قوم کو xfce کا اردو ترجمہ مبارک ہو

مکی

معطل
بسم اللہ الرحمن الرحیم


مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ لینکس کے ڈیسک ٹاپ ماحول xfce کا ترجمہ مکمل کرلیا گیا ہے، اس طرح اب پہلی بار لینکس کو مکمل طور پر اردو میں استعمال کرنا ممکن ہوگیا ہے..


اگرچہ لینکس کے لیے ان گنٹ ڈیسک ٹاپ ماحول دستیاب ہیں مگر کیڈی، گنوم اور ایکسفس اپنی خصوصیات کی بنا پر زیادہ مقبولِ عام ہیں.. ان میں ایکسفس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کمپیوٹر کے بہت کم ذرائع استعمال کرتا ہے جس کی بنا پر یہ پرانے سے پرانے کمپیوٹر پر بھی جو کہ ہمارے ہاں عام ہیں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے.. ساتھ ہی یہ استعمال میں بھی انتہائی آسان ہے.. مشہورِ زمانہ ابنٹو کی ایک قسم xubuntu اسی پر مشتمل ہوتی ہے، اس کے علاوہ بہت ساری ایسی لینکس ڈیسٹروز ہیں جو بنیادی طور پر اسی پر ہی مشتمل ہوتی ہیں جن میں Dream Linux، KateOS، Sam Linux، Kwort، Zenwalker قابلِ ذکر ہیں.. اس کے علاوہ فڈورا اور ڈبین بھی ایکسفس ڈیسک ٹاپ ماحول میں دستیاب ہیں.. مزید کے لیے آپ گوگل کا سہارا لے سکتے ہیں..


یقیناً ڈیسک ٹاپ ماحول کا ترجمہ گویا پورے آپریٹنگ سسٹم کے ترجمہ کے مترادف ہے جو کہ طویل اور صبر آزما ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیم ورک کا بھی طلب گار ہے مگر کیڈی اور گنوم کی اردو ٹیموں کی کارکردگی کے پیشِ نظر میں نے اسی میں ہی عافیت جانی کہ یہ کام خود ہی اپنے زورِ بازو سے انجام دوں کیونکہ اگر ٹیم بناتا تو صاف ظاہر تھا کہ ایکسفس کا بھی وہی انجام ہوتا جو کیڈی اور گنوم کا ہوا ہے، چنانچہ اللہ کا نام لے کر اکیلے ہی یہ کام شروع کیا اور آخر کار ایک طویل دماغ سوزی کے بعد اللہ تعالی کے فضل وکرم سے یہ کام اپنے انجام کو پہنچا ہی دیا..


بیس کے ساتھ ساتھ ایکسفس 4 کے تمام طے شدہ اطلاقیے اور پلگ ان جنہیں goodies کہا جاتا ہے کا ترجمہ بھی مکمل کردیا ہے حالانکہ یہ ایکسفس کے بنیادی ترجمہ میں شامل نہیں ہیں اور ایک الگ پراجیکٹ ہے.. اور چونکہ کمال صرف اللہ کے لیے ہے اس لیے میں اس ترجمہ کو 95 فیصد سمجھتا ہوں.. پانچ فیصد میں لائسنس ایگریمنٹ اور کچھ ایسی سٹرنگز ہیں جو ضعفِ انگریزی کے باعث سرے سے میرے پلے ہی نہیں پڑیں.. :(



ترجمہ مکمل کرنے کے بعد میں نے اسے ایکس ابنٹو، ڈریم لینکس اور سیم لینکس میں اپلائی کرکے چیک کیا ہے اور کافی غلطیاں پکڑی اور دوبارہ درست کی ہیں مگر اس کے باوجود اس میں کافی بہتری کی کنجائش موجود ہے کیونکہ پورے آپریٹنگ سسٹم کے اطلاقیے اور کنٹرول پینل اور پیغامات کے ایک ایک ڈائیلاگ کو چیک کرنا کافی مشکل کام ہے اس لیے نظرِ ثانی کی گنجائش ضرور موجود ہے اور میں کوشش کروں گا کہ اسے بہتر سے بہتر کروں.


قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عرب آئیز والے بھی ایکسفس 4 کے ترجمہ پر کام کر رہے ہیں اور حالانکہ میں نے ان سے بہت بعد میں ترجمہ شروع کیا مگر ان سے پہلے ہی اسے ختم کرلیا.. شاید پہلی بار ہم نے کوئی کام ان سے پہلے کیا ہے..؟!


ذیل کے سکرین شوٹ ترجمہ کو ایکس ابنٹو میں اپلائی کرکے لیے گئے.. چنانچہ پہلی مکمل اردو لینکس کے سکرین شوٹ ملاحظہ فرمائیں:




اور یہ سکرین شوٹ سیم لینکس سے لیے گئے ہیں تاکہ یہ نہ سمجھا جائے کہ ترجمہ صرف ایکس ابنٹو کے لیے ہی مخصوص ہے بلکہ یہ ہر اس ڈیسٹرو کے لیے ہے جو ایکسفس پر مبنی ہے:




میں نے ترجمہ xfce.org والوں کو ارسال کردیا ہے جس میں سے انہوں نے گڈیز باقاعدہ جاری کردی ہے اور بنیادی ترجمہ کچھ ہی دنوں میں ان شاء اللہ جاری کردیا جائے گا اس طرح امید ہے کہ ایکسفس پر مبنی تمام ڈیسٹروز کے اگلے ورژنز میں اردو پہلے سے ہی موجود ہوگی جسے تنصیب کے وقت منتخب کرکے نظام کو اردو میں نصب کیا جاسکے گا..


فی الحال ایکسفس پر مبنی کسی ڈیسٹرو کو اردو کرنے کے لیے ذیل سے ترجمہ کی فائلیں اتاریں اور انہیں ذیل کے پاتھ پر بطور روٹ کاپی کردیں:


/usr/share/locale/en/LC_MESSAGES


یا


/usr/share/locale/en_US/LC_MESSAGES


اب کمپیوٹر ری سٹارٹ کرلیں یا کم سے کم کنٹرول+آلٹ+بیک سپیس دباکر ایکس سرور کو ری سٹارٹ کرلیں اور لیجیے پوری لینکس اردو ہوگئی.. نظام کا فونٹ بدل کر تاہوما یا کوئی بھی دوسرا فونٹ جو اردو کو سپورٹ کرتا ہو بدل لیں..


آخر میں امید کرتا ہوں کہ اس ترجمہ سے اردو دنیا میں لینکس کے فروغ میں مدد ملے گی.. قوم کو پہلی مکمل اردو لینکس مبارک ہو..



ڈاونلوڈ یہاں سے


دعاء کی درخواست


واللہ الموفق
 

نبیل

تکنیکی معاون
جزاک اللہ خیر مکی بھائی۔ آپ کے اس عظیم کام کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ ان حالات میں واقعی قوم کے لیے یہ تحفہ قدرے تشفی کا باعث بن سکتا ہے۔ آپ کے لیے اردو ویب پر جگہ موجود ہے، آپ نے فورشیرڈ پر کیوں اپلوڈ کیا ہے؟
 

zerocool

محفلین
السلام علیکم
مجھے اردو لینکس دیکھ کر بہت خوشی ھوئی۔ بہت بہت مبارک ھو مکی آپ کو۔ آپ اسی طرح اردو کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں۔ اللھ آپکی تمام مشکلات آسان کرے۔
فاروق
 

الف عین

لائبریرین
مکی زندہ باد۔۔۔کیا اردو ویب پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے تاکہ میں یاہو گروپ میں بھی خوش خبری دے دوں۔
 
واہ واہ مکی بھائی! بہت اعلیٰ۔۔۔۔۔۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی لاجواب کارنامہ!
بہت بہت مبارک ہو آپ کو۔۔۔۔ ڈھیر ساری دعائیں اور نیک تمنائی آپ کے لیے!
 
مبارک مکی بھائی، بہت بہت مبارک، آپ کے اس عظیم کام کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اللہ تعالی آپ کے علم میں مزید برکتیں عطا فرمائے اور آپ اسی طرح اردو کی ترویج میں اپنا عظیم کردار ادا کرتے رہیں (آمین)
 
Top