محاسن و معائبِ سخن

الف نظامی

لائبریرین
صنعت عَزَلُ الشفتین :
ایسا کلام جس کو پڑھتے ہوئے ہونٹ آپس میں نہ ملیں اس میں صنعت عَزَلُ الشفتین پائی جاتی ہے۔

کسی دوست کی نظر سے ایسا کلام گذرا ہو تو براہ کرم شئیر کیجیے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
اس صنعت کو واسع الشفتین بھی کہتے ہیں۔

نظیر اکبر آبادی کی ایک پوری غزل اس صنعت میں ہے

آیا نہیں جو کر کر اقرار ہنستے ہنستے
جل دے گیا ہے شاید عیار ہنستے ہنستے

اسکے ساتھ واصل الشفتین صنعت ہے، جس کے پڑھنے سے ہر کلمہ میں لب سے لب ملے۔ فارسی مصرع

بے بوئے موئے مہ مامویم

(بحوالہ 'رموزِ شاعری از ڈاکٹر سید تقی عابدی)
 

مغزل

محفلین
بہت شکریہ الف نظامی صاحب وارث صاحب اور نوید صآحب
چند ایک سوالات لیکر میں بھی حاضر ہوتا ہوں۔۔
 

الف نظامی

لائبریرین
صنت ترصیع
شاعری کی اس صنعت کو کہتے ہیں جس میں دونوں مصرعوں کے الفاظ ہم وزن ہوں یعنی شاعر ایسا شعر کہے کہ جس شعر کے دوسرے مصرعے کے تمام الفاظ پہلے مصرعہ سے ہم قافیہ ہوں
مثلا
نام تیرا ہے زندگی میری
کام میرا ہے بندگی تیری

دھارے چلتے ہیں عطا کے وہ ہے قطرہ تیرا
تارے کھلتے ہیں سخا کے وہ ہے ذرہ تیرا

کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے
چھبتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے

حضرت رضا بریلوی کے دیوان حدائق بخشش میں کل 27 اشعار صنعت ترصیع میں ہے۔
*یہ متن یہاں سے لیا گیا

چند سوالات:
طول کلام بھی عیب میں شمار ہوتا ہے؟
ایجاز کا کیا مطلب ہے؟
 

فاتح

لائبریرین
صنعت عَزَلُ الشفتین :
ایسا کلام جس کو پڑھتے ہوئے ہونٹ آپس میں نہ ملیں اس میں صنعت عَزَلُ الشفتین پائی جاتی ہے۔

کسی دوست کی نظر سے ایسا کلام گذرا ہو تو براہ کرم شئیر کیجیے۔

شاید غالب نے بھی ایسے کلام کے نظر سے گزرنے کی طاقت نہ ہونے کا رونا رویا ہے اس مصرع میں:
طاقت کہاں کہ دید کا احساں اٹھائیے
لیکن مرحوم یہ مصرع عزل الشفتین یا واسع الشفتین میں کہہ گئے۔:grin:

بقول م م مغل صاحب "فی الحال رسید حاضر ہے۔ تفصیل بعد میں":hatoff:
(مغل صاحب سے معذرت کے ساتھ)
 

عاطف ملک

محفلین
'تنافر' یا 'تنافر صوتی' سے مراد کسی مصرع میں کسی بھی دو حروف کا یوں یکجا ہونا کہ ادائیگی میں دشواری پیدا ہو۔ یعنی صوتی اعتبار سے پہلا لفظ جس حرف پر ختم ہو رہا ہو اسی سے اگلے لفظ کا آغاز ہونا مثلآ غالب کا یہ مصرع "کیا قسم ہے ترے ملے کی کہ کھا بھی نہ سکوں" میں‌ "کی کہ" تنافر صوتی کی ایک مثال ہے۔
یہاں یاد رکھنا چاہیے کہ تنافر کا انحصار ادائیگیِ الفاظ یا صوتی ترکیب پر منحصر ہے نا کہ الفاظ و حروف کی بندش پر۔
اس شعر میں "تنافر" ہے؟

عشق کے عین میں بھی، شین میں بھی، قاف میں بھی
درد کے دال کی "دھاروں" میں اسے دیکھا ہے
 

سید عاطف علی

لائبریرین
اس شعر میں "تنافر" ہے؟

عشق کے عین میں بھی، شین میں بھی، قاف میں بھی
درد کے دال کی "دھاروں" میں اسے دیکھا ہے
جی ہاں ۔اس میں تنافر ہے۔عشق کا قاف اور اس سے متصل کے کا کاف۔تنافر پیدا کر رہے ہیں۔تنافر کے لیے قریب المخرج حروف بھی مذکور کیے جانے چاہیئں مثلا۔۔۔۔ق ک ۔۔۔۔ ت ط د ۔۔ز س ش ژ ص ۔وغیرہ
 
صنعت عَزَلُ الشفتین :
ایسا کلام جس کو پڑھتے ہوئے ہونٹ آپس میں نہ ملیں اس میں صنعت عَزَلُ الشفتین پائی جاتی ہے۔

کسی دوست کی نظر سے ایسا کلام گذرا ہو تو براہ کرم شئیر کیجیے۔

سیدِ کونین سلطانِ جہاں​
ظلِ یزداں، شاہِ دیں ،عرش آستاں​

دلکشا ،دلکش، دل آرا، دلستاں​
کانِ جان و جانِ جان و شانِ شاں​

کُل سے اعلیٰ، کُل سے اولیٰ، کُل کی جاں​
کُل کے آقا ،کُل کے ہادی، کُل کی شاں​

ہر حکایت، ہر کنایت، ہر ادا​
ہر اشارت دلنشین و دلنشاں​

تُو ثنا کو ہے ثنا تیرے لئے​
ہے ثنا تیری ہی دیگر داستاں​

تُو نہ تھا تو کچھ نہ تھا، گر تُو نہ ہو​
کچھ نہ ہو، تُو ہی تو ہے جانِ جہاں​

تُو ہو داتا اور اوروں سے رجا​
تُو ہو آقا اور یادِ دیگراں (ق)​

التجا، اِس شرک و شر سے دُور رکھ​
ہو رضؔا تیرا ہی غیر از این و آں​

جس طرح ہونٹ اِس غزل سے دُور ہیں​
دل سے یونہی دُور ہو ہر ظن و ظاں

فاضلِ بریلوی​
 

علی عرفان

محفلین
معزز و محترم صاحبان!
میں نے ابھی اس فورم پہ اکائونٹ بنایا ہے۔ مقصد یہاں پہ موجود حضرات سے کچھ رہنمائی لینا ہے۔
کیا کوئی صاحب یا صاحبہ کسی ایسی کتاب کے بارے بتا سکتے ہیں ، جس میں تعقید اور نحوی ترتیب سے متعلق تفصیل بیان کی گئی ہو؟
 
محترم فاتح صاحب !
السلام علیکم:
محترم ایطا۔۔۔۔۔۔۔۔پھر ایطائے خفی اور جلی کا سادہ سا مطلب مع امثال سمجھادیں تو یہ فقیر آپ
کا احسانمند رہےگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔معائب و محاسن ِ کلام کا سمجھنا واقعتاً طلبائےشعر وشاعری
کےلیے لازم ہے چنانچہ میر ی درخواست ہے کہ اِس سلسلے (لڑی ) کو ہمیشہ نت نئی معلومات ۔۔۔
(معائب و محاسن )سےاپ ڈیٹ کیا جاتا رہے تاکہ نوآموز شعرا رہنمائی کے اِسے دیے کی روشنی
میں رفتہ رفتہ آگے بڑھتے رہیں یا کم ازکم سفر جاری رکھیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔شکیل احمدخان
 
آخری تدوین:

ام اویس

محفلین
صنعت عَزَلُ الشفتین :
ایسا کلام جس کو پڑھتے ہوئے ہونٹ آپس میں نہ ملیں اس میں صنعت عَزَلُ الشفتین پائی جاتی ہے۔

کسی دوست کی نظر سے ایسا کلام گذرا ہو تو براہ کرم شئیر کیجیے۔

وہ نعت مبارکہ جسے پڑھتے ہوئے ہونٹ آپس میں نہیں ملتے
⁦مصعب شاہین

شہرِ شاہِ شہا ﷺ ہے، حزیں کون ہے ؟
یاں تو خوشیاں ہیں، اندوہ گیں کون ہے ؟

راہ گیرو کہو ، رہن ہارو کہو
شاہِ فاراں ﷺ سے زیادہ حسیں کون ہے؟

ہوش کھو دے اگر دیکھے عینا انہیں
اور کہے جھٹ سے یہ نورگیں کون ہے؟

کس کا رخ والضحیٰ، زلف والیل ہے ؟
آنکھ حیران ہے، نازنیں کون ہے؟

لہجہ و گفتگو کس کے ہیں دل نواز ؟
دل ستاں، دل کشا، دل نشیں کون ہے؟

لطف ہی لطف ہے اور سکوں ہی سکوں
اے حرا! اس جگہ جاگزیں کون ہے؟

کون خیر الورٰی ہے اے شاہین جی؟
اولیں کون ہے؟ آخریں کون ہے؟
 
Top