محفل فورم پر چند انتظامی تبدیلیاں

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
اگرچہ فورم کی سالگرہ میں چند گھنٹے باقی ہیں لیکن ابھی سے آپ دوستوں کا جوش و خروش دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ محفل فورم کی سالگرہ کے موقعے پر گزشتہ سال کی خاص باتوں اور آئندہ کے منصوبوں کا ذکر بھی کیا جائے گا، فی الحال میں یہاں آپ سب کو فورم پر چند ضروری انتظامی تبدیلیوں سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔گزشتہ کچھ ہی عرصے میں فورم کے دونوں مدیران اعلی ساجد اور مقدس نے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں شخصیات کی محفل فورم اور اردو ویب کے لیے خدمات سے سب واقف ہیں اور ان کے جانے سے یقینا ہمیں دھچکا لگا ہے اور فورم کی نظامت ہمارے لیے ایک بار پھر بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ میں اس موقعے پر مقدس اور ساجد کا ان کے تعاون کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ دونوں مدیران اعلی کے جانے سے فورم کی نظامت میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پورا کرنے کے لیے ہم نے فی الحال یہ بندوبست کیا ہے کہ شمشاد بھائی فورم کے مدیر اعلی کے طور پر ہماری رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔ ان کے کام میں آسانی کی خاطر ہم نے ان سے ایڈمن سیکشن کی ذمہ داری ہٹا دی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی شمشاد بھائی کو اور تمام محفلین کو ایک دوسرے کا تعاون حاصل رہے گا۔

فورم کی نظامت سے متعلق ایک اور ضروری بات یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جب تک مذہب اور سیاست والے زمرہ جات کے موڈریٹر کا تعین نہیں ہو جاتا اس وقت تک میں ان زمرہ جات کی ادارت کرتا رہوں گا۔ منتظمین کی شخصیت میں فرق اور عمومی صورتحال نظامت کے انداز پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں، یہ فرق یقینا میری نظامت کے انداز میں بھی نظر آئے گا۔ جہاں ضرورت پڑے گی وہاں سخت اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ بہرحال میں امید کرتا ہوں کہ ہمیں فورم کا انتظام بخوبی چلانے کے سلسلے میں آپ دوستوں کا تعاون حاصل رہے گا۔
والسلام
 

نایاب

لائبریرین
اچھا اقدام ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
سخت اقدام سے گریز بہتر بھی نہ ہوگا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ان شاءاللہ تمام مخلص اراکین محفل اردو آپ کے ساتھ ہیں ۔۔
 
اللہ محفل کو اس مشکل وقت سے سرخروئی کے ساتھ نکالے اور اسے دن دونی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ اس مشکل وقت میں ہم سب محفلین نبیل بھائی کے ساتھ ہیں۔ ہم سب اردو محفل ہیں۔
 
Top