السلام علیکم
لائبریری ماہ کا بنیادی مقصد اردو لائبریری پراجیکٹ کی 'وسیع البنیاد تنظیم' ہے جس کی تفصیل شگفتہ
لائبریری ماہ کی تعارفی پوسٹ میں دے چکی ہیں۔ لائبریری میٹنگز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ میٹنگز کا باقاعدہ انعقاد اراکین کو نہ صرف پراجیکٹ کے بارے میں تازہ صورتحال جاننے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ باہمی رابطہ و تبادلہ خیال ٹیم ورک کے لئے باعثِ مہمیز بھی ہو گا جو کہ لائبریری پراجیکٹ کے ورک فلو میں مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔
اس سلسلہ کا آغاز لائبریری ماہ کے دوران ہی ہو جائے گا۔ ابتدائی میٹنگ/میٹنگز میں لائبریری پراجیکٹ سے متعلق مختلف اہم امور کے بارے میں تجاویز اور آراء پر غور کیا جائے گا جو ماہِ لائبریری کے مقاصد حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ لہٰذا ان میٹنگز کو مشاورتی میٹنگز برائے لائبریری پراجیکٹ کا نام بھی دیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کوشش کی جائے گی کہ اس دوران باقاعدہ میٹنگز کے بارے میں لائحہ عمل بھی طے کر لیا جائے ۔ یوں ماہِ لائبریری کے بعد لائبریری اراکین کی میٹنگز کا بنیادی مقصد لائبریری میں ہونے والے کام کا تسلسل قائم رکھنا ہو گا۔
امید ہے کہ اب تک لائبریری ٹیم ممبرز کو لائبریری ماہ کے بارے میں اطلاع مل چکی ہو گی۔ سو اگلا مرحلہ پہلی میٹنگ کا ہے۔ اراکین کی سہولت کے مدِ نظر رکھتے ہوئے میٹنگ کے لئے دن اور وقت کا تعین لائبریری اراکین کے مشورے سے کیا جائے گا۔ ہمارے پاس دو دن اتوار ۲۸ دسمبر یا پیر ۲۹ دسمبر(ترجیحاً پیر ۲۹ دسمبر) ہیں ۔جس دن زیادہ ممبرز آن لائن آ سکیں، وہ میٹنگ ڈے ہو گا۔ تمام ساتھیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق دن اور وقت یہاں بتا دیں تا کہ میٹنگ کے دن اور وقت کا فیصلہ اور اعلان بر وقت کیا جا سکے۔
یہاں ایک اور بات بھی اہم ہے کہ جو اراکینِ محفل، لائبریری ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ان کا تعاون بھی بہت اہم ہے۔ خواہ یہ آراء اور تجاویز کی صورت میں ہو یا
’علامہ دہشت‘ کی طرح کسی پراجیکٹ کا حصہ بن کر۔ لہٰذا آپ کا یہاں آنا ہمارے لئے باعثِ خوشی ہو گا۔
میٹنگ کا دن اور وقت فائنل ہونے کے بعد ایجنڈا کے بنیادی نکات بھی پوسٹ کر دیئے جائیں گے۔
آپ سب کے تعاون کے لئے پیشگی شکریہ