گوجرانوالہ …ایک روز میں 20ہزار ایک سو ایک پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے لانس نائیک محمد یوسف جمیل کو حوالدار کے عہدے پر ترقی اور چھ لاکھ روپے نقدانعام سے نواز دیا گیا،پاک آرمی کی منگلا کور کے لانس نائیک محمد یوسف سے قبل یہ اعزاز کینینڈین شہری کے پاس تھا جس نے 15 ہزار 170 پودے لگائے تھے،گوجرانوالہ کے قریب وزیرآباد میں پاکستان آرمی کے لانس نائیک میاں محمد یوسف جمیل نے گزشتہ روز ایک تقریب کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں، وزارت خارجہ کے نمائندوں اور آرمی افسران کے سامنے دو بجے سے پودے لگانے کا کا م شروع کیا۔ اور مقررہ وقت ختم ہونے پر اس نے 20 ہزار ایک سو ایک پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 2001 میں عالمی ریکارڈ کینڈین شہری چین چیپل نے24 گھنٹوں میں 15170 پودے لگاکر حاصل کیا تھا، جسے محمد یوسف نے18 گھنٹے 40 منٹ میں توڑ دیا اور
24 گھنٹے میں 20 ہزار ایک سو ایک پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ اس دوران گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے غلط لگائے گئے 4 سو پودے مسترد بھی کئے۔
محمد یوسف نے 12 ایکڑ کے رقبہ پر جھک کر تقریبا 35 میل کا سفر طے کیا۔ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پرکور کمانڈر منگلا لیفٹیینٹ جنرل محمد مصطفیٰ خان نے محمد یوسف کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔ اس موقع پر فوجی جوانوں نے خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور محمد یوسف کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ کور کمانڈر منگلا نے لانس نائیک محمد یوسف کو عہدے پر ترقی اور نقد انعام دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر منگلا نے کہا کہ فوج جہاں دوسرے کاموں میں مصروف ہے وہاں شجرکاری میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جہاں دفاعی ضروریات کیلئے اہم ہے وہاں اس کے ذریعہ موجودہ جنگلات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ماحول کی آلودگی کو کم کرنے اور ملک کی معاشی ترقی میں مثبت ثابت ہوگا۔
بحوالہ روزنامہ جنگ