مجتبیٰ حسین کو پدم شری اعزاز

حیدرآبادی

محفلین
معروف مزاح نگار مجتبیٰ حسین کو پدم شری اعزاز​

حکومتِ ہند نے شہرہء آفاق مزاح نگار جناب مجتبیٰ حسین کو باوقار ہندوستانی سرکاری اعزاز پدم شری کے لیے منتخب کر کے اردو ادب اور بالخصوص مزاحیہ ادب کو بھی اعزاز بخشا ہے ۔
ایک اور معروف ہندوستانی مزاح نگار یوسف ناظم نے بہت پہلے کہا تھا :
" مزاحیہ ادب یقیناً دوسرے درجے کا ادب ہے ، اس لیے کہ اردو میں پہلے درجے کا ادب اب تک لکھا ہی نہیں گیا ۔ "
مجتبیٰ حسین مزاحیہ ادب کے لیے مسلسل اعزازات حاصل کر کے خاموشی کی زبان میں یوسف ناظم کا مذکورہ بالا قول دہرا رہے ہیں ۔

مزاحیہ تحریر کو پہلے ادب ہونا چاہئے !
مجتبیٰ حسین کا مزاح ، ادب کے تمام تقاضوں کو پورا کرتا ہے اور ان کی تحریر کبھی بھی شائستگی کی چادر سے پیر باہر نہیں نکالتی ۔
مجتبیٰ حسین کی تخلیقات پر ہند و پاک کے ہر بڑے ادیب اور نقاد نے اظہارِ خیال کیا ہے ۔ اُردو ادب کی شمشیرِ برہنہ ۔۔۔ یعنی ڈاکٹر وحید اختر ، جن کی لغت میں لحاظ ، مروت اور ڈپلومیسی جیسے الفاظ تھے ہی نہیں ، نے مجتبیٰ حسین کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے لکھا تھا :
" اگر مجھ سے پوچھا جائے کہ ہندوستان کے مزاحیہ ادب کی بھرپور نمائیندگی کون سا شہر کرتا ہے تو بلا جھجھک حیدرآباد کا نام لوں گا اور اگر یہ دریافت کیا جائے حیدرآباد کی نمائندگی کون کرتا ہے تو میں بےدریغ ایک ہی نام لے سکتا ہوں اور وہ ہے مجتبیٰ حسین۔ جو خصوصیت انہیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے ، وہ ان کی حیدرآبادیت ہے ۔"

مجتبیٰ حسین کی شخصیت میں جو دوسری بڑی خصوصیت ہے وہ ان کا غیر متنازعہ رہنا ہے ۔ ہم انہیں بےشک اردو ادب کا " مسٹر کلین " بھی کہہ سکتے ہیں ۔
اردو والوں میں گروپ ازم یا حلقہ سازی بہت عام ہے ۔ ہر حلقہ کی اپنی ایک " دیڑھ اینٹ کی مسجد " ہوتی ہے ۔ لیکن مجتبیٰ حسین کو ہر دیڑھ اینٹ کی مسجد میں امام کی حیثیت حاصل ہے ۔ وہ اردو کے ہر گروپ کے لیے قابلِ قبول اور پسندیدہ شخصیت ہیں ۔

مجتبیٰ حسین کو حاصل ہوئے اعزازات کی ایک طویل فہرست ہے ، جن میں چند ایک یوں ہیں :
غالب انسٹی ٹیوٹ دہلی کا پہلا غالب ایوارڈ برائے طنز و مزاح
اُڑیسہ ساہتیہ سمیتی کی جانب سے " ہاسیہ رتن "
تخلیقی نثر کے لیے اردو اکادمی دہلی کا ایوارڈ
اردو اکادمی آندھرا پردیش کا مخدوم ادبی ایوارڈ
ہریانہ اردو اکادمی کی جانب سے کنور مہندر سنگھ بیدی ایوارڈ
کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے اردو مجموعی خدمات کا ایوارڈ
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سے ایوارڈ
ڈسمبر 2006ء میں امریکہ میں ہندوستانیوں کی تنظیم کی جانب سے میر تقی میر ایوارڈ
۔۔۔۔۔۔۔۔

مجتبیٰ حسین کو پدم شری کا اعزاز حاصل ہونا ۔۔۔ نہ صرف طنز و مزاح کے قبیلے کے لیے بلکہ اردو دنیا کے لیے ایک اعزاز ہے ۔
مزاحیہ ادب ، ایک مقبول خاص و عام صنفِ ادب ہے ، جو عوامی سطح پر ہمیشہ سراہا گیا ہے ۔ اب نقادوں کو سر جوڑ کر سوچنا چاہئے کہ مزاح کا ادب میں کیا مقام ہے ؟

ظرافت ، خواہ مخواہ فن ہی نہیں ہے اک سعادت ہے
ہنسا کر غم کسی کے بانٹ لینا بھی عبادت ہے !!​

(اقتباس بحوالہ : روزنامہ سیاست ، حیدرآباد ، اتوار ایڈیشن ، 4۔ فبروری 07ء )

~~ مجتبیٰ حسین کو اردو محفل کے احباب و قارئین کی جانب سے بھی بہت بہت مبارکباد ~~
 
Top