محفل فورم پر دس لاکھ پیغامات مکمل ہونےکے موقعے پر۔۔

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستان محفل، السلام علیکم
آپ سب کو محفل فورم پر ایک ملین پیغامات پیغامات کا سنگ میل عبور ہونے کی بہت مبارکباد قبول ہو۔ محفل فورم پر دس لاکھ پیغامات کا ہدف تقریباً سوا سات سال میں عبور ہوا ہے۔ یہ ساڑھے سات سال کا عرصہ محض ایک فورم کی روداد نہیں بلکہ یہ ایک عہد کی تاریخ ہے۔ اردو محفل فورم صرف ایک فورم نہیں بلکہ ایک تحریک اور ایک ادارہ ہے۔ اردو محفل کا قیام اور اس کا ارتقاء کسی فرد واحد کا کارنامہ نہیں بلکہ یہ اردو سے محبت کرنے والوں اور اردو کی ترویج کا عزم رکھنے والوں کی مشترکہ اور عظیم کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ محبان اردو کے اس کاروان میں کچھ لوگ روز اول سے ہمارے ساتھ ہیں، جبکہ کچھ لوگ زندگی کی دیگر مصروفیات میں گھرنے کے باعث اب پہلے جتنا وقت یہاں صرف نہیں کر پاتے ہیں۔ لیکن اردو محفل کی رونق اور اردو کی ترویج کے تمام پراجیکٹس کی پیشرفت کاروان اردو کے انہی مسافروں کے بدولت ممکن ہوئی ہے۔ ہم اگرچہ ان سب دوستوں کا فردا فردا ذکر نہیں کر سکتے، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو کی ترویج کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گزشتہ سوا سات سال میں محفل فورم نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ ایک جانب فورم سوفٹویر کی اپگریڈ سے نئی فیچرز متعارف ہوتی تھیں تو دوسری جانب سرور اور ہوسٹ کے مسائل سے دوچار رہنا پڑتا تھا۔ فورم پر جہاں پررونق دھاگوں میں خوشیاں بکھرتی رہی ہیں، وہاں تنازعات اور ناراضگیوں کا جنم لینا فطرتی بات ہے، اور ناراضگی کے بعد صلح ہونا بھی۔ :) محفل فورم ایک جانب اردو کمپیوٹنگ کی تاریخ رقم ہوتی رہی ہے تو دوسری جانب یہاں شعر و سخن کے میدان میں بھی تشکیل و تکمیل فن ہوتی رہی ہے۔

اردو محفل فورم نے جہاں اردو کمپیوٹنگ کی تاریخ میں انمٹ نقوش ثبت کیے ہیں، وہاں اس نے شخصیات کو بھی متاثر کیا ہے۔ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ کچھ لوگ جو ابتداء میں گفتگو میں جارحانہ رویہ رکھتے تھے، وہ بعد میں اعتدال پسند رویہ اختیار کرنے لگے۔ بعض نادر مثالیں ایسی بھی ہیں جہاں معاملہ اس سے برعکس ثابت ہوا ہے۔ :)

آج سے سوا سات سال قبل اردو محفل فورم کا قیام انٹرنیٹ پر اردو کے متوالوں کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں تھا۔ اگر انٹرنیٹ پر ایسی لاتعداد اردو فورمز موجود تھیں جہاں پر رومن اردو اور تصویری شکل میں اردو کا استعمال کیا جاتا تھا، لیکن ایسی کوئی اردو فورم موجود نہیں تھی جہاں اردو کو باقاعدہ اس کی تحریری شکل میں استعمال کیا جا سکتا۔ اردو محفل فورم کا قیام بھی ایک صبر آزما انتظار کے بعد عمل میں آیا اور یہ کئی لوگوں کی محنت شاقہ کا نتیجہ تھا۔

اردو محفل فورم پر پیغامات کی تعداد نولاکھ سے دس لاکھ تک پہنچنے میں صرف چار مہینے کا وقت لگا ہے، جو کہ بجائے خود ایک ریکارڈ ہے۔ خاص طور پر ستمبر کے بعد سے فورم کی فعالیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ذیل کے پلاٹ میں ستمبر 2012 میں پیغامات کی شرح ملاحظہ فرمائیں۔

[plot]
label: "Posts"|data: [[1346457600000,873],[1346544000000,1061],[1346630400000,876],[1346716800000,789],[1346803200000,1142],[1346889600000,760],[1346976000000,976],[1347062400000,934],[1347148800000,981],[1347235200000,1145],[1347321600000,1234],[1347408000000,1129],[1347494400000,884],[1347580800000,1309],[1347667200000,1155],[1347753600000,960],[1347840000000,1078],[1347926400000,1037],[1348012800000,1251],[1348099200000,1432],[1348185600000,1214],[1348272000000,1097],[1348358400000,991],[1348444800000,1436],[1348531200000,1600],[1348617600000,1781],[1348704000000,1346],[1348790400000,1200],[1348876800000,1415],[1348963200000,981]]
[/plot]

اردو محفل فورم کے تکنیکی ارتقاء کی ٹائم لائن کو ذیل میں مختصراً بیان کیا گیا ہے۔

۔ 30 جون 2005 کو اردو محفل فورم سیٹ اپ کی جاتی ہے۔ ابتدا میں پی ایچ پی بی بی 2 کا استعمال کیا گیا تھا۔ یہ اس پر پہلی ٹیسٹ پوسٹ کا ربط ہے، اور یہاں اردو محفل فورم کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذیل میں محفل فورم کی اس ابتدائی شکل کا سکرین شاٹ دیکھا جا سکتا ہے۔

mehfil01.gif


۔ محفل فورم کے قیام کے قریبا چھ ماہ بعد اسے کٹیگری موڈ فورم 2.1.4 پر مائیگریٹ کر دیا گیا جس کی بدولت محفل فورم بہتر تھیم اور کئی جدید فیچرز سے آراستہ ہوگئی۔
۔ محفل فورم کی کٹیگری موڈ 2.1.6 پر اپگریڈ بھی ایک نہایت صبر آزما اور دقت طلب مرحلہ ثابت ہوا تھا لیکن یہ بھی محفل فورم کے تکنیکی ارتقاء میں ایک اہم مرحلہ ثابت ہوا۔
۔ سال 2007 میں محفل فورم کی تاریخ میں ایک اہم مرحلہ اس وقت پیش آیا جب اسے وی بلیٹن سوفٹویر پر مائیگریٹ کیا گیا۔ وی بلیٹن پر مائیگریشن سے اردو محفل فورم کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ یہ تبدیلی اس اعتبار سے بھی اہم تھی کہ کٹیگری موڈ فورم سے وی بلیٹن پر مائیگریشن کے لیے کوئی باضابطہ سپورٹ دستیاب نہیں تھی لیکن الحمداللہ ہم نے یہ کارنامہ کر دکھایا۔ :) ذیل میں محفل فورم کے وی بلیٹن دور کی ایک تصویر پیش کی جاتی ہے۔

mehfil03.gif


۔ محفل فورم کی وی بلیٹن ورژن 3.8 سے ورژن 4 پر منتقلی اس اعتبار سے قابل ذکر ہے کہ اس کے بعد محفل فورم مسلسل کئی سال تک فورم سوفٹویر کی کوالٹی اور سرور کے مسائل سے دوچار رہی۔ وی بلیٹن کا ورژن چار کوالٹی کے اعتبار سے ناقص ثابت ہوا اور اس کے استعمال سے محفل فورم پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ دوسری جانب ڈریم ہوسٹ کی ناقص سروس کے باعث بھی سائٹ کے ڈاؤن ٹائم میں اضافہ ہوتا گیا۔
۔ ایک طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد محفل فورم کو وی بلیٹن سے زین فورو سوفٹویر پر مائیگریٹ کر دیا گیا۔ محفل فورم کی نئے فورم سوفٹویر پر یہ منتقلی اس مرتبہ بھی ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت سے یاد رکھی جائےگی کیونکہ اس مرتبہ بھی کسی باضابطہ امپورٹ سکرپٹ کی عدم موجودگی میں ہمیں خود سے فورم کا ڈیٹا امپورٹ کرنے کے لیے ہیکس کا استعمال کرنا پڑا۔ محفل فورم کی زین فورو سوفٹویر پر منتقلی کے ساتھ ہی ہم نے بالآخر ڈریم ہوسٹ کو بھی خیرباد کہنے کا فیصلہ کر دیا اور اردو ویب کو نئے ہوسٹ پر منتقل کر دیا۔ اس کے بعد سے ہر آنے والا دن اردو ویب اور محفل فورم قوت پکڑتے رہے ہیں۔ اور ہماری دعا ہے کہ محفل فورم یونہی اردو کے متوالوں کے دل کی دھڑکن بنی رہے اور دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرتی رہے۔
والسلام
 
آخری تدوین:

عثمان

محفلین
اس نے شخصیات کو بھی متاثر کیا ہے۔ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ کچھ لوگ جو ابتداء میں گفتگو میں جارحانہ رویہ رکھتے تھے، وہ بعد میں اعتدال پسند رویہ اختیار کرنے لگے۔ بعض نادر مثالیں ایسی بھی ہیں جہاں معاملہ اس سے برعکس ثابت ہوا ہے۔​
یہ ایک اہم نکتہ ہے۔ میں اس میں مزید اضافہ کروں گا کہ میرے جیسے لوگ جو پہلے کارآمد پھڈے بازی میں مصروف رہتے تھے اب مخولیے ہو کر رہ گئے ہیں۔ خدا جانے یہ ترقی ہے یا تنزلی۔ :rolleyes:
 

اشتیاق علی

لائبریرین
اردو محفل کی ٹیم کو اور اہل محفل کو ڈھیروں مبارک باد۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ اردو محفل یونہی مسکراہٹیں بکھیرتی رہے۔ آمین۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
اسی خوشی میں مَیں بغیر جوابات پڑھے سب کو "زبردست" کی ریٹنگ دوں گا آخر کو میں فورم کا سب سے چھوٹا ایکٹو ممبر ہوں۔
عمر میں چھوٹے اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہو گا
 
عزیز دوستان محفل، السلام علیکم
آپ سب کو محفل فورم پر ایک ملین پیغامات پیغامات کا سنگ میل عبور ہونے کی بہت مبارکباد قبول ہو۔ محفل فورم پر دس لاکھ پیغامات کا ہدف تقریباً سوا سات سال میں عبور ہوا ہے۔ یہ ساڑھے سات سال کا عرصہ محض ایک فورم کی روداد نہیں بلکہ یہ ایک عہد کی تاریخ ہے۔ اردو محفل فورم صرف ایک فورم نہیں بلکہ ایک تحریک اور ایک ادارہ ہے۔ اردو محفل کا قیام اور اس کا ارتقاء کسی فرد واحد کا کارنامہ نہیں بلکہ یہ اردو سے محبت کرنے والوں اور اردو کی ترویج کا عزم رکھنے والوں کی مشترکہ اور عظیم کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ محبان اردو کے اس کاروان میں کچھ لوگ روز اول سے ہمارے ساتھ ہیں، جبکہ کچھ لوگ زندگی کی دیگر مصروفیات میں گھرنے کے باعث اب پہلے جتنا وقت یہاں صرف نہیں کر پاتے ہیں۔ لیکن اردو محفل کی رونق اور اردو کی ترویج کے تمام پراجیکٹس کی پیشرفت کاروان اردو کے انہی مسافروں کے بدولت ممکن ہوئی ہے۔ ہم اگرچہ ان سب دوستوں کا فردا فردا ذکر نہیں کر سکتے، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو کی ترویج کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بہت خوبصورت نبیل بھائی
تمام محفلین کو بہت بہت مبارک ہو
 
Top