فقیری فالنامہ

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
آپ نےزندگی میں کئی فالنامے دیکھے اور شاید آزمائے بھی ہونگے، ہم آپ کے حالات اس فالنامے میں بتاتے ہیں ۔ آپ ان اشاروں کو ملا کر اپنے اصل حالات کا جائزہ لیں اور آنے والے بہتر مستقبل کی طرف پہلا قدم بڑھائیں۔ فالنامہ پڑھنے کیلئے اپنی آنکھیں بند کر لیں یا صرف ایک آنکھ ہی بند کرلیں کیونکہ دونوں آنکھیں بند ہونے کی صورت میں آپ فالنامے کی حدود کراس بھی کر سکتے ہیں ۔ اپنی آنکھ بند کر کے اپنے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فال سے پہلے لکھے ہوئے ہندسوں پر پھیریں اور جہاں آپ کا جی چاہے ، وہیں انگوٹھا روک کر انگوٹھے کے نیچے آئے ہوئے نمبر کی فال پڑھ لیں اور اپنی زندگی کی پریشانیوں کا سبب معلوم کریں ۔

آئیے اب بڑھتے ہیں فالنامے کی طرف
falk.png
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
فال نمبر 1:۔یہ فال پڑھنے والےذرا مسکرا کے پڑھیں ۔۔۔۔یہ فال تمہارے حق میں منحوس ہے ۔ کیا تمہیں کوئی اور کام نہ ملا جو اپنے سارے کام چھوڑ کر اس فضول کام میں پڑ گئے ؟
اے بندہ ناداں!! یہ زندگی دو چار دن کی ہے ، اسے کھیل کود کر گزارو،۔ چونکہ یہ فال تمہارے حق میں منحوس ہے اس لیے تم پر لازم ہےکہ (چار عدد ٹویوٹا گاڑیاں بمع پٹرول کا) صدقہ دو، تاکہ تمہارے سر سے بلائیں ٹل جائیں



فال نمبر 2:۔ یہ فال بتاتی ہے کہ تمہارے چاند ستارے آج کل گردش میں ہیں جبھی تو تمہاری انگلی دو نمبر پر پڑی ہےتمہیں چاہیے کہ جب کھانا کھانے لگو تو باہر سے کسی فقیر کو بلا لیا کرو اور وہ جب آ جائے تو اسے واپس بھیج دیا کرو اور پھر کھانا شروع کیا کرو ، کیونکہ اس دوران تمہارا کھاناذرا ٹھنڈا ہو جائے گا اور اسے آرام سے کھا لیا کرو گے۔ تمہارا صدقہ یہ ہے کہ اپنے سر سے دو ہاتھی وار کر نہر میں پھینک دو ، بلائیں ٹل جائیں گی



فال نمبر 3:۔ اگر سفر کرنا ہے تو ملتان تک کا سفر مناسب رہے گا ۔ اگر اولاد کی خواہش ہے تو جلد شادی ہو جائے گی۔ دل کی کوئی نا مراد خواہش جلد پوری ہوگی ۔ اگر صاحبِ فال بے چین ہیں اور ان کا وقت کاٹے نہیں کٹتا تو تین عدد کجھوروں کی گٹھلیاں لے کر کسی بہتی ہوئی نہر میں پھینک دیں اور انہیں پھینکنے کے بعد انہیں ڈھونڈھنا شروع کر دیں ۔ انشاء اللہ جب تک وہ ملیں گی تب تک وقت کٹ جائے گا اور باقی زندگی سکون سے پانی میں گزرے گی۔ اس فال کا صدقہ کوئی نہیں ہے۔



فال نمبر 4:۔ تین ماہ سے تمہارا دل بے قرار ہے، شاید کسی کے عشق میں گرفتار ہے جلد تمہاری شادی ہوگی۔ اگر ہو چکی ہے تو دوبارہ پھر ہوگی۔ اس لیے صاحبِ فال کو چاہیےکہ جلد از جلد بینک میں ڈاکہ ڈال کر اپنی شادی کی تیاریاں شروع کر دے اور بارات جیل خانے سے روانہ کرنےکے انتظام بھی کرلےکیونکہ جیسے ہی ڈاکہ مارو گے پکڑے جاؤ گےاس لیے بہتر ہے کہ ایک بار پھر فال نکال لیں ، شاید اس بار انگلی کسی اچھے نمبر پر پڑ جائے۔ اس فال میں بھی صدقہ نہیں ہے۔



فال نمبر 5:۔سفر کا ارداہ ہے تو ہرگزپورا نہ ہوگا کیونکہ اس دن پہیہ جام ہڑتال ہوگی اگر بالفرض نہ بھی ہوگی تو تمہارے منحوس قدم جہاں پڑیں گے، وہاں کوئی نہ کوئی پہیہ ضرور جام ہو جاوے گا، اگر بچی کی خواہس ہے تو بچی پیدا ہوگی، اگر بچے کی خواہش ہے تو بچہ پیدا ہوگا، لیکن یہ تبھی ممکن ہے کہ صاحبِ فال شادی کرلیں ۔ آج کے دن کسی محفل (اردو محفل اس سے مستثنیٰ ہے) میں شرکت کرنا باعثِ بے عزتی ہوگاکیونکہ اچانک کوئی پرانا قرض خواہ بھی مل سکتا ہے ۔ صاحبِ فال ایک شامی برگر کا صدقہ دیں۔



فال نمبر 6:۔ یہ صاحبِ فال فوراً اٹھیں اور ایک ملٹی کلر بکرے کا صدقہ دے کر آئیں پھر تمہارے بارے میں بتایا جائے گا۔ ہاں ، تو پھر دے آئے صدقہ ؟؟ تو پھر شکر کریں یہ فال نہایت خطرناک تھی، اگر صدقہ نہ دیتے تو۔ چونکہاب تیرے صدقہ دینے سے بلا ٹل چکی ہے اس لیے پریشانی کی کوئی بات نہیں ، جا کر اپنی گلی کے گٹر کھولیں وہ پھر بند ہو چکے ہیں اور محلے والے بہت تنگ ہیں۔



فال نمبر 7:۔ اگر تم لیڈر ہو تو تمہاری تقریر پر اگلے دن کی ہانڈی کا مصالحہ بن جائے گااور تقریر کرتے وقت تمہیں چاہیےکہ کوئی خالی تھیلہ اپنے پاس رکھوتاکہ سار مصالحہ اس میں اکٹھا کر سکو۔ اگر ارادہ نئے کاروبار شروع کرنے کا ہےتو پورا ہوگا ۔ یعنی کہ پرانا کاروبار ختم کر کےنیا کاروبار شروع کر و۔ تمہاری بے عزتی کے دن بہت نزدیک ہیں ۔ اور یہ بلا تب ہی ٹل سکتی ہے کہ اگر تم کالی گھوڑی کا صدقہ دو ، اگر گھوڑی نہ ملی تو تمہاری خیر نہیں۔



فال نمبر 8:۔اے دنیا کے دھندے اور شور و غل سے گھبرائے ہوئے نادان آدمی!! تمہاری دل کی مراد اچانک پوری ہوگی۔ کثرت سے نور جہاں کے گانے سنا کرواور منصور ملنگی سن کر روح کی زکوٰۃ بھی نکال دیا کرو۔ اگر روزگار کی تنگی ہے تو وہ اللہ ہی دے گاتم یوں کرو کہ ایک چنگ چی رکشہ لے کر موٹر سائیکل کی جگہ کوئی اعلیٰ نسل کا گھوڑا جوت لو اور فیصل آباد کی طرف نکل جاؤوہاں ناعمہ عزیز اور اس کی میڈمات کو کوئی سواری نہیں مل رہی ۔ واضح رہے کہ گھوڑا صرف عربی نسل کا ہو کیونکہ دیسی نسل کا گھوڑا اتنی موٹی سواریاں ہر گز نہ کھینچ سکے گا۔ شاباش اٹھو اور ہمت کرو۔ ہمتِ مرداں مددِ خدا



فال نمبر 9:۔اے صاحبِ فال ! یہ فال بتاتی ہےکہ تم رات کو سکون سے نہیں سوتے، دن کو بچے اور بڑے تمہارا مذاق اڑاتے ہیں اور تم ہر وقت بے چین رہتے ہو ۔ ان پریشانیوں سے بچنے کیلئے ضروری ہےکہ تم اپنے گھر میں پالے ہوئےسب جانور بیچ دو تاکہ نہ وہ شور کریں اور نہ تمہاری نیند حرام ہو اور بے چینی کا حل یہ ہے کہ اپنی سائیکل میں نئی چین ڈلواؤپھر تم بے چین نہیں رہو گے، اس فال کا صدقہ یہ ہے کہ جس سائیکل کی نئی چین چوری کی ہے وہ بیچ کر پیسے غریبوں میں بانٹ دو۔



فال نمبر 10:۔اگر فال امتحان کیلئے دیکھی ہے تو فیل ہو گے۔ ارے نادان ! سارا سال تم کرکٹ کھلتے رہےاور اب تم یہ سمجھتے ہو کہ صرف فال دیکھنے سے پاس ہو جاؤ گے؟ ۔ جا بچہ ، جا کر سپلیمنٹری متحان کی تیاری کرو ۔ اس فال کا فی الوقت کوئی صدقہ نہیں ہے، بالفرض اگر تم پاس ہوگئے(جس کی قطعاً کوئی امید نہیں)تو ایک گیند بلا لے کر دریا ئے ستلج میں پھینک دینا۔



فال نمبر 11:۔ اے صاحبِ فال مبارک ہو ۔ عنقریب وہ دن آئے گا جب ہر کوئی تمہارے آگے پیچھے پھرا کرے گا اور لوگ تمہیں ہر وقت پکارتے رہیں گےاور تم ان کی آواز ہی نہ سنا کرو گے، کیونکہ تم بہرے ہو جاؤ گے۔ تم پر ہر طرح کی آفتیں نازل ہونگی اور یہ سب کچھ تمہارا محلے کی کسی لڑکی سے عشق کرنے کا نتیجہ ہوگا۔
اے مردِ نادان ! خدا سے ڈرو اور اپنے ذہن میں عشق کرنے کا خیال تک نہ لانا، شاید اس طرح یہ بلا ٹل جائے۔ اس فال کا صدقہ حسبِ توفیق ہے، یعنی کہ دل چاہے تو دے دو،دل نہ چاہے تو نہ دو۔



فال نمبر 12:۔آج کل تمہارے ستارے گردش میں ہیں جبھی تم ہر وقت گھومتے رہتے ہو۔ خیر کوئی بات نہیں ، کل تک تمہارے ستارےایک جگہ ٹھہر جائیں گے، یعنی جام ہو جائیں گے، پھر تمہارے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ بس فرید گیٹ پر جاؤ ، وہاں چاول چھولےکی ریڑھی والےکو ملازم لڑکے کی ضرورت ہےوہاں جا کر اپلائی کرو تمہارا کام بن جائے گا ۔ اور جب کام بن جائے تو کام کے پہلے ہی دن کسی بھوکےکو کھانا کھلا دینا ، صدقہ نکل جائے گا۔

نوٹ:۔غیب کا تمام علم صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ یہ فالنامہ صرف تفریح کی خاطر لکھا گیا ہے
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
یار دو بار کوشش کر چکا ہوں مگر یہی کچھ سامنے آ رہا ہے

اس کیلئے ہم حاضر کرتے ہیں شہشاہِ غزالاں مغزل بھائی کو
مدد کن ، یا حبیبی ، مدد کن
 

الف عین

لائبریرین
تصویر کہاں اپ لوڈ کی گئی ہے؟ فوٹو بکیٹ، ٹائنی پک وغیرہ اور پکاسا وغیرہ سپورٹیڈ ہیں یہاں۔
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
میں نے تو فیس بک کا سہارا لیا تھا
مگر بقولِ اقبال
شاخِ نازک پہ بنا آشیانہ ناپائدار نکلا
ان میں سے کسی ایک کا لنک عطا ہو
تاکہ
 

شمشاد

لائبریرین
فال نمبر 13:۔ اگر یہ نمبر آ جائے تو محلے سے 12 لڑکے اور اکٹھے کر کے کل ملا کر 13 ہو جاؤ اور معلوم کرو کہ چھوٹا غالب نامی فالنامی طوطا کہاں رہتا ہے۔ پھر گیارہ لڑکے تو فیلڈنگ کریں اور دو عدد چھوٹے غالب کو کرکٹ کی گیند سمجھ لیں۔ کسی ایک کے آؤٹ ہونے کی صورت میں وہ فیلڈنگ میں چلا جائے اور اس کی جگہ لینے کے لیے ایک فیلڈر آ جائے۔ اور اس وقت تک چوکے چھکے لگنے چاہییں جبتک سب کی باری نہیں آ جاتی۔
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
فال نمبر 13:۔ اگر یہ نمبر آ جائے تو محلے سے 12 لڑکے اور اکٹھے کر کے کل ملا کر 13 ہو جاؤ اور معلوم کرو کہ چھوٹا غالب نامی فالنامی طوطا کہاں رہتا ہے۔ پھر گیارہ لڑکے تو فیلڈنگ کریں اور دو عدد چھوٹے غالب کو کرکٹ کی گیند سمجھ لیں۔ کسی ایک کے آؤٹ ہونے کی صورت میں وہ فیلڈنگ میں چلا جائے اور اس کی جگہ لینے کے لیے ایک فیلڈر آ جائے۔ اور اس وقت تک چوکے چھکے لگنے چاہییں جبتک سب کی باری نہیں آ جاتی۔
مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے:)
 

شمشاد

لائبریرین
ہم نہ کسی کے ماتحت کام کرتے ہیں اور نہ ہی اپنا کوئی ماتحت رکھتے ہیں۔
 

الف عین

لائبریرین
چھوٹے میاں، شمشاد کی بیل تو چڑھنے والی نہیں، فکر مت کرو، 12 سے زیادہ کی زائچے میں گنجائش ہی کہاں ہے؟
 
Top