔ لیکن انہوں نے کبھی برا نہیں منایا بلکہ اس طرح انجوائے کیا کہ ہمیں شک ہونے لگتا کہ شائد واقعی نواسوں والی ہیں جو برا نہیں مناتیں۔ ان کی خاص بات کہ ہر کسی سے بہت ہی اپنائیت اور خلوص سے ملتیں کہ ایسا محسوس ہوتا کہ سب سے زیادہ آپ سے دوستی ہے۔ محفلین کی سالگرہ کے دھاگے اتنی اپنائیت سے کھولتی تھیں اور اتنی محنت سے تصاویر اور ایموجیز لگا لگا کر دھاگہ سجاتی تھیں کہ دوسرے محفلین رشک کرنے لگتے تھے کہ کاش ہماری سالگرہ کا دھاگہ بھی انہی کے ہاتھوں سے کھلے۔ بہت ہی ہر دلعزیز محفلین تھیں۔ اب کافی عرصے سے غائب ہیں۔ اگر وہ یہ دھاگا پڑھیں تو گذارش ہے کہ اس سالگرہ پر پھر سے فعال ہوجائیں۔

اس کے بعد ہماری ملاقات ہوئی محفل میں محسن وقار علی سے۔ بہت کھلنڈرے نوجوان محفلین جنکی شخصیت کا تاثر کچھ ایسا تھا کہ شائد انہیں کسی سے ناراض ہونا سکھایا ہی نہیں گیا۔ محفل میں بابائے ٹیگ کہلاتے تھے۔ جب بھی کسی کو کوئی ایسا مراسلہ یا دھاگہ کھولنا ہوتا جس میں تمام فعال محفلین کو ٹیگ کرنا ضروری ہوتا تو اب کون تمام محفلین کی لسٹ ڈھونڈتا پھرے اور انہیں ٹیگ کرنے کی دردسری مول لے۔ بس محسن وقار علی کو ٹیگ کرنا کافی ہوتا تھا کہ بھائی ذرا سب کو ٹیگ تو کردو۔ اور پھر انہوں نے اپنا تیار جادو منتر نکالنا اور اگلے ہی لمحے سب محفلین ٹیگ۔ محسن وقار علی کے کھولے ہوئے دھاگے اکثر معلوماتی ہوتے تھے۔ کبھی پھڈے باز قسم کے دھاگوں میں یہ نہیں دیکھے گئے۔ دوسروں کے کام آنے کی عادت تو ایسی تھی کہ آپ کو کہنا بھی نہیں پڑتا تھا اور آپ کا کام ہوجاتا تھا۔ ایک بار ہم نے کسی دھاگے میں سرسری سا ذکر کیا کہ ہمیں ایم اے راحت کی صدیوں کا بیٹا بہت پسند ہے لیکن اس کا دوسرا حصہ نہیں مل سکا۔ ہم تو یہ سرسری سا ذکر کرکے بھول گئے اور چند گھنٹوں بعد ذاتی پیغام میں محسن وقار علی صدیوں کا بیٹا کے دوسرے حصے کے ساتھ موجود تھے۔ یہ محفل سے عارضی رخصت لے کر گئے تھے لیکن پتہ نہیں کہاں رہ گئے کہ رخصت ختم ہونے میں ہی نہیں آرہی ۔ محسن میاں کچھ اپنا اتا پتا ہی بتادو کہ کیا ہورہا ہے آجکل۔

ایک اور محفلین جن کی موجودگی میں بڑی رونق رہا کرتی تھی وہ تھے عسکری۔ ان کا اصل نام تو پتہ نہیں کیا تھا لیکن آئے دن انتظامیہ سے کہہ کر اپنی آئی ڈی تبدیل کرواتے رہتے تھے۔ پھر ساجد بھائی نے انکا نام عسکری تجویز کیا اور وارننگ دی کہ اب آخری بار تبدیل ہوگا اس کے بعد نہیں۔ انہوں نے بھی اس نام کو قبول کرلیا کہ ان کی فیلڈ سے متعلق تھا۔ یہ پاکستان نیوی میں ہوتے تھے اور فوجی معاملات پر گہری نظر ہوتی تھی۔ ہتھیاروں کے بارے میں بھی ان کی معلومات قابل رشک تھی کہ بہرحال ان کی فیلڈ تھی۔ فوج کے خلاف کہیں کوئی الٹا سیدھا اسٹیٹمنٹ کسی نے دیا نہیں اور انہوں نے اس کی کلاس لی نہیں۔ ایک بار کسی نے کوئی ایسی بات کردی شائد عربی کا کچھ تذکرہ تھا تو انہوں نے اپنے عربی میں لکھے گئے آرٹیکلز کی ایک لمبی لائن شئیر کردی جو عرب سائیٹس وغیرہ پر انہوں نے لکھے تھے۔ اس سے ہمیں اندازہ ہوا کہ عربی بول چال پر بھی عبور حاصل ہے۔ بہت ہی کھلے اور بولڈ کمنٹس کرتے تھے۔ یہ اچانک ہی معطل ہوگئے تھے ۔ ہم ان دنوں غیر فعال تھے اس لئے آج تک ان کی معطلی کی وجوہات سے ہنوز لاعلم ہیں۔ لیکن اندازہ ہے کہ اپنے بولڈ کمنٹس کی وجہ سے زیر عتاب آگئے ہوں گے۔ جس دور میں یہ معطل ہوئے اس دور میں عموما مستقل معطلی کا رواج تھا عارضی معطلی شائد بعد میں شروع ہوئی ہے۔ بہرحال ہم ان کی معطلی کی وجہ تو نہیں جانتے اس لئے انتظامیہ سے بس گذارش ہی کرسکتے ہیں کہ اگر ان کی معطلی کی وجوہات سنگین نہیں اور ختم ہوسکتی ہے تو اس پر غور کیا جائے۔

اور اب آخر میں جس محفلین کا تذکرہ ہے ان کے پرخلوص اور بے ساختہ مراسلوں نے بہت اچھا اور خوشگوار تاثر چھوڑا ہے۔ یہ ہیں عینی شاہ۔حالانکہ ان سے بھی کم دھاگوں میں ملاقات رہی کہ کچھ تو عینی شاہ بھی کم عرصہ فعال رہیں اور اس سے کہیں زیادہ عرصہ ہم غیر فعال رہے۔ لیکن جتنی بھی رہی بہت ہی خوشگوار تاثر ابھی تک دل پر ہے۔ اتنے بےساختہ ان کے جملے ہوتے تھے اور ایسے زندگی سے بھرپور کہ بس لطف آجائے۔ یہ بھی اچانک ہی محفل پر آئیں اور چھا گئیں۔ لیکن پھر کچھ عرصے بعد غیر فعال ہوگئیں۔ ان کی وجہ سے بھی محفل پر بہت رونق رہتی تھی۔ جس دھاگے میں یہ اینٹری دے دیں پھر وہاں پھلجڑیاں ہی چھوٹتی تھیں۔ اتنی بے ساختگی اور شگفتگی سے بھرپور جملے کہنے والے بہت کم ہی نظر سے گذرے ہیں۔عینی شاہ شائد اپنی پڑھائی کی وجہ سے مصروف ہوگئی ہیں ۔ اگر ایسا ہے تو ہم ان کے پڑھائی میں نمایاں کامیابیوں کے لئے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں ہر میدان میں کامیابیاں عطاکرے۔ کبھی کبھی محفل کا چکر لگاتی رہیں تو خوب ہو۔

ان کے علاوہ بھی کئی فعال محفلین ہیں جن کے نام اس وقت ذہن میں نہیں۔ لیکن دیگر محفلین بھی ایسے محفلین کا تذکرہ کرسکتے ہیں۔
 

عثمان

محفلین
بہت خوب!
مجھے یاد ہے کہ میرا محفل پر پہلا تبصرہ بھی آپ کے کسی تبصرے کے جواب میں تھا۔ :)
تعبیر بہت خوش مزاج محفلین ہیں۔ غالباً ڈبلن، آئر لینڈ میں کہیں مقیم ہیں۔
@عسکری، غالباً نام کے عسکری تھے۔ فوج سے ان کا براہ راست تعلق نہیں تھا۔ مشرق وسطیٰ میں کہیں مقیم ہیں۔
عینی شاہ کبھی بہت فعال تھیں۔ غالبا سال بھر میں ہی ہزاروں تبصرے کر لیے تھے۔ اب کافی عرصہ سے محفل میں ان کا آنا جانا کم ہے۔
 

رانا

محفلین
بہت خوب!
مجھے یاد ہے کہ میرا محفل پر پہلا تبصرہ بھی آپ کے کسی تبصرے کے جواب میں تھا۔ :)
ہاہاہا۔ بالکل درست۔ :)

بہت خوب!
تعبیر بہت خوش مزاج محفلین ہیں۔ غالباً ڈبلن، آئر لینڈ میں کہیں مقیم ہیں۔
ہاں اور غالبا وہیں کے کسی وزٹ کی تصاویر انہوں نے شئیر کی تھیں۔

بہت خوب!
@عسکری، غالباً نام کے عسکری تھے۔ فوج سے ان کا براہ راست تعلق نہیں تھا۔ مشرق وسطیٰ میں کہیں مقیم ہیں۔
یہ میرے لئے نئی معلومات ہے۔ انہوں نے تو اپنی تصویر کسی شپ کے ساتھ بھی شئیر کی تھی اور ان کے مراسلوں سے مجھ پر کچھ ایسا تاثر تھا کہ شائد باقاعدہ نیوی میں ہوتے ہیں۔
 

عثمان

محفلین
یہ میرے لئے نئی معلومات ہے۔ انہوں نے تو اپنی تصویر کسی شپ کے ساتھ بھی شئیر کی تھی اور ان کے مراسلوں سے مجھ پر کچھ ایسا تاثر تھا کہ شائد باقاعدہ نیوی میں ہوتے ہیں۔
سعودی عرب میں ہوتے ہیں غالبا۔
رہا سوال عسکری موضوعات پر تفصیل کا تو غالبا نیٹ سے حاصل کردہ معلومات تھیں۔ ورنہ ان معلومات میں ذاتی تجربہ کا عنصر محسوس نہ ہوتا تھا۔
بہرحال اندازہ ہی لگا رہا ہوں۔
 

رانا

محفلین
بابا جی کا نام بھی شامل کریں غیر فعال اراکین میں
کیسے کریں۔ آپ کے لئے بطور خاص چھوڑا تھا۔:):)
ان کے علاوہ بھی کئی فعال محفلین ہیں جن کے نام اس وقت ذہن میں نہیں۔ لیکن دیگر محفلین (ہادیہ وغیرہ)بھی ایسے محفلین کا تذکرہ کرسکتے ہیں۔
 

ہادیہ

محفلین
لسٹ تو آپ بنا رہے ہیں نا۔ میں نے تو نام یاد کروایا۔ جب یہ محفل میں رکنیت اختیار کی تھی تب انہیں دیکھا تھا یہاں ۔ اور بھی محفلین یقیناً ہونگے۔
 

رانا

محفلین
لسٹ تو آپ بنا رہے ہیں نا۔ میں نے تو نام یاد کروایا۔ جب یہ محفل میں رکنیت اختیار کی تھی تب انہیں دیکھا تھا یہاں ۔ اور بھی محفلین یقیناً ہونگے۔
بجا فرمایا لیکن میں تمام غیر فعال محفلین کی لسٹ نہیں بنا رہا تھا اور بنا بھی نہیں سکتا تھا کہ بہت سے اچھے خاصے پرانے اور بانی قسم کے فعال ممبران ہیں جو اب غیر فعال ہیں مثلا ماؤرا۔ اس لئے صرف ان کا ذکر کیا جن سے براہ راست بے تکلفانہ سا تعلق رہا تھا۔ بابا جی سے بھی بہت زیادہ واسطہ تو نہیں رہا لیکن جتنا بھی رہا بہت اچھا تھا۔ ایک تو ان کا پہلا دھاگہ جہاں ان سے واقفیت ہوئی تھی وہ کچھ انہونے واقعات پر مبنی دھاگا تھا جو بابا جی نے کھولا تھا۔ اور کافی مقبول ہوا تھا۔ اچھے خاصے صفحات ہوگئے تھے اس دھاگے کے۔ اس کے علاوہ کسی تفریحی دھاگے میں شائد ہی کبھی رابطہ رہا ہو۔ لیکن ان کی تحریریں بہرحال نظر سے گزرتی تھیں اپنے وقت میں بہت فعال ممبران میں شامل تھے اور بہت اچھے مراسلے ہوتے تھے۔
غیر فعال محفلین تو اور بھی ہیں لیکن جو فوری طور پر ذہن میں آگئے ان کا ذکر کردیا ہے۔ امید ہے کہ دیگر ممبران بھی اس طرز پر مزید دھاگے کھولیں گے کیونکہ ہر ممبر کی یاداشت میں ایسے بہت سے اپنے وقت کے فعال محفلین ہوں گے۔
 

محمد امین

لائبریرین
ہم نے دو ہفتے قبل ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور ان کی دستخط شدہ کتاب بھی وصول کی۔ :) :) :)

کوئی چیز تصویر ہوتی ہے۔۔۔ شاید کبھی کبھی موبائل فون سے بھی لے لی جاتی ہے۔۔۔ (کتاب کی)

اگر کہیں شیئر کی ہو تو مجھے علم نہیں :p
 
مدیر کی آخری تدوین:
کوئی چیز تصویر ہوتی ہے۔۔۔ شاید کبھی کبھی موبائل فون سے بھی لے لی جاتی ہے۔۔۔ (کتاب کی)

اگر کہیں شیئر کی ہو تو مجھے علم نہیں :p
خوشی اپیا کی کتاب تو اردو ویب کے زیر انتظام بزم اردو کی چاچو کی مرتب کردہ لائبریری میں کاغذ پہ دھری آنکھیں کے عنوان کے تحت دستیاب ہے۔ رہی بات تصاویر کی، تو ہم نے یقیناً اپنے فون کے کیمرے کا بر وقت استعمال کیا تھا لہٰذا، صاحبہ کتاب سمیت کتاب کی تصاویر موجود ہیں، پر ہم وہ آپ کو کیوں دکھائیں؟ آپ نے ہماری قلم کی نب توڑی تھی اور اس روز ہماری چاکلیٹ چھین کر بھی بھاگ گئے تھے بچو جی! :) :) :)
 

محمد امین

لائبریرین
خوشی اپیا کی کتاب تو اردو ویب کے زیر انتظام بزم اردو کی چاچو کی مرتب کردہ لائبریری میں کاغذ پہ دھری آنکھیں کے عنوان کے تحت دستیاب ہے۔ رہی بات تصاویر کی، تو ہم نے یقیناً اپنے فون کے کیمرے کا بر وقت استعمال کیا تھا لہٰذا، صاحبہ کتاب سمیت کتاب کی تصاویر موجود ہیں، پر ہم وہ آپ کو کیوں دکھائیں؟ آپ نے ہماری قلم کی نب توڑی تھی اور اس روز ہماری چاکلیٹ چھین کر بھی بھاگ گئے تھے بچو جی! :) :) :)
:roll::daydreaming::idontknow::noxxx:
 

ظفری

لائبریرین
یوں تو بہت سے پرانے اراکین ہیں ۔ جو کافی عرصہ سے فعال نہیں ہیں ۔ مگر جو شخصیت محفل پر ہمہ تن موجود رہتی تھی ۔ جن کی دلنوازی ہر کسی کے لیئے یکساں تھی اور ہر کوئی ان کی گفتگو سے لطف اندوز ہوتا تھا ۔ وہ شخصیت شمشاد بھائی کی تھی ۔ میں اب بھی جب محفل پر آتا ہوں تو پہلے یہی دیکھتا ہوں کہ شاید آج انہوں نے کوئی مراسلہ تو ارسال نہیں کیا ۔ پتا نہیں کیا ہوا ۔ بہرحال وہ یاد بہت آتے ہیں ۔ جہاں بھی ہیں اللہ ان کو خوش رکھے ۔ آمین ۔
 
محفل میں کم آنے والے یا بوجوہ کنارہ کشی اختیار کرنے والے جن محفلین کو ہم بہت زیادہ مس کرتے ہیں ان میں جیہ بٹیا، شمشاد بھائی اور آفاقی بھائی شامل ہیں۔

جیہ بٹیا تو شاید کسی محفلین کی رائے دیکھ کر ناراض ہوگئیں جبکہ وہ یا کوئی بھی رائے محفل پر پیش کیے جانے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ وہی محفل کے منتظمین کا نظریہ ہے۔

شمشاد بھائی کا ہمیں پتہ ہی نہ چلا کہ کس بات پر ناراض ہوئے۔
 
Top