لوگ ٹوٹے ہوئے ، سالم درودیوار کے بیچ

عاطف ملک

محفلین
حسرتیں چھوڑ گئیں کوچہء و بازار کے بیچ
لوگ ٹوٹے ہوئے ، سالم درودیوار کے بیچ

زینتِ صفحہء اول ہے تماشائے حیات
آدمی چھوٹی خبر ہے کہیں اخبار کے بیچ

بیش و کم کیا کریں اب ، دام جو لگتے ہیں لگیں
نقدِ جاں رکھ چکے جب درہم و دینار کے بیچ

نخلِ اندیشہء صد شاخِ زیاں اگتا ہے
ہر گلستانِ شجر دار و ثمربار کے بیچ

موجہء بادِ صبا زلف سے اُن کی نہ الجھ
گُل نہیں دل ہے مرا گیسوئے خمدار کے بیچ

مل گیا مجھ کو مرے سارے سوالوں کا جواب
اک توقف تھا ترے کلمہء ا نکار کے بیچ

تمہیں مل جائے گی پہچان مرے لفظوں سے
کبھی پڑھ کر مجھے دیکھو مرے اشعار کے بیچ

میں سمجھتا نہیں دریا کو کنارے سے الگ
وہ شناور ہوں کہ رہتا ہے جو منجدھار کے بیچ

جو ملا شاخِ محبت سے اُسے چوم لیا
فرق رکھا ہی نہیں ہم نے گل و خار کے بیچ

یادِ یارانِ وطن ا ور کبھی ذکرِ وطن !
یہ دوائیں ہیں مری مجمعِ آزار کے بیچ

ہمیں مرنا بھی ہے اپنی ہی روایات پر آج
اور جینا بھی ہے مرتی ہوئی اقدار کے بیچ

اک تنازع ہے ہنر عہدِ ضرورت میں ظہیر
کاسہء دادِ فن و کیسہء فنکار کے بیچ

ظہیر احمد ۔۔۔۔۔۔ ۲۰۱۴
زبردست۔۔۔۔۔۔لاجواب۔۔۔۔۔۔بے مثال غزل ہے ظہیراحمدظہیر صاحب!
کئی مرتبہ پڑھی ہے۔سب اشعار ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ گویا

Competition ہے بہت آپ کے اشعار کے بیچ :)
محمد تابش صدیقی بھائی، ابھی پڑھی ہے مکمل غزل۔
میری عزت رکھ لیجیے گا ;)
ڈھیروں دعائیں اور بہت سی داد آپ کیلیے :)
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
زبردست :in-love: بہت خوب غزل ہے جناب،
اللہ تعالٰی زور قلم اور زیادہ کرے.
نوازش عبداللہ ! بہت بہت شکریہ تمہارا !
ویسے آنکھوں پر اگر پان کے بجائے کھیرے کے سلائس رکھیں تو سنا ہے کہ نظر اور تیز ہوجاتی ہے ۔ آپ کا کیاخیال ہے ؟

زبردست۔۔۔۔۔۔لاجواب۔۔۔۔۔۔بے مثال غزل ہے ظہیراحمدظہیر صاحب!
کئی مرتبہ پڑھی ہے۔سب اشعار ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ گویا

Competition ہے بہت آپ کے اشعار کے بیچ :)
محمد تابش صدیقی بھائی، ابھی پڑھی ہے مکمل غزل۔
میری عزت رکھ لیجیے گا ;)
ڈھیروں دعائیں اور بہت سی داد آپ کیلیے :)

بہت شکریہ عاطف! بھئی آپ کی طبیعت تو ہمہ وقت حاضر رہتی ہے ۔ کیا بات ہے ! آپ تابش بھائی کی فکر نہ کریں اور اطمینان سے لکھیں ۔ میں انہیں باتوں میں لگا کر کرکٹ والے زمرے میں بھجوادوں گا ۔

جو ملا شاخِ محبت سے اُسے چوم لیا
فرق رکھا ہی نہیں ہم نے گل و خار کے بیچ

بہت ہی پیاری غزل ظہیر صاحب

نوازش! بہت شکریہ کلیم صاحب! اللہ آپ کو سلامت رکھے!
 
عاطف ملک

محفلین
بہت شکریہ عاطف! بھئی آپ کی طبیعت تو ہمہ وقت حاضر رہتی ہے ۔ کیا بات ہے ! آپ تابش بھائی کی فکر نہ کریں اور اطمینان سے لکھیں ۔ میں انہیں باتوں میں لگا کر کرکٹ والے زمرے میں بھجوادوں گا ۔
یہ آپ کی شفقت ہے محترم!
میری طبیعت تو ہمہ وقت حاضر نہیں رہتی لیکن آج کل فراغت کے باعث کچھ ایسی ہی کیفیت ہے کہ "دیکھوں تو اسے دیکھوں،سوچوں تو اسے سوچوں" :)
اور تابش بھائی تو ہمارے بہت پیارے بھائی ہیں۔ان کی فکر کیوں نہ ہو گی مجھے۔
اللہ انہیں اور آپ کو دنیا و آخرت کی ڈھیروں خوشیاں عطا کرے۔ آمین۔
 
جاسمن

لائبریرین
ہائے!
کیا اشعار ہیں۔کہاں سے آتے ہیں ایسے خیال!
زَََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََبردست!
 
ہائے!
کیا اشعار ہیں۔کہاں سے آتے ہیں ایسے خیال!
زَََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََََبردست!
غیب سے ہوتے ہیں نازل یہ خیالات اکثر
"کبھی حقہ، کبھی سگرٹ ، کبھی نسوار کے بیچ"

عاطف ملک بھائی کے شکریئے کے ساتھ
 
عاطف ملک

محفلین
ویسے میری بات ذو معنی تھی. یعنی آپ سے بھی اور ظہیر بھائی سے بھی. :)
ظہیراحمدظہیر بھائی۔۔۔۔۔۔طبیب ہیں :)
بہت خوشی ہوئی یہ پڑھ کر۔
اور بھی بہت ساری دعائیں آپ کیلیے ظہیر بھائی!
اور چونکہ یہ دعائیں طبیبوں کیلیے مخصوص ہیں سو تابش بھائی سے معذرت :p
 
واہ ظہیر بھائی، خوب غزل ہے ما شا اللہ
اور یہ اشعار تو بہترین لگے :
جو ملا شاخِ محبت سے اُسے چوم لیا
فرق رکھا ہی نہیں ہم نے گل و خار کے بیچ

یادِ یارانِ وطن ا ور کبھی ذکرِ وطن !
یہ دوائیں ہیں مری مجمعِ آزار کے بیچ

اک تنازع ہے ہنر عہدِ ضرورت میں ظہیر
کاسہء دادِ فن و کیسہء فنکار کے بیچ
ڈھیروں داد قبول فرمائیں !
 
اے خان

محفلین
ویسے آنکھوں پر اگر پان کے بجائے کھیرے کے سلائس رکھیں تو سنا ہے کہ نظر اور تیز ہوجاتی ہے ۔ آپ کا کیاخیال ہے ؟
نظر کی تیزی کا نہیں علم البتہ آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے. :)
اور پان کے پتے ہرے رنگ کے ہوتے ہیں. اور ہم نے سرخ رنگ دے کر اپنی محبت کا اظہار کیا ہے آپ سے اور آپ کی غزل سے، :)
رہی بات نظر کی تیزی کی تو وہ تو آپ کی غزل دیکھ کر ہی تیز ہوجاتی ہے. :):)
 
Top