تاسف قرآن پاک کی تلاوت اور صبر

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
آپ سب جانتے ہیں کل میرے بیٹے کی وفات ہوئی ہے جو کہ ایک دن کی عمر کے ساتھ ہی فوت ہوگیا ہے۔ یہ صدمہ ہر کسی کے لیے بہت مشکل ہوتا ہےلیکن مجھ پر اللہ کا کرم ہوا ۔ جس وقت مجھے یہ خبر ملی تو ایک دم سے آنکھوں کے آگےاندھرا چھا گیا اور ایسا لگے کہ ہر طرف خاموشی چھا گئی ہے اور کچھ بھی نظر نہیں‌آ رہا پتہ نہیں کتنی دیر تک ایسی حالت میں رہا۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد اللہ تعالیٰ نے کرم فرمایا اور میں نے یہی سوچا جو اللہ کی مرضی۔ نجانے کہاں سے خیال آیا کہ قرآن کی تلاوت سنتا ہوں۔ میں نے یوٹیوپ پر اردو ترجمہ کے ساتھ سورۃ یٰسین، سورۃ یوسف اور سورۃ کہف کی تلاوت سنی تو خود بخود میرے اندر ایک حوصلہ پیدا ہوگیا۔ اور میں نے بڑے اطمنان کے ساتھ گھر والوں سے بات کی اور ان کو حوصلہ دیا بیگم سے بھی بات کی اور اس کو بھی تلاوت سننے کا کہا اللہ تعالیٰ کے کلام میں بہت برکت ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سمجھے کی توفیق عطا فرمائے آمین
میں آپ کو بھی مشورہ دوں گا کسی بھی مشکل وقت میں اللہ تعالیٰ کے کلام کی تلاوت کریں یا سننے اللہ سب بہتر کرے گا انشاءاللہ

آپ سب کی طرف سے بھی مجھے بہت ہمدردی اور حوصلہ ملا جس کی وجہ سے میں پردیس میں ہوتے ہوئے بھی اس صدمہ کے بعد بھی ہوش و حواس میں ہوں اور اللہ کی مرضی کے آگے صبر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں میں اللہ کے اس فیصلہ سے مطمن ہوں۔ یقینا اللہ تعالیٰ اس بچے کو ہمارے لیے آخرت میں نجات کا سبب بنائے گا انشاءاللہ
 

شمشاد

لائبریرین
گو کہ تلاوت سُننا اور توجہ سے سُننا بھی اچھی بات ہے لیکن کوشش کریں کہ وقت نکال کر خود سے تلاوت کریں اور نہ صرف تلاوت کریں بلکہ اس کو سمجھ کر پڑھیں۔

ھضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کا فرمان ہے کہ جب میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالٰی سے باتیں کروں تو میں نماز پڑھتا ہوں اور جب میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالٰی مجھ سے باتیں کرے تو میں قرآن پڑھتا ہوں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
خرم، آپ کو پیش آنے والے سانحے سے مجھے بھی شدید صدمہ ہوا ہے۔ تمام حاضرین محفل سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ آپ کے بیٹے کی مغفرت کے لیے دعا کریں اور اللہ تعالی سے یہ بھی دعا کریں کہ وہ آپ کو صبر عطا فرمائے۔ اپنی اولاد کے وفات پا جانے پر صبر کی اللہ کے نزدیک بہت قدرہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے جلیل القدر صحابی حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کے بیٹے کی وفات پر انہیں ایک خط لکھوا کر بھیجا تھا جسے میں ذیل میں نقل کر رہا ہوں۔

از محمد الرسول اللہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معاذ بن جبل کے نام
سلامٌ علیکَ

میں تمہاری طرف اللہ کی تعریف بیان کرتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ حمد کے بعد،
سمجھ لو کہ اللہ تمہیں بڑا اجر عطا فرمائے اور تمہارے دل میں صبر ڈالے اور ہمیں اور تمہیں شکر کی نعمت سے نوازے اور اس میں شک نہیں کہ ہمارے جان اور مال اور اہل و عیال و اولاد سب اللہ تعالی کے مبارک عطایا ہیں اور یہ چیزیں ہم کو مانگے کے طور پر دی گئی ہیں جو ہمارے پاس اللہ کی امانتیں ہیں۔ اللہ وقت مقررہ تک ان چیزوں کے ذریعہ نفع دیتا ہے اور ایک وقت معلوم پر اٹھا لیتا ہے، اس کے بعد یوں سمجھو کہ جب وہ کوئی چیز عطا فرمائے تو اس پر اس کا شکر ضروری قرار دیا ہے اور جب کوئی چیز لے کر آزمائش میں ڈالے تو اس پر صبر لازم کیا ہے۔ تمہارا بیٹا اللہ کا عطیہ تھا اور اس کی ایک چیز تھی جو مانگے کے طور پر بطور امانت دی گئی تھی۔ اللہ نے اس کے ذریعے تمہیں قابل رشک بنایا اور خوشی میں رکھا۔ اور پھر بڑے اجر کے بدلے اس نے تم سے لے لیا۔ یہ بڑا اجر صلوٰۃ اور رحمت اور ہدایت ہے۔ اگر تم ثواب کی پختہ امید رکھو تو صبر کرو اور تمہاری بے صبری تمہارے ثواب کو ختم نہ کر دے پھر تم پشیمان ہو اور یہ بات جان لو کہ بے صبری سے کوئی چیز واپس نہیں ہوتی اور بے صبری کسی غم کو دور نہیں کر سکتی اور جو کچھ ہونے والا ہے وہ عنقریب ہو کر رہے گا۔
والسلام


بالا کی عبارت ایک دعاؤں کی کتاب حصن حصین سے نقل کی گئی ہے۔
 

سویدا

محفلین
اللہ آپ کے اس صبر جمیل پر آپ کو اجر جمیل سے نوازے
اور آپ کو جمیل نعم البدل عطا فرمائے
اور اس معصوم کو آپ اور آپ کی اہلیہ محترمہ کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے
آمین
 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم
بھائی اللہ پاک آپ کو صبر جمیل عطاء فرمائیں اور اس بچے کو اپ کا ذریعہ مغفرت بنائیں
باقی اپ نے دو تین دن غم میں گذاریں ہونگے وہ بھی گزر گئے اور راحت میں زندگی گزاری ہوگی وہ بھی گزر گئے لیکن بطور مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ آخرت کی زندگی نہ ختم ہونے والی ہے ہمیں اس کی تیاری کر لینی چاہیے کبھی کبھی میں اپنے دل میں سوچتا ہوں یار یہ دنیا کی زندگی تو 50 ، 70 ، 100 ، 200 سال ہوگی ، لیکن آخرت ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی اس دنیا سے رحلت کرتے ہوئے کتنا عرصہ ہوگیا ۔۔ 1400 سال سے زیادہ لمبی زندگی کونسی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ زندگی تو بغیر مکان ، کار ، بجلی اور پیسے کی بھی گزر جائے گی مگر وہ ؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟
 

یوسف-2

محفلین
خرم برادر!
اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی اہلیہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔ آپ یہ سوچ کر بھی صبر کریں کی آپ کی ایک اولاد جنت میں پہنچ گئی، جو اللہ کے حضور اپنے والدین کو بھی جنت میں داخل کرنے کی دعا کرے گی ان شا ءاللہ تعالیٰ
 

محمد وارث

لائبریرین
اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی اہلیہ کو بالخصوص یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائیں۔
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top