آٹھویں سالگرہ لائحہ عمل برائے سالگرہ ہشتم

اولاً اردو محفل کی آٹھویں سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد قبول فرمائیں۔ اب آتے ہیں اس پورے ایک ماہ کے جشن کا خاکہ و لائحہ عمل مرتب کرنے کی طرف۔ ہمیں اس مقصد کے لئے آپ احباب کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ حسب توفیق بڑھ کر یہ ذمہ داریاں سنبھال لیں اور اس بات کا انتظار مت کریں کہ کوئی کہے گا تو آگے آئیں گے۔ :)

سالگرہ کی تقریب سابقہ روایات کے مطابق ان شاء اللہ پورے جولائی ماہ جاری رہے گی۔ ذیل میں تقریب کا ایک عارضی سا خاکہ پیش کیا جا رہا ہے۔ اس میں ضرورت کے مطابق رد و بدل کی جا سکتی ہے۔ :)

ہفتہ اول: افتتاحی ہفتہ
- عمومی مبارکباد
- موسسین، اسٹاف اراکین و دیگر محفلین کا محفلین سے خطاب و تاثرات
- انتظامی نوعیت کی تبدیلیوں کے حوالے سے اعلانات

- جشن سالگرہ کوریج چینل
- محفل اور محفلین کے بارے میں احباب کی تحریریں اور دلچسپ سلسلے
- محفل کے اعزازی ایوارڈ اور اس کے لئے نامزدگیاں؟ (اگر کوئی اسے کو آرڈینیٹ کرنے کو آگے آئے)

ہفتہ دوم: ہفتہ ادب
- محفل ادب کی پیش رفت کی سالانہ رپورٹ و مستقبل کے عزائم
- دلچسپ ادبی مشاغل و سلسلے مثلاً مشاعرہ بے ادبا، سنجیدہ مشاعرہ، محفلین کے لئے اشعار اور خاکے وغیرہ
- مقابلہ مضمون نویسی؟ (بشرط دستیابی کو آرڈینیٹر)
- محفل کی سالانہ میگزین پر کام؟ (اگر ایک یا زائد احباب اس کا بیڑا اٹھانے کو سامنے آئیں)

ہفتہ سوم: ہفتہ ٹیکنالوجی و ہفتہ لائبریری
- اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کی پیش رفت اور مستقبل کے منصوبے
- اردو ویب کا پچھلا سال - ڈیویلپمینٹ و ٹیکنالوجی کا ایک جائزہ
- ٹیکنولوجی و ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے مستقبل کے عزائم و اہداف کا تعین
- اردو ویب کی مجموعہ لغات کے ایکسپلورر کا "بیٹا" پیش منظر (بشرط فرصت و امکان)
- فورم کے زمرہ جات کی فہرست اور محفل اسٹاف میں ممکنہ رد و بدل
- ڈیویلپمنٹ ٹیوٹوریلز وغیرہ کے سلسلے

ہفتہ چہارم: اختتامی ہفتہ
- کچن کارنر، روز مرہ کے معاملات، فیشن و ملبوسات وغیرہ سے متعلقہ دھاگے
- سالگرہ کے حوالے سے احباب کے اختتامی تاثرات
- مستقبل کے لئے محفل کے تعمیری و علمی تشخص کی ارتقا کے حوالے سے احباب کی آرا
- محفل کے اعزازی ایوارڈ کا اعلان؟ (اگر ممکن ہوا)
- محفل کے سالنامہ کا اجرا؟ (اگر ممکن ہوا)
- دیگر مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان

نوٹ: کوئی بھی سلسلہ محض ایک ہفتہ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ شروع ہونے کے بعد اخیر تک چلتا رہے گا۔ :)

یہ محفل محفلین سے ہے لہٰذا اوپر بیان کردہ اکثر مشاغل و منصوبے بغیر آپ احباب کی شرکت اور تعاون کے ممکن نہیں۔ اگر آپ کے ذہن میں مزید منصوبے ہوں تو ان کو یہاں بیان کرنے یا محفل اسٹاف سے ذاتی مکالمے میں مشاورت کرنے میں قطعی تکلف نہ برتیں۔ نیز یہ کہ جن سلسلوں کی ذمہ داری لے سکتے ہیں اس کے لئے آگے آئیں۔ :)
 

بھلکڑ

لائبریرین
ویسے تو ہماری جہاں ضرورت پیش آئے ہم حاضر ہیں۔۔۔۔۔۔ ابن سعید بھیا جدھر مرضی ڈیوٹی لگا دیجئے ۔۔۔۔ ہم بالکل فارغ ہیں فی الحال۔۔۔۔۔!
دوسرا میگزین کے حوالے سے خاکسار کا ایک حقیر سے مشورہ یہ ہے ۔۔۔۔کہ اسے سالانہ نہ رکھا جائے ۔۔۔۔عرصہ کم کیا جائے ،۔۔۔۔کیونکہ ایک سال کے عرصے میں اتنا مواد اکٹھا ہوجائے گا کا ایک اشاعت میں شاید نہ پورا آئے اور اگر چُن چُن کر بھی مضامین و شاعری لی گئے تو بھی یہ محفلین کے لئے دل آزاری کا باعث بن سکتی ہے۔۔۔۔۔۔
 
ویسے تو ہماری جہاں ضرورت پیش آئے ہم حاضر ہیں۔۔۔ ۔۔۔ ابن سعید بھیا جدھر مرضی ڈیوٹی لگا دیجئے ۔۔۔ ۔ ہم بالکل فارغ ہیں فی الحال۔۔۔ ۔۔!

آپ کی محبت ہے پیارے! مسئلہ یہ ہے کہ ہم فارغ نہیں ہیں ان دنوں۔ لہٰذا اس بات کا انتظار مت کیجیے کہ ہم کوئی ڈیوٹی لگائیں گے۔ آپ بذات خود اپنے لائق کچھ سوچیں یا اپنی ٹیم بنا لیں اور آپس مشاورت سے کچھ کرنے کی سوچیں۔ جہاں کہیں ہماری رائے درکار ہوگی تو ہم پوری کوشش کریں گے کہ تعاون کریں۔ :) :) :)
 

بھلکڑ

لائبریرین
آپ کی محبت ہے پیارے! مسئلہ یہ ہے کہ ہم فارغ نہیں ہیں ان دنوں۔ لہٰذا اس بات کا انتظار مت کیجیے کہ ہم کوئی ڈیوٹی لگائیں گے۔ آپ بذات خود اپنے لائق کچھ سوچیں یا اپنی ٹیم بنا لیں اور آپس مشاورت سے کچھ کرنے کی سوچیں۔ جہاں کہیں ہماری رائے درکار ہوگی تو ہم پوری کوشش کریں گے کہ تعاون کریں۔ :) :) :)
یہ تو آپ کی ذرہ نوازی ہے۔۔۔۔۔ مراسلہ ایک بار پھر پڑھ لیں ۔۔۔اگر یہ آئیڈیا کسی کام آسکے۔۔۔
 
دوسرا میگزین کے حوالے سے خاکسار کا ایک حقیر سے مشورہ یہ ہے ۔۔۔ ۔کہ اسے سالانہ نہ رکھا جائے ۔۔۔ ۔عرصہ کم کیا جائے ،۔۔۔ ۔کیونکہ ایک سال کے عرصے میں اتنا مواد اکٹھا ہوجائے گا کا ایک اشاعت میں شاید نہ پورا آئے اور اگر چُن چُن کر بھی مضامین و شاعری لی گئے تو بھی یہ محفلین کے لئے دل آزاری کا باعث بن سکتی ہے۔۔۔ ۔۔۔

اگر اس کے لیے ایک عدد ٹیم بن جائے تو اسے ماہانہ یا ہفت روزہ بنیادوں پر بھی جاری کیے جانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ابھی تک ایک عدد تعارفی نسخہ بھی کبھی شائع نہ ہو سکا جبکہ یہ منصوبہ بہت پرانا ہے۔ :) :) :)
 

بھلکڑ

لائبریرین
اگر اس کے لیے ایک عدد ٹیم بن جائے تو اسے ماہانہ یا ہفت روزہ بنیادوں پر بھی جاری کیے جانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ابھی تک ایک عدد تعارفی نسخہ بھی کبھی شائع نہ ہو سکا جبکہ یہ منصوبہ بہت پرانا ہے۔ :) :) :)
تو آپ مجھے ایک ہفتے کے وقت دیں میں سارا مواد اکٹھا کر کے آپ کے یا دوسرے ان ممبرز کے جو ٹیم کا حصہ بنتے ہیں۔۔۔۔ کے حوالے کر دوں گا۔۔۔۔۔
اور پھر اس کو پبلش کرنا اور ڈئزائن کئلئے ٹیم تشکیل دینے میں تو میری مدد کر سکتے ہیں ناں۔۔۔۔!
 
تو آپ مجھے ایک ہفتے کے وقت دیں میں سارا مواد اکٹھا کر کے آپ کے یا دوسرے ان ممبرز کے جو ٹیم کا حصہ بنتے ہیں۔۔۔ ۔ کے حوالے کر دوں گا۔۔۔ ۔۔
اور پھر اس کو پبلش کرنا اور ڈئزائن کئلئے ٹیم تشکیل دینے میں تو میری مدد کر سکتے ہیں ناں۔۔۔ ۔!

آپ برادرم محمد خلیل الرحمٰن سے رابطے میں رہیں۔ وہ متعلقہ زمرے کے مدیر ہیں اور اس معاملے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ :) :) :)
 
آپ برادرم محمد خلیل الرحمٰن سے رابطے میں رہیں۔ وہ متعلقہ زمرے کے مدیر ہیں اور اس معاملے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ :) :) :)
ڈیزائن اور پبلش میں کروا دوں گا۔ آپ مواد تصویری اور تحریری مہیا کرنے کی کسی کی ذمہ داری لگا دیں اور اس کے علاوہ یہ بتا دیں کہ میگزین کی تقسیم کا طریقہءِ کار کیا ہو گا۔ اور کیا یہ مفت تقسیم کیا جائے گا یا کوئی فیس وغیرہ طے کرنا چاہ رہے ہیں۔
 
فقیر نے کچھ مشورے دیے تھے۔ دیکھ لیجئے اگر توجہ کے لائق ہوں تو:

(1)

میرے ذہن میں ایک آؤٹ لائن ہے، کارپردازانِ محفل کی توجہ چاہتا ہوں۔​

اول: یہ جائزہ لینا ہے کہ پچھلے آٹھ سال میں محفل پر کیا کیا مفید کام ہوئے۔ اس جائزے کے ماحصل کا خلاصہ جاری کرنا ہے۔ جس میں ہر شعبہ کا انفرادی جائزہ بھی شامل ہو تو سونے پر سہاگا۔​

دوم: یہ بھی دیکھنا ہے کہ کہاں کہاں اہلِ محفل نے اپنی توانائیاں ضائع کیں۔ ایسے تاگوں کو ختم کر دیا جائے تو سپیس بھی بچے گی اور سائٹ کی رفتار بھی بڑھے گی۔​

سوم: عمومی دل چسپی اور انتقالِ علم کے بہت سارے معاملات میں بہت سارے تاگے یوں غیرضروری ہیں کہ وہ تمام باتیں جو اِن انفرادی تاگوں میں کی گئی ہیں اُن کو متعلقہ موضوعات اور سلسلوں میں (جو پہلے سے موجود ہیں) منتقل کر دیا جائے اور آئندہ کے لئے پالیسی بنائی جائے کہ ہر رکن کوئی نیا تاگا شروع کرنے سے قبل پہلے سے موجود تاگوں کو ایک نظر دیکھے اور اپنا موضوع کسی مناسب تاگے میں شامل کرے۔ اگر کوئی نئی بات، نیا سلسلہ لازمی سمجھا جائے تو ناظمین کی اجازت اور منظوری سے نیا تاگا شروع کیا جائے۔​

چہارم: ہر رکن کو اپنے نام سے ایک ایک تاگا شروع کرنے کی اجازت ہونی چاہئے، اور وُہ اس تاگے میں اپنے حوالے سے (قواعد و ضوابط کا احترام کرتے ہوئے) جو کچھ بھی لکھنا چاہے، لکھے۔ جن ارکان نے ایک سے زیادہ تاگے شروع کئے ہوئے ہیں وہ ان سب کو اپنے ایک تاگے میں منتقل کریں یا (اگر ایسا نہ کر سکتے ہوں تو) ناظمین سے درخواست کریں۔​

پنجم: ادبی تربیت، لسانیات اور لفظیات کےسلسلے پہلے سے موجود تو ہیں تاہم ان کی ترتیبِ نو کی ضرورت ہو سکتی ہے۔​

ششم: کتابوں کا ایک تو مین سلسلہ ہو اور اس میں ہر ایک رکن کی ادبی اور علمی کاوشوں کے لئے ایک ایک تاگا مختص کیا جائے۔ باقی تاگوں کو اس متعلقہ تاگے میں ضم کر دیا جائے۔​

ہفتم: ویب سائٹ سے تعلق رکھنے والے فنی، سائنسی، ٹیکنیکل سلسلے ان کی اہمیت کے مطابق یک جا کر کے اُن کو تاگوں میں ترتیب دیا جائے۔​

ہشتم: شعبہ جات، سلسلہ جات اور تاگوں کے بارے میں ناظمین پہلے تو خود ایک ڈھانچہ (اتفاقِ رائے سے) تشکیل دیں اور پھر اگر ضروری سمجھیں تو عام ارکان سے مشاورت کر لیں، نہیں تو اُسے نافذ کر دیں (ناظمین کو اتنا حق تو ملنا چاہئے، نا)۔​

حوالہ: http://www.urduweb.org/mehfil/threads/چلیں-سالگرہ-مناتے-ہیں.65283/page-3

اور

(2)

ایک سلسلہ اور چل سکتا ہے صاحبو!


کسی ایک رکن کے نام کا اعلان کر دیا جائے۔ احباب سے کہا جائے کہ رکن موصوف کی شخصیت، فن، افکار، انداز، اسلوب، میدانِ عمل اور دیگر پہلوؤں پر (شخصی احترام کو ملحوظ رکھے ہوئے) اپنی بے لاگ رائے کا اظہار کریں، اس کے لئے ایک ہفتہ دیا جائے۔

کوئی ناظم اس گفتگو کو مانیٹر کرتے رہیں تاکہ کوئی شکر رنجی پیدا نہ ہو۔ اس دوران رکن موصوف اُس تاگے میں خاموش رہنے کے پابند ہوں گے۔ دیا گیا وقت پورا ہو جانے پر ناظم رکن موصوف کو اپنے تاثرات کا اظہار کرنے کی دعوت دیں۔ اور ان تاثرات پر کوئی تبصرہ طلب نہ کیا جائے۔ مناسب ہو گا کہ رکن موصوف کے تاثرات پوسٹ ہو جانے پر تاگے کو سِیل کر دیا جائے۔

اگلے ہفتے ایک اور نام، پھر اگلے ہفتے ایک اور۔ میرا خیال ہے ایسا تاگا شروع کرنے سے پہلے متعلقہ رکن کی رضامندی لازماً حاصل کی جائے۔
حوالہ: http://www.urduweb.org/mehfil/threads/چلیں-سالگرہ-مناتے-ہیں.65283/page-3

بہت آداب۔
 

بھلکڑ

لائبریرین
ڈیزائن اور پبلش میں کروا دوں گا۔ آپ مواد تصویری اور تحریری مہیا کرنے کی کسی کی ذمہ داری لگا دیں اور اس کے علاوہ یہ بتا دیں کہ میگزین کی تقسیم کا طریقہءِ کار کیا ہو گا۔ اور کیا یہ مفت تقسیم کیا جائے گا یا کوئی فیس وغیرہ طے کرنا چاہ رہے ہیں۔
چلو یہ بھی کام ہو ا۔۔۔۔۔ تحریری مواد اکٹھا کرنے کی ذمہ داری میں لیتا ہوں ۔۔۔۔۔
اب برادرم محمد خلیل الرحمٰن صاحب بھی آجائیں تو بہتر ہو گا۔۔۔۔۔۔وہ اس بارے میں گائیڈ کر دیں گے کس قسم کا مواد لینا ہے۔۔۔۔۔!
 
- محفل کی سالانہ میگزین پر کام؟ (اگر ایک یا زائد احباب اس کا بیڑا اٹھانے کو سامنے آئیں)​
میں تو ماہانہ کے چکر میں تھا۔​
ایک دفعہ میں نے مدیران سے بات بھی کی تھی۔​
اور ایک عدد سیمپل بھی بنایا تھا۔ سیمپل ڈھونڈ کر ارسال کرتا ہوں۔:):):)
 
ڈیزائن اور پبلش میں کروا دوں گا۔ آپ مواد تصویری اور تحریری مہیا کرنے کی کسی کی ذمہ داری لگا دیں اور اس کے علاوہ یہ بتا دیں کہ میگزین کی تقسیم کا طریقہءِ کار کیا ہو گا۔ اور کیا یہ مفت تقسیم کیا جائے گا یا کوئی فیس وغیرہ طے کرنا چاہ رہے ہیں۔
اللہ جزائے خیر دے ہمارے امجد بھیا تو بڑے بہادر اور دریا دل نکلے ۔اللہ کرے زور ہمت اور۔
 

بھلکڑ

لائبریرین
میں تو ماہانہ کے چکر میں تھا۔​
ایک دفعہ میں نے مدیران سے بات بھی کی تھی۔​
اور ایک عدد سیمپل بھی بنایا تھا۔ سیمپل ڈھونڈ کر ارسال کرتا ہوں۔:):):)
لئو جی یہ بیڑا تو پہلے بھی اُٹھا گیا ہے۔۔۔۔۔
واہ انیس الرحمن بھیا ۔۔۔۔۔جلدی سے کرو ارسال۔۔۔۔۔
 
پہلے تو محفلین (مدیران و منتظمین اور خدام بھی محفلین میں شامل ہیں) کو آٹھویں سالگرہ بہت مبارک۔
اللہ برکت دے۔ محفلین میں باہمی محبت پیدا کرے۔
ہم سے بھی جس خدمت کی ضرورت ہو ہم حاضر ہیں۔ (اگر کام وقت پر کرنے کا تقاضہ نہ ہو، معیار کی البتہ گارنٹی ہوگی۔ :p )
منصوبہ بندی کے حوالے سے تو باتیں آتے آتے ہی سامنے آئیں گی۔ میرا حلقہ چونکہ ادب اور مذہب تک ہی موقوف ہے تو اس سے زیادہ آگے بڑھنے کی سوچتا بھی نہیں اور اتنا وقت بھی نہیں مل پاتا۔
 
مواد اکٹھا کرنے کے سلسلے میں عرض کریں گے کہ آج انٹرنیٹ کے دور میں مواد اکٹھا کرنا کوئی مشکل نہیں رہا۔ ہر موضوع اور ہر عنوان پر ہر قسم کا مواد صرف چند گھنٹوں میں اکٹھا ہوسکتا ہے۔ تاہم ہم اس قسم کے کسی بھی رسالے کی تائید نہیں کرتے۔ ہم نے پچھلے ایک سال میں اور اس بھی پہلے سے محفل پر شعوری کوشش کی ہے کہ محفلین خود اپنی تحریریں شامل کریں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے کبھی دوسری سائیٹس سے مواد شیئر کرنے پر ہمت افزائی نہیں کی، حالانکہ محفل کا ایک گول یہ بھی ہے کہ بہترین شاعری اور اردو نثر کو ایک جگہ اکٹھا کرلیا جائے۔ ہم نے ہمیشہ محفلین کی اپنی تحریروں اور منظوم کاوشوں کو ترجیح دی۔ میگزین کے لیے بھی ہماری خواہش ہوگی کہ تمام یا زیادہ تر مواد محفلین کا پانا لکھا ہوا ہو۔ پچھلاایک سا ل اس سلسلے میں خاصہ زرخیز ثابت ہوا کہ ہمیں کئی اچھے لکھنے والے ہاتھ آئے۔ محفلین کے سراہے جانے نے ان کی صلاحیتوں کو چار چاند لگا دئیے۔ جناب نیرنگ خیال ، جناب ظفری ، جناب سید شہزاد ناصر ، جناب فارقلیط رحمانی ، ناعمہ عزیز ، عائشہ عزیز، اور بہت سی مثالیں نثر میں موجود ہیں۔ شعراء حضرات تو ماشاء اللہ ان گنت ہیں۔ ( واضح ہو کہ ہم خود بھی انہی نوآموز لکھاریوں میں سے ہیں جنھیں محفلین نے دل بھر کر سراہا اور ہر ہر کاوش پر خوب دل کھول کر داد دی۔ نتیجتاً ہم ایک لکھاری بن گئے۔)​
اب جبکہ زمین زرخیز بن چکی، اب وقت ہے کہ محفلین کو ایک عدد میگزین کے لیے اپنی نگارشات بھیجنے کی دعوت دی جائے۔ کچھ مضامین ہم محفل سے باہر مستند لکھنے والوں سے بھی لکھوا سکتے ہیں ، پھر ادھر محفل پر ہی اساتذہ اور معتبر لکھنے والے بھی موجود ہیں جو نظم و نثر ہر قسم کا تعاون کرسکتے ہیں۔​

یہ تو تھا مواد سے متعلق ہمارا مطمحِ نظر۔ اب آئیے میگزین کی ظاہری ہیئت کی جانب۔ کیا یہ انٹر نیٹ میگزین ہوگا ( جناب اعجاز عبید کے سمت کی طرح) یا کاغذی ؟ کاغذی ہوگا تو اس کی چھپائی اور ڈسٹری بیوشن کا کیا نظام ہوگا۔ رقم کا بندوبست کیسے ہوگا؟ کتنی کاپیاں چھپوائی جائیں گی۔؟​
 
Top