محمد بلال اعظم
لائبریرین
سرور کائنات ﷺ کی ولادت کے منظر دوسری کتابوں میں کسی اور طرح دکھائے گئے ہیں، نعیم صدیقی کی "محسنِ انسانیت ﷺ" کا یہ اقتباس دیکھیے جو اختصار میں جامعیت کی بے نظیر مثال ہے:
"عرب کے ایک ممتاز، مہذب اور اعلیٰ روایات رکھنے والے خاندان میں سلیم الفطرت والدین کے قران السعدین میں سے ایک انوکھا بچہ یتیمی کے سائے میں پیدا ہوتا ہے۔ ایک غریب مگر شریف ذات کی دایہ کا دودھ پی کر دیہات کے صحت بخش ماحول کے اندر فطرت کی گود میں پلتا ہے۔ وہ خاص انتظام سے صحرا میں تگ و دو کرتے کرتے زندگی کی جولان گاہ میں مشقتوں کا مقابلہ کرنے کی تیاریاں کرتا ہے اور بکریاں چرا کر اقوام کی گلہ بانی کی تربیت پاتا ہے۔ بچپن کی پوری مسافت طے کرنے سے پہلے یہ انوکھا بچہ ماں کے سایہ شفقت سے بھی محروم ہو جاتا ہے۔ دادا کی ذات کسی حد تک اس خلا کو پُر کرنے والی تھی لیکن یہ سہارا بھی چھین لیا جاتا ہے۔
بالآخر چچا کفیل بنتے ہیں۔ یہ گویا مادی سہاروں سے بے نیاز ہو کر ایک آقائے حقیقی کے سہارے گراں بہا فرائض سے عہدہ بر آ ہونے کی تیاری کرائی جا رہی ہے۔"
(مصنف: نعیم صدیقی)(کتاب: محسن انسانیتﷺ)