طویل غیر حاضری کے بعد حاضر ہو رہا ہوں، ایک تو بات کچھ یوں کہ وکی پیڈیا پر ہمارا ذکر بد جو ہو رہا ہے اس سے ہمیں تو کچھ فرق پڑے نہ پڑے لیکن وکی پیڈیا ضرور بدنام ہوجائے گا کہ ہر ایرے غیرے کی معلومات اٹھا کے رکھ دیتے ہیں۔ دوسرے یہ کہ احباب کی اطلاع کے مطابق ہمارا سیاہ نام ڈاکٹر عبدالسلام اور ڈاکٹر عبدالقدیر کے ساتھ آرہا ہے اس پر بھی بہت شرمندگی ہو رہی ہے۔ یہ نہیں کہ ہم بہت اونچے ہیں اور ان کے ساتھ نام لکھوانا گوارا نہیں کرتے بلکہ یہ کہ ہمارا نام ان کے نیچے لکھا جانا تو کجا ایک صفحے پر بھی ہونا ان عظیم لوگوں کی شان میں گستاخی کے مترادف ہے۔ مجھے اس بات سے انکار نہیں کہ اردو کے لیے نستعلیق کے ضمن میں کچھ غلطیاں سرزد ہوئی ہیں اور مشینی ترجمہ کاری اور بصری حرف شناسی پر بھی کام کر رہا ہوں اور یہ کہ سائنس بچپن سے کشش رکھتی ہے لیکن وہ سب اپنی پیاس بجھانے کو کرتا ہوں ذہنی عیاشی کو کرتا ہوں کہ اور کوئی تفریح کا ذریعہ نہیں جو مجھے مطمئن کر سکے۔۔۔
دوم:
طویل عرصے سے اصرار ہے کہ نستعلیق کے سارے راز اٹھا کے طشت از بام کر دیے جائیں گے اور اس ضمن میں اس قدر سوچتا ہوں کہ سہ روزہ ورکشاپس اور سیمینار بھی منعقد کروائے جائیں۔ اب خود ہی سوچیں کہ جب اس قدر لوگ تربیت یافتہ ہو جائیں گے تو کیا یہ کوئی کارنامہ رہ جائے گا؟ جب پاک نستعلیق سے بھی بہتر فونٹس آئیں گے تو محسن حجازی کیا ہوگا؟ کچھ نہیں۔۔۔ جب تک فرد کو فنا نہیں کیا جائے گا ادارے نہیں تشکیل پائیں گے۔۔۔ ابھی حال میں فرانس سے ایک ڈاکٹریٹ کے ایک طالب علم نے نستعلیق فونٹ جاری کیا ہے فجر نستعلیق کے نام سے۔ کیا اس کے بعد بھی کوئی گنجائش باقی ہے؟ حرف صرف وکی پیڈیا کے اردو ایڈیشن پر آئے گا کہ جی یہ کوئی مستند ماخذ نہیں معلومات کے لیے بس ایسے ہی ایرے غیرے نتھو خیرے جمع ہیں۔۔۔ اور یہ بات مجھے ذاتی طورپر کسی طور بھی گوارا نہیں خواہ اس کی ہم لوگوں کو کوئی قیمت بھی چکانی پڑے۔ اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر فوقیت ہونی چاہیے اور ہمارا المیہ یہی کہ انفرادی مفاد مقدم رہا ہے۔۔۔۔ سو ان نکات کی موجوگی میں گزارش ہے کہ وکی پیڈیا سے ہمارا ذکر بد ہٹا لیا جائے تو یہ اردو کے ووسیع تر مفاد میں ہوگا۔۔۔ویسے بھی جو کام کیا گیا ہے، اس کا معاوضہ مجھے مل چکا ہے، ملتا ہے اور وہ سب پیسہ بھی آپ سب کی جیبوں سے ہی آتا ہے (بھائی ماچس کی ڈبیا تک پہ تو دس پیسے ٹیکس ہے۔۔۔ ظلم است!)
والسلام،
ایک معمولی سا مزدور۔۔۔