::: قران فہمی کے لیے سنت کا ساتھ لازم ہے :::

بِسّمِ اللہ الرّ حمٰنِ الرَّحیم​

اِن اَلحَمدَ لِلِّہِ نَحمَدہ، وَ نَستَعِینہ، وَ نَستَغفِرہ، وَ نَعَوذ بَاللَّہِ مِن شرورِ أنفسِنَا وَ مِن سِیَّأاتِ أعمَالِنَا ، مَن یَھدِ ہ اللَّہ فَلا مضِلَّ لَہ وَ مَن یضلِل ؛ فَلا ھَاديَ لَہ ، وَ أشھَد أنَّ لا إِلٰہَ إِلَّا اللَّہ وَحدَہ لا شَرِیکَ لَہ ، وَ أشھَد أنَّ مُحمَداً عَبدہ، وَ رَسو لہ، :::بے شک خالص تعریف اللہ کے لئیے ہے ، ہم اُس کی ہی تعریف کرتے ہیں اور اُس سے ہی مدد طلب کرتے ہیں اور اُس سے ہی مغفرت طلب کرتے ہیں اور اللہ کی پناہ طلب کرتے ہیں اپنی جانوں کی بُرائی سے اور اپنے گندے کاموں سے ،جِسے اللہ ہدایت دیتا ہے اُسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا ، اور جِسے اللہ گُمراہ کرتا ہے اُسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں ، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ بے شک اللہ کے عِلاوہ کوئی سچا معبود نہیں اور وہ اکیلا ہے اُس کا کوئی شریک نہیں ، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ بے شک محمد (صلی اللہ ولیہ و علی آلہ وسلم )اللہ کے بندے اور اُس کے رسول ہیں ::: اور اس کے بعد ، کہتا ہوں کہ :::
::::::: قُران کو اللہ کے مطلوب و مقصود کے مطابق سمجھنے کے لیے سنّت کے ذریعے سمجھنا لازمی ہے :::::::
کچھ عرصہ پہلے ایک مختصر سا مراسلہ بعنوان ''' صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے فہم کی حجیت ''' ارسال کیا تھا ، یہ رواں مضمون پڑھنے سے پہلے ان شاء اللہ بہت بہتر ہوگا کہ اُس مراسلے کا مطالعہ کر لیا جائے ،
اللہ سبحانہ و تعالی نے خود اس بات کا اعلان فرمایا ہے کہ اُس نے اپنے آخری رسول مُحمد صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم پر اپنی کتاب حکیم قُران الکریم کے ساتھ ساتھ کچھ اور بھی نازل فرمایا اور اس کو اللہ نے ''' حِکمت ''' فرمایا ،
((( وَلَولاَ فَضلُ اللّہِ عَلَیکَ وَرَحمَتُہُ لَہَمَّت طَّآئِفَۃٌ مُّنہُم أَن یُضِلُّوکَ وَمَا یُضِلُّونَ إِلاُّ أَنفُسَہُم وَمَا یَضُرُّونَکَ مِن شَیء ٍ وَأَنزَلَ اللّہُ عَلَیکَ الکِتَابَ وَالحِکمَۃَ وَعَلَّمَکَ مَا لَم تَکُن تَعلَمُ وَکَانَ فَضلُ اللّہِ عَلَیکَ عَظِیماً ::: اور (اے رسول ، صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم ) اگر آپ پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو ایک گروہ یہ ارادہ کر رہا تھا کہ آپ کو راہ (حق ) سے ہٹا دے اور وہ لوگ اپنے آپکو ہی گمراہ کرتے ہیں ، اور وہ آپ کو کسی چیز میں سے نقصان نہ پہنچائیں گے (کیونکہ اللہ آپ کی حفاظت کرنے والا ہے ) اور اللہ نے آپ پر کتاب (قران ) نازل کی اور (اسکے ساتھ ) حکمت (نازل کی ) اور آپ کو وہ کچھ سیکھایا جو آپ نہیں جانتے تھے اور اللہ کا فضل آپ پر بہت زیادہ ہے ))) سورت النساء / آیت 113
اللہ تعالی نے خبر دی کہ اس نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم پر قران کے ساتھ ساتھ حکمت بھی نازل فرمائی ، اور بالکل واضح سمجھ آتا ہے کہ یہ حِکمت قران کے ساتھ تو ہے اس میں سے نہیں ، ایک مستقل الگ چیز ہے ، یہاں چند ایک سوال سامنے آتے ہیں کہ :::
(1) اللہ نے یہ حکمت کیوں نازل فرمائی ؟ ( 2) یہ حکمت ہے کیا ؟ اور (3 ) رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے کس کو براہ راست یہ حکمت سیکھائی ؟؟؟
پہلے اور تیسرے سوال کے جواب ''' صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے فہم کی حجیت ''' والے مراسلے میں موجود ہیں ، یہاں میں دوسرے سوال کہ ::: یہ حِکمت ہے کیا ؟ ::: کا جواب پیش کرتا ہوں ،
لیکن اس جواب کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اللہ تعالی کے مندرجہ ذیل فرامین کو پڑھا جائے اور ان پر اپنا ایمان پختہ کیا جائے :::
(((وَ مَا اتاکُم الرَّسُولُ فَخُذُوہُ وَ مَا نَھا کُم عَنہُ فَانتَھُوا ::: اور رسول جو کچھ تمہیں دے وہ لے لو اور جِس سے منع کرے اُس سے باز آ جاؤ ))) (سورت الحشر / آ یت ٧ ) یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے ہر حُکم پر عمل کرنے کا اللہ کی طرف سے حُکم ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی طرف سے جِس کام سے باز رہنے کا حُکم ہے اُس سے باز رہنا اللہ کا حُکم ہے ، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی طرف سے کِسی بھی کام کے کرنے یا نہ کرنے کے حُکم پر عمل نہ کرنا اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے ، کِسی حیل و حجت یا تاویل کی گنجائش نہیں ،
(رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی اطاعت فرض ہے ، محض زبانی جمع خرچ سے یہ اطاعت نہیں ہوتی ، اس کی فرضیت کے بارے میں ایک مضمون ارسال کر چکا ہوں)
اور اللہ تعالی کا فرمان ہے ((( وَمَآ أَنزَلنَا عَلَیکَ الکِتَابَ إِلاَّ لِتُبَیِّنَ لَہُمُ الَّذِی اختَلَفُوا فِیہِ وَہُدًی وَرَحمَۃً لِّقَومٍ یُؤمِنُونَ ::: اور ہم نے آپ پر یہ کتاب صرف اس لیے نازل کی ہے کہ لوگ جس میں اختلاف کرتے ہیں آپ لوگوں کے لیے اس کی وضاحت کیجیے ، اور (یہ کتاب ) ایمان والوں کے لیے (بطور ) ہدایت اور رحمت نازل کی ہے ))) سورت النحل / آیت 66
پس ، اللہ کی کتاب کا بیان ، ہمارے اختلافات کا حل ، ہمارے عقائد ، عبادات ، معاملات ، معاشرت ، معیشت کے احکام ، حلال و حرام ، جاننے کے لیے اللہ کی طرف سے یہ لازم کیا گیا ہے کہ ہم اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی قولی فعلی تقریری سنّت کے ذریعے جانیں اور اسی پر عمل کریں ، نہ کہ اپنے خود ساختہ یا لوگوں کے ذاتی نظریات پر مبنی فلسفوں کے مطابق ،
اللہ کے ان مندرجہ بالا فرامین کی روشنی میں اب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی زبان مُبارک سے ادا ہوئے یہ الفاظ بھی پڑھیے ، چلتے چلتے یہ بھی ہاد کرواتا چلوں کہ اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے کاموں اور فرامین کے اس بات کی بھی گواہی دی ہے کہ ((( مَا ضَلَّ صَاحِبُکُم وَمَا غَوَی (2) وَمَا یَنطِق ُ عَنِ الہَوَی(3) إِن ہُوَ إِلَّا وَحیٌ یُوحَی (4) ::: تم لوگوں کا ساتھی (محمد صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم ) نہ گمراہ ہوا اور نہ ہی اغوا (2) اور نہ ہی وہ اپنی خواھشات کی بنا پر بات کرتا ہے (2) اس کی بات تو صرف اس کی طرف کئی گئی وحی ہے (4)))) سورت النجم ،
اور اُس پاک زُبان سے جو اللہ کی وحی کے مطابق بات فرماتی تھی یہ الفاظ ادا ہوئے :::
((( ألا إِنّی أُوتِیتُ الکِتَابَ وَمِثلَہُ مَعہ ألا إِنّی أُوتِیتُ القُرآنَ وَمِثلَہُ مَعہ ألا یُوشِکُ رَجُلٌ شَبعَاناً علی أَرِیکَتِہِ یقول : عَلَیکُم بِالقُرآنِ فما وَجَدتُم فیہ من حَلاَلٍ فَأَحِلُّوہُ وما وَجَدتُم فیہ مِن حَرَامٍ فَحَرِّمُوہُ ::: خبردار (یاد رکھو ) کہ بے شک مجھے کتاب ( قُران ) دی گئی اور اُس کے ساتھ اُس جیسا اور بھی دیا گیا ، خبردار (یاد رکھو ) قریب ہے کہ (کوئی)مال داری ، عیش و آرام اور معاشرتی حیثیت کے خُمار میں مخمور شخص اپنی پر آسائش نشست گاہ میں ٹیک لگائے یہ کہے گا : تُم لوگ (صِرف) قُران پر عمل کرو ، پس جو قُران میں حلال ملے اُسے حلال سمجھو اور جو قُران میں حرام ملے اُسے حرام سمجھو))) سنن ابو داود /حدیث ٤٥٩١/ کتاب السُنّۃ /باب ٥ ، مُسنداحمد ، سنن البیہقی الکبری ، اِمام الالبانی نے صحیح قرار دیا ،
:::::: کچھ مزید وضاحت اس روایت میں ہے جو ، المقدام بن معدي کرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے فرمایا (((یُوشِکُ الرَّجُلُ مُتَّکِئًا علی أَرِیکَتِہِ یُحَدَّثُ بِحَدِیثٍ من حَدِیثِی فیقول بَینَنَا وَبَینَکُم کِتَابُ اللَّہِ عز وجل فما وَجَدنَا فیہ من حَلَالٍ استَحلَلنَاہُ وما وَجَدنَا فیہ من حَرَامٍ حَرَّمنَاہُ أَلَّا وَإِنَّ ما حَرَّمَ رسول اللَّہِ صَلّی اللَّہ ُ عَلِیہِ و عَلَی آلہِ وسَلّمَ مِثلُ ما حَرَّمَ اللَّہ ::: قریب ہے کہ کوئی شخص اپنی سجی سجائی پُر آسائش نشست گاہ میں ٹیک لگائے ہو اور اسے میری کوئی حدیث سنائی جائے تو وہ کہے ::: ہمارے اور تُمہارے درمیان اللہ عز و جل کی کتاب ہے پس ہمیں جو اس کتاب میں حلال ملتا ہے ہم اسے حلال کرتے ہیں اور جو اس میں حرام ملتا ہے اسے حرام کرتے ہیں ::: اور (لیکن تم لوگ یاد رکھو کہ ) جو اللہ کے رسول (صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم ) نے حرام کیا وہ اس طرح ہے جس طرح اللہ نے حرام کیا ))) سنن ابن ماجہ / باب 2 /حدیث 12
کچھ اور مزید وضاحت اس روایت میں ہے جس کے آخر میں یہ اضافہ ہے کہ ((( أَلا لا یَحِلُّ لَکُمُ الحِمَارُ الأَہلِیُّ وَلا کُلُّ ذِی نَابٍ مِنَ السِّبَاعِ وَلا لُقَطَۃُ مُعَاہَدٍ إِلا أَن یَستَغنِیَ عنہا صَاحِبُہَا وَمَن نَزَلَ بِقَومٍ فَعَلَیہِم أَن یَقرُوہُ ::: خبردار تم لوگوں کے لیے پالتو گدھے (کھانا)حلال نہیں ہیں ، اور نہ ہی ناب والے جانور ، اور نہ ہی جس سے معاھدہ کیا گیا ہو (ذمی وغیرہ) کی کوئی گری پڑی چیز لینا حلال ہے سوائے اس کے کہ وہ خود اس کو چھوڑ دے ، اور جو کسی قوم کے پاس آئے تو اس قوم کو چاہیے کہ اس ،،،،،،))) المعجم الکبیر للطبرانی /جلد20/حدیث 670/ ، مُسند احمد /حدیث 17213،17272/مُسند معدي کرب رضی اللہ عنہ کی چوتھی حدیث ،
::::: اور ابی رافع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ((( لَا أُلفِیَنَّ أَحَدَکُم مُتَّکِئًا علی أَرِیکَتِہِ یَأتِیہِ الأَمرُ مِمَّا أَمَرتُ بِہِ أو نَہَیتُ عنہ فیقول لَا أَدرِی ما وَجَدنَا فی کِتَابِ اللَّہِ اتَّبَعنَاہُ::: تم میں سے کوئی ایسے شخص سے ضرور ملے گا جو اپنی سجی سجائی پُر آسائش نشست گاہ میں ٹیک لگائے ہو ، جب اُس تک میرے دیے ہوئے احکام میں سے کوئی حُکم پہنچے گا یا میری طرف سے کئی گئی کوئی ممانعت پہنچے گی تو وہ کہے گا ::: مجھے اس کا پتہ نہیں ہمیں تو جو اللہ کی کتاب میں ملتا ہے اس کی اتباع کرتے ہیں ))) سنن ابن ماجہ / باب 2 /حدیث 13

:::::ایسے لوگوں کی ایک نشانی ::::: ابو سعید الخُدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے فرمایا ((( یَخرُجُ نَاسٌ مِن قِبَلِ المَشرِقِ ویقرؤون القُرآنَ لَا یُجَاوِزُ تَرَاقِیَہُم یَمرُقُونَ من الدِّینِ کما یَمرُقُ السَّہمُ من الرَّمِیَّۃِ ثُمَّ لَا یَعُودُونَ فیہ حتی یَعُودَ السَّہمُ إلی فُوقِہِ قِیلَ ما سِیمَاہُم قال سِیمَاہُم التَّحلِیقُ أو قال التَّسبِیدُ ::: مشرق کی طرف سے ایسے لوگ ظاہر ہوں گے جو اُران پڑہیں گے لیکن قُران ان کے حلق سے آگے نہیں جائے گا ، وہ لوگ دِین میں سے اس طرح نکلیں گے جِس طرح تِیر کمان سے نکلتا ہے ، اور اس وقت تک واپس نہ آئیں گے جب تک کہ کمان سے نکلا ہوا تِیر کمان میں واپس نہ آئے ) ::: پوچھا گیا ''' اُن کی کیا نشانی ہے ؟ ''' فرمایا ( بال مونڈھنا ) یا فرمایا ( بالوں کو تیل کنگھی سے محروم رکھنا ))) صحیح البُخاری /حدیث 7123 /کتاب التوحید /باب57 ،
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی بتائی ہوئی یہ نشانیاں سب سے پہلے خوارج میں ظاہر ہوئیں ، جن کا خاتمہ امیر المؤمنین علی رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں ہوا ، لیکن اُن کے منہج کی باقیات ابھی تک مسلمانوں میں پائی جاتی ہیں ، اور ان بیان کردہ نشانیوں کے ساتھ موجود ہیں کہ سر یا داڑھی کے بال مونڈھتے ہیں ، یا بالوں کو اجاڑے پھرتے ہیں ، قران خوب پڑھتے ہیں ، لیکن وہ قران ان کے حلق سے آگے نہیں جاتا کہ وہ سنت رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے قولی ، عملی یا فکری انکار کا شکار نظر آتے ہیں ،
اللہ ہم سب کو ہر گمراہی کی پہچان کا علم و سلیقہ عطا فرمائے اور گمراہی کا شکار ہونے سے محفوظ رکھے ،
ابھی میں نے سر یا داڑھی کے بال مونڈھنے کی جو بات کی ہے ، اس کی وجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا عام طور پر بال مونڈھنے کا ذِکر فرمانا ہے ، صرف سر کے بالوں کی قید نہیں ، لغتاً بھی یہ بات صاف ظاہر ہے ، اور صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے فعل سے بھی ، اور الحمد للہ میرے اس فہم کی تصدیق امام بدرالدین محمود العینی الحنفی رحمہ اللہ کی ''' عُمدۃ القاری شرح صحیح البخاری ''' میں اسی حدیث کی شرح میں بھی ملتی ہے ،
اللہ پاک اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے یہ فرامین ہر کسی کے لیے بہت وضاحت سے یہ بتا رہے ہیں کہ اللہ کی کتاب سمجھنے کے لیے ، ہمارے اختلافات کا حل جاننے کے لیے، ہمارے عقائد ، عبادات ، معاملات ، معاشرت ، معیشت کے احکام ، حلال و حرام ، جاننے کے لیے اللہ کی طرف سے یہ لازم کیا گیا ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی قولی ، فعلی اور تقریری سنّت کی حدود میں رہتے ہوئے اسے سمجھیں ، اور یہ سُنّت ہی وہ '''حِکمت ''' ہے جو اللہ نے اپنی کتاب کے ساتھ ساتھ نازل فرمائی، اِس ''' حکمت ''' سے متعلق باقی دو سوالات کے جوابات '''صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے فہم کی حجیت ''' والے مضمون میں دیکھیں جائیں ،
اللہ تعالی ہمیں یہ ہمت اور توفیق دے کہ ہم اپنی سوچ و فِکر کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی مقرر کردہ حدود کا پابند کریں اور پھر اس کے مطابق عمل کریں اور اسی پر ہمارا خاتمہ فرمائے ،

:::::ایک اور نشانی :::::: حذیفہ ابن یمان رضی اللہ عنہ جنہیں ''' صاحب السّرِ النبی صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم ''' یعنی ''' نبی صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کا راز دان ''' کہا جاتا ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے انہیں مدینہ کے منافقین کے نام بتائے تھے ، جو انہوں نے کسی بھی اور کو نہیں بتائے ، یہ حذیفہ ابن یمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ :::
''''' لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم سے خیر کے بارے میں پوچھا کرتے تھے اور میں اُن سے شرّ کے بارے میں پوچھا کرتا تھا اس ڈر سے کہ کہیں (میں اس شرّ کو پہچانتا نہ ہوں اور )وہ شرّ مجھے قابو نہ کر لے ، تو میں نے عرض کیا ''' یا رَسُولَ اللَّہِ إِنَّا کنا فی جَاہِلِیَّۃٍ وَشَرٍّ فَجَاء َنَا اللَّہ بہذا الخَیرِ فَہَل بَعدَ ہذا الخَیرِ مِن شَرٍّ ::: اے اللہ کے رسول ہم لوگ جاھلیت اور شرّ میں تھے تو اللّہ تعالی ہمارے لیے اس خیر (یعنی اسلام ) کے ساتھ آیا ، تو کیا اس خیر کے بعد کوئی اور شرّ ہے ؟ ''' تو فرمایا ((( نعم ::: جی ہاں ))) تو میں نے پھر عرض کیا ''' وَہَل بَعدَ ذلک الشَّرِّ من خَیرٍ ::: تو کیا پھر اُس شرّ کے بعد کوئی خیر ہے ؟ ''' تو فرمایا ((( نعم وَفِیہِ دَخَنٌ ::: جی ہاں اور اس خیر میں (برائی کی )دُھندلاہٹ ہو گی ))) میں نے عرض کیا ''' وما دَخَنُہُ ::: وہ دُھندلاہٹ کیا ہے ؟ ''' ارشاد فرمایا (((قَومٌ یَستَنُّونَ بِغَیرِ سُنَّتِی و یَہدُونَ بِغَیرِ ہَدیِی تَعرِفُ منہم وَتُنکِرُ ::: ایسے لوگ جو میری سُنّت کے علاوہ کو سُنّت اپنائیں گے اور میری ہدایت کے علاوہ کسی اور طور ہدایت دینے کی بات کریں گے تُم ان کے اعمال و افعال کو پہچانو گے بھی اور ان پر انکار بھی کرو گے ))) میں نے پھر عرض کیا ''' فَہَل بَعدَ ذلک الخَیرِ من شَرٍّ ::: تو کیا اس خیر کے بعد بھی کوئی اور شرّ ہو گا ؟ ''' تو ارشاد فرمایا ((( نعم دُعَاۃٌ إلی أَبوَابِ جَہَنَّمَ من أَجَابَہُم إِلَیہَا قَذَفُوہُ فیہا ::: جی ہاں جہنم کے دروازوں پر کھڑے ہوئے داعی (دعوت دینے والا ، بُلانے والا ، ) جو ان کی دعوت قبول کرے گا اسے جہنم میں پھینک دیں گے ))) میں نے پھر عرض کیا ''' یا رَسُولَ اللَّہِ صِفہُم لنا :::اے اللہ کے رسول ہمیں ان کی نشانیاں بتایے ''' تو ارشاد فرمایا ((( ہُم مِن جِلدَتِنَا وَیَتَکَلَّمُونَ بِأَلسِنَتِنَا ::: وہ ہماری نسلوں میں سے ہی ہوں گے اور ہماری زبانوں میں ہی بات کرتے ہوں گے ))) میں نے پھر عرض کیا ''' فما تَأمُرُنِی إن أَدرَکَنِی ذلک ::: اگر مجھے یہ حالت ملے تو آپ مجھے کیا کرنے کا حُکم فرماتے ہیں ؟ ) ارشاد فرمایا ((( تَلزَمُ جَمَاعَۃَ المُسلِمِینَ وَإِمَامَہُم ::: تُم مضبوط طور پر مُسلمانوں کی جماعت اور اُن کے اِمام کے ساتھ ہی رہنا ))) میں نے پھر عرض کیا ''' فَإِن لم یَکُن لہم جَمَاعَۃٌ ولا إِمَامٌ ::: اگر (اُس وقت ) مُسلمانوں کی نہ تو کوئی جماعت ہو اور نہ ہی کوئی اِمام ( تو میں کیا کروں ) ؟ ''' تو ارشاد فرمایا ((( فَاعتَزِل تِلکَ الفِرَقَ کُلَّہَا وَلَو أَن تَعَضَّ بِأَصلِ شَجَرَۃٍ حتی یُدرِکَکَ المَوتُ وَأَنتَ عَلَی ذَلِک ::: تو تُم اُن تمام گروہوں سے الگ رہنا ، خواہ درخت کی جڑ چوس کر (زندہ رہنا پڑے لیکن اُن سے الگ ہی رہنا ) یہاں تک کہ تُمہاری موت آجائے اور تُم اسی (علیحدگی والی ) حالت میں ہو ))) صحیح البخاری / حدیث 6673 /کتاب الفتن /باب 11، صحیح مُسلم /حدیث 1847 /کتاب الاِمارہ/باب 13 (مندرجہ بالا الفاظ مُسلم کی روایت کے ہیں)
اس مندرجہ بالا حدیث میں جماعت سازی اور الگ الگ دعوت بازی کی شرعی حیثیت کا حُکم بھی ملتا ہے اور ہمارے رواں موضوع کے بارے میں بڑی وضاحت سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی سنت کو چھوڑ کر کسی اور طور سے ہدایت اور حق کی دعوت یا بات کرنے والے گمراہی کا شکار ہوتے بھی ہیں اور کرتے بھی ہیں ، اُن کی دعوت اور وہ خود خیر اور حق کی دھندلاہٹ کا باعث ہوتے ہیں ، پس صاف ستھری صحیح ہدایت وہی ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی سُنّت کی موافقت رکھتی ہے ، اگر سُنّت کو ترک کیا جائے یا کسی حیلے بہانے سے کچھ کو چھوڑا جائے یا کچھ کو اپنایا جائے ، یا محض اضافی معلومات سمجھا جائے ، یا معاشرتی سوچ اور عادات کا عکاس جانا جائے ، تو یہ سب فلسفے باطل ہیں ، جِن کی موجودگی میں خیر اور ہدایت نہیں پائی جا سکتی ، کیونکہ اللہ کے احکام ، و فرامین کا مطلوب و مقصود جانے بغیر ہدایت نہیں مل سکتی اور یہ مطلوب و مقصود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی سُنّت کے بغیر نہیں سمجھے جا سکتے ،
اللہ تعالی ہم سب کو حق اور باطل ، خیر اور شرّ پہچاننے کی توفیق عطاء فرمائے ، اور حق قبول کرنے کی ہمت عطا فرمائے اور اس پر عمل کرنے اسے نشر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اُسی پر ہمارا خاتمہ فرمائے ،
اس موضوع پر اور بھی بہت سے دلائل ہیں ، لیکن بات کو مختصر رکھنے کے لیے میں اسی پر اکتفاء کرتا ہوں ، اللہ تعالی اسے میرے اور سب پڑھنے والوں کے لیے خیر و برکت کے ساتھ کافی کر دے ، والسلام علیکم ۔
 
Top