محفل فورم کی تنظیم نو

نبیل

تکنیکی معاون
معزز حاضرین محفل، السلام علیکم

امید کرتا ہوں کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ میں سب سے پہلے فورم کے ان ارکان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو یہاں باقاعدگی سے پوسٹ کرتے رہے ہیں اور جن کی وجہ سے اس اردو کی پہلی یونیکوڈ فورم کو قبول عام حاصل ہوا ہے۔

اس فورم کو سیٹ اپ کرتے ہوئے میرے ذہن میں تفریحی سے زیادہ تعلیمی اور تحقیقاتی مقاصد تھے۔ میرا یہی خیال تھا کہ مختلف یاہو اور گوگل گروپس پر تکنیکی یا ادبی موضوعات پر گفتگو کرنے والوں کو ایک صحیح معنوں میں یونیکوڈ اردو پر مبنی پلیٹ فارم مہیا کر دیا جائے تو لوگ یہاں جوق در جوق آئیں گے۔ اگرچہ اس وقت اس فورم میں سو کے قریب unique یوزرز شامل ہیں، یہ تعداد ہماری توقع سے پھر بھی کم ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ اس فورم پر پیش کیے گئے بڑے موضوعات یعنی اردو کمپیوٹنگ اور ادبی کارنر لوگوں کی دلچسپی کے لیے ناکافی ہیں۔

جناب سرور عالم راز کی ایک پوسٹ کے جواب میں میں یہ عرض کر چکا ہوں کہ میں اس سے پہلے دوسری فورمز پر پوسٹ کرنے کا تجربہ نہیں رکھتا اور اسی لیے نہیں جانتا کہ ان فورمز پر دلچسپی کے کونسے عناصر موجود ہیں۔ اس سے پہلے میرے دوست جہانزیب اور دانیال بھی اس فورم کو بہتر بنانے کے لیے مجھے اپنی تجاویز بھیجتے رہے ہیں۔

میں چند روز میں ہی اس فورم کی تنظیم نو کا کام کروں گا۔ اس میں یہاں کی کیٹگریز کی ترتیب بدلنا، فورمز اور کیٹگریز کے نام بدلنا، نئے موضوعات کا اضافہ، چند پرانے موضوعات کا خاتمہ وغیرہ شامل ہیں۔ ان سب کاموں کی تفصیل میں جلد ہی ادھر پوسٹ کروں گا۔ مزید تفصیلات کے لیے اس تھریڈ کو دیکھتے رہیں اور اپنی آراء سے نوازتے رہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
پہلی قسط

لیجیے جناب مجوزہ تبدیلیوں کی پہلی قسط حاظر ہے۔ جہانزیب کی تجویز کے مطابق کیٹگری ادھر ادھر کی باتیں کو سب سے اوپر لایا جائے گا۔ ایک امکان یہ ہے کہ اسے دو کیٹگریز عام باتیں اور خاص باتیں میں تقسیم کر دیا جائے۔ ان عام اور خاص باتوں میں ذیل کے نئے موضوعات شامل ہوں گے:

  • تعارف: اس فورم میں یہاں کے ارکان اپنا تعارف کرائیں گے
  • تصاویر: اس فورم میں تصاویر پوسٹ کی جائیں گی
  • لطیفے: جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، لطیفے، چٹکلے یہاں پوسٹ کیے جائیں گے۔ یہ طنزومزاح کی فورم میں صحیح فٹ نہیں ہوتے
  • بیت بازی: بیت بازی یا انتاکشری کے لیے مختص فورم
  • تعلیم اور طالب علم: یہاں تعلیم اور تدریس سے متعلقہ معاملات پر گفتگو ہو گی
  • سیاست: سیاسی موضوعات پر گفتگو
 

نبیل

تکنیکی معاون
دوسری قسط

دوسری قسط کے ساتھ حاضر ہوں۔ یہاں میں ایک نئی کیٹگری فن، فنکار اور کھیل کے لیے متعارف کرانے کی تجویز پیش کر رہا ہوں۔ اس میں ذیل کے موضوعات پیش کیے جائیں گے؛

  • موسیقی: پسندیدہ گانوں کے بول وغیرہ
  • فلم بین: فلموں کے ریویو، اداکار
  • کھیلوں کی دنیا: کرکٹ (اور دوسری سپورٹس)
 

زیک

مسافر
یہ موضوعات صحیح لگ رہے ہیں۔ البتہ سب سے اوپر ضروری اعلانات وغیرہ ہوں پھر "ادھر ادھر کی باتیں" ۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
تیسری قسط

اس قسط میں فورم پر پہلے سے موجود کیٹگریز اور فورمز میں ردوبدل سے متعلق پلان کیا جائے گا۔ پہلے تو میں نے سوچا ہے کہ کیٹگری اردو کمپیوٹنگ کا نام تبدیل کرکے انفارمیشن ٹیکنالوجی کر دیا جائے۔ میری دانست میں اس سے یہاں پر موضوعات کا سپیکٹرم وسیع ہو گا۔ یوں فورمز اردو ایپلیکیشن پروگرامنگ اور اردو آئی ٹی ٹیوٹوریل سے لفظ اردو ہٹا لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فورم phpbb کا اردو ترجمہ کو فورم ایپلیکیشن پروگرامنگ میں ضم کردیا جائے گا۔ مزید برآں یہ کہ فورمز سوال آپ کے ، جواب ہمارے، اردو سوفٹ ویر سپورٹ اور لکھنے پڑھنے میں مدد کو ایک فورم سوفٹ ویر سپورٹ میں اکٹھا کر دیا جائے گا۔

اب آتے ہیں ادبی فورمز کی جانب۔ یہاں میں ذرا احتیاط سے کام لینا چاہتا ہوں۔ میرا ارادہ فورمز اردو ادب، کہانی گھر اور جہان اردو کو اکٹھا کرنے کا ہے لیکن میں اس سلسلے میں اس فورم پر آنے والے سینئر اہل قلم حضرات کی رائے کا انتظار کروں گا۔ اس کے علاوہ میں نے سوچا ہے کہ فورم طنزومزاح میں سے لطیفے چن کر اس کے لیے الگ مختص فورم میں منتقل کر دیے جائیں۔

اب تھوڑا سا ذکر مذہبی موضوعات پر فورمز کا کرتے ہیں۔ میری دانست میں ان میں سے صرف ایک فورم قرآن و سنت relevant ہے۔ ویسے بھی ابتدائی جوش و جذبہ کے بعد ان فورمز پر پوسٹ ہونے کی رفتار بالکل سست ہو گئی ہے۔ یہاں میری تجویز یہ ہے کہ صرف فورمز سیرت النبی اور قرآن و سنت کو باقی رہنے دیا جائے، باقی فورمز کے مضامین انہی دونوں فورمز یا دوسری جگہ منتقل کرنے کے بعد انہیں ختم کردیا جائے۔

میری نظر میں اوپر کے اقدامات سے کئی فائدے ہوں گے۔ سب سے پہلے تو یہ کہ کم توجہ حاصل کرنے والے موضوعات پر مبنی فورمز کو فی الوقت بند کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جو اس فورم کے بارے میں اعتراض تھا کہ اسے ضرورت سے زیادہ ادبی یا مذہبی رنگ دے دیا گیا ہے، اسے دور کیا جاسکے گا۔

میں ان تمام اقدامات و عملی جامہ پہنانے سے قبل چند دن انتظار کروں گا تاکہ آپ لوگ اس پر اپنی رائے دے سکیں۔
 

زیک

مسافر
فورم phpbb کا اردو ترجمہ کو فورم ایپلیکیشن پروگرامنگ میں ضم کرنے کی بجائے ایک فورم localization اور internationalization پر بنائی جائے تو بہتر ہو گا۔

ادبی فورمز کے متعلق آپ سے متفق ہوں۔

مذہبی فورمز کو مدغم کرتے ہوئے اس کا نام قرآن و سنت کی بجائے کچھ زیادو وسیع ہونا چاہیئے۔
 

زیک

مسافر
اگر لوگ کچھ شوق ظاہر کریں تو میرے خیال میں ایک فورم "خورد و نوش" بھی قائم کیا جائے۔ اس میں کھانے پینے کی تراکیب اور ریستوران کے review وغیرہ ہو سکتے ہیں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
زکریا: بہت اچھی تجویز ہے آپ کی، میں نے بھی اس کے بارے میں سوچا تھا۔ فورم کے ارکان سے درخواست ہے کہ اس پر بھی اپنی رائے دیں۔
 

سیفی

محفلین
ثبات ایک تغیر کو ہے زمانہ میں

سلام نبیل بھائی !

اردو محفل میں چوپالوں کی تنظیمِ نو کے بارے آپ کے خیالات سے میں متفق ہوں۔ ہر چیز میں بہتری کیلئے تبدیلی کا ایک مسلسل عمل جاری رہنا چاہیئے۔ بقولِ اقبال
ع۔۔۔ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں

اس محفل کی رونق میں اضافہ نہ ہونے کا شکوہ بجا ہے۔ میرے خیال میں اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ زیادہ تر یہاں سوالوں کے جواب ہی دیئے جاتے ہیں۔ اپنے طور پر مضامین (ادبی یا تکنیکی) بھیجنے کی رفتار سست ہے۔ اس سمت توجہ کی ضرورت ہے۔

تعلیم اور طالبعلم کی چوپال کا قیام خوش آئند ہے۔ خصوصاً بیرون ملک تعلیم حاصل کرنےکے خواہشمند طلباء کی ایک بڑی تعداد کو اس جانب لایا جاسکتا ہے اگر ان کی صحیح راہنمائی کی جائے۔

مذہبی موضوعات کے قیام کے بارے میں ، میں آپ کا شکر گزار ہوں۔ آپ کا شکوہ بجا ہے کہ اب ان چوپالوں میں زیادہ سرگرمی دکھائی نہیں دیتی۔ مسئلہ آپ کو بھی پتا ہے کہ مذہبی موضوعات پر اردو یونیکوڈ میں مواد اگر ناپید نہیں تو کمیاب ضرور ہے۔ میں آجکل قرآن مجید کے عربی متن اور اردو ترجمہ کو یونیکوڈ میں ڈھالنے کا کام کر رہا ہوں۔ اس لئے مصروفیات کی وجہ سے ادھر وقت نہیں دے پایا۔ آپ کو پتا ہے کہ یہ کام کتنا دقت طلب ہے ۔ اس میں ذرا سی غلطی بھی بہت بڑی غلطی ہے۔

میرے خیال میں مذہبی چوپالوں کی ترتیب یوں ہونی چاہئے۔
فلسفہ اسلام
قرآن و سنت
تاریخِ اسلام
مذاہبِ عالم

میں آجکل سید سلیمان ندوی کی مطبوعات کو یونیکوڈ میں ڈھالنے کا کام بھی کر رہا ہوں۔ ان کی تحریریں فلسفہ اسلام کے بارے ایک سند کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انھوں نے عقلی بنیادوں پر اسلام کی تعلیمات کی تشریح کی ہے۔ اور یہ مسلکی اختلافات سے بھی پاک ہیں۔

قرآن و سنت کی چوپال میں قرآن مجید کے متن اور ترجمہ کے علاوہ سیرت ہادی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اکٹھا پیش کیا جا سکتا ہے۔

تاریخِ اسلام کی چوپال کی اس لئے تجویز دی ہے کہ بہت سارے ایسے واقعات جو اسلام کے دورِ زریں کے نمائندہ ہیں۔ جیسے میں نے مذاہبِ عالم کی چوپال میں ارسال کئے تھے وہ اس چوپال میں آ جائیں گے۔

مذاہبِ عالم کی چوپال بھی رہنے دیجئے گرچہ اس میں سرگرمی نہ ہو۔ تاکہ کوئی بھی دوسرے مذہب کا شخص ادھر کا رخ کرے تو اسے گلہ نہ ہو۔

میں نے اپنی سمجھ کے مطابق تجاویز دی ہیں۔تاہم دیکھتے ہیں دوسرے اراکین کی کیا رائے ہے۔

سلامِ آخر
 

الف عین

لائبریرین
میں بھی اپنے مشورے دے دوں، بطور خاص منتظمیں اعلیٰ غالباً اردو ادب کی فورموں کے بارے میں میرے خیالات جاننا چاہیں۔
۱۔ جہانِ اردو کے نام سے اسپکٹرم اتنا بڑا ہو جاتا ہے کہ سارا اردو ادب اور بیت بازی تک اس میں سما جاتی ہے، اردو سے متعلق خبریں ہی اس میں دی جائیں تو بہتر ہے اور اس صورت میں نام ہو 'اردو نامہ'
۲۔ شاعری زیادہ کشش رکھتی ہے، اس لئے اس فورم (بزمِ سخن)کی تین سب فورمس ہوں۔ آپ کی شاعری، پسندیدہ شاعری اور شاعری کے بارے میں دوسری چیزیں۔ تنقید، تبصرے وغیرہ (سخن فہم اس سب فورم کا نام ہو سکتا ہے، یا 'ہم سخن فہم ہیں۔۔')۔ جہانِ نثر نامی فورم میں کہانی گھر (فکشن) سب فورم بھی ہو، اور پسندیدہ نثری تحریریں بھی اور ایک تبصرے کی سب فورم (یا کسوٹی نام کی ایک ہی فورم ھو شاعری اور نثر دونوں کے لئے۔ ) مزاح کے تحت بھی تین سب فورمس ہو سکتی ہیں۔ پسندیدہ تحریریں (جب ہم ہنس دئے)، آپ کی تحریریں (آپ ہنسیں سب کو ہنسائیں)، اور لطائف (قہقہے نام دیا جا سکتا ہے)۔
مذاہب میں اسلام کے تحت دو فورمس کافی ہیں ۔ قرآن اور سنہ، اور تیسری دوسرے مذاہب کے لئے۔
تعارف فورم کا خیال اچھا ہے۔ دیکھیں یہاں لوگ یہ بات قبول کرتے ہیں یا نہیں۔ یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ میں تو میں اکثر لکھتا تھا کہ ایک پرسنل فولڈر میں ٹیکسٹ فائل کی شکل میں ہی اپما تعارف اپ لوڈ کر دیں مگر بہت کم لوگوں نے بات سنی۔ پیغام کے طور پر ہر ایک کو دوسروں کے بارے میں فوراً معلوم ہو سکتا تھا، اس لئے کچھ پرائیویسی دینے کی خاطر میں نے فائل کی بات کی تھی، پھر بھی مایوسی ہوئی۔ خدا کرے ہم لوگ کامیاب ہو جائیں۔ میں اپنا تعارف انشاء اللہ جلد ہی لکھوں گا۔
والسلام
 

سیفی

محفلین
اعجاز اختر نے کہا:
مذاہب میں اسلام کے تحت دو فورمس کافی ہیں ۔ قرآن اور سنہ، اور تیسری دوسرے مذاہب کے لئے۔

اعجاز صاحب !
بصد احترام میں آپ سے کچھ اختلاف کرنا چاہوں گا۔ ادبی فورمز کے تحت تو آپ سات یا آٹھ فورمز کا تقاضا کر رہے ہیں لیکن اسلام کیلئے صرف دو۔۔۔۔۔۔چہ معنی دارد۔۔۔۔

برصغیر کی تاریخ کا مطالعہ آپ نے لازماً مجھ سے زیادہ کیا ہو گا۔ آپ کو پتہ ہے کہ اردو کی ترویج و ترقی میں جتنا ہاتھ اسلام کا ہے اتنا کسی اور کا نہیں۔ اردو کو فروغ دینے میں اولیاء کرام کی کاوشوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مشہور قلم نگار مصطفیٰ خاں نے اپنے ایک مضمون “ہماری اردو“ میں تفصیلاً لکھا ہے کہ ہندوستان میں اردو اولیاءکرام کی کوششوں کی مرہونِ منت ہے۔

اگرچہ اسلام کی فورمز میں زیادہ سرگرمی نہیں لیکن اس کی وجہ اسلامی مواد کا اردو یونیکوڈ میں نہ ہونا اور اس مواد کو اردو یونیکوڈ میں ڈھالنے اور اس کی پروف ریڈنگ کی مشکلات ہیں تاکہ حتی الوسع اس میں کوئی غلطی نہ ہو۔ ورنہ ایک ساتھی نے شروع میں بھی کہا تھا کہ اگر انٹرنیٹ پر اسلامی تعلیمات کے بارے کوئی غلط چیز شائع ہوگئی اور اس کو پڑھنے والے نے اس کو اختیار کر لیا تو اس کے غلط عمل کا ذمہ دار لکھنے والا ہو گا۔۔۔۔

میرے خیال میں جہاں اور فورمز موجود ہیں۔ اسلام کی فورمز بھی رہنے دیجئے ۔ اگر اسلام میں قوت ہوئی تو وہ اپنے قارئین کو متوجہ کر ہی لے گا۔ ۔۔نہیں تو آپ پھر ختم کر دیجئے۔۔۔۔ہم کیا اور ہماری درخواست کیا۔۔۔۔

میری اگر کوئی بات ناگوار لگے تو طفلِ نوآموز سمجھ کر جانے دیجئے گا۔

والسلام علیٰ منِ التبَع الھُدٰی
 

نبیل

تکنیکی معاون
سیفی:
اعجاز اختر صاحب نے کسی طور مذہبی موضوعات کی اہمیت کو کم اہم نہیں جتایا، اور نہ ہی میرے خیال میں زیادہ فورمز سیٹ اپ کرنے سے اسلام کی زیادہ خدمت سرانجام دی جائے گی۔ میرے خیال میں اسلام سے متعلقہ فورم میں قراٰن و سنت کا موضوع کافی ہے۔ میں ابھی بھی یہاں پوسٹ کیے جانے والے موضوعات سے پوری طرح سے مطمئن نہیں ہوں۔ ان فورمز کے سیٹ اپ کیے جانے کا مقصد محض یہ نہیں تھا کہ تبلیغی جماعت کے نصاب کو یونیکوڈ اردو کی صورت میں پیش کر دیا جائے۔ اس میں کچھ غلطی میری بھی ہے کہ ان فورمز پر پوسٹ کرنے کے رہنما اصول واضح طور پر وضع نہیں کیے گئے۔ میری پھر بھی یہ توقع تھی کہ اسلام کے عملی پہلو کی جانب توجہ کی جائے گی اور موجودہ زمانے کے حوالے سے مسائل پر گفتگو ہو گی۔ جہاں تک فلسفہ اسلام اور تصوف جیسے موضوعات کا تعلق ہے، یہ محض فورم کے ارکان کی دلچسپی پر منحصر ہے کہ وہ ان میں کتنی دلچسپی رکھتے ہیں۔ میری دانست میں ان دو موضوعات کا دین کے بنیادی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کے بغیر بھی گزارا ہو سکتا ہے۔ اس مرتبہ میں مذہب اور نظریات کی کیٹگری کا نام بدل کر اسلام رکھ رہا ہوں۔ مذاہب عالم فورم پر اب تک پوسٹ کیے جانے والے مضامین بھی میری نظر میں اس موضوع سے مناسبت نہیں رکھتے۔ آپ میری باتوں کا غلط مطلب نہ لیجیے گا، مجھے مذہبی موضوعات سے بہت لگاؤ ہے اور میں ہمیشہ مذہبی تحقیقی مضامین شوق سے پڑھتا ہوں۔ میرا مشورہ یہی ہے کہ ابھی بنیادی مذہبی موضوعات پر فورمز سے ابتدا کرتے ہیں، جب موضوعات کی کثرت اور وسعت سے اس فورم کا دامن تنگ ہونے لگے گا تو اسے بآسانی ذیلی فورمز میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
 

سیفی

محفلین
سلام نبیل بھیا !

آپکی ساری باتیں درست ہیں ۔۔ ہم کون ہوتے ہیں آپ کی باتوں کا برا ماننے والے۔۔۔۔۔آپ مختارِ کل ہیں اس بزم کے اور روحِ رواں ہیں اس رونق کے۔۔۔۔۔۔۔۔یہ بھی آپ کی عنائت ہے کہ اپنی بزم میں جگہ دی ہے۔۔۔۔۔

ویسے اگر تبلیغی جماعت کے نصاب کو بھی یونیکوڈ میں ڈھالا جاتا تو جہاں دین کی خدمت ہوتی وہاں اردو کی خدمت بھی ہوتی۔۔۔۔تصویر کے اس دوسرے رخ بارے آپ کی کیا رائے ہے۔۔۔؟

میں معذرت خواہ ہوں کہ آپ کے معیار کے مطابق پوسٹ نہیں کر پایا۔۔۔۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
سیفی:
کیا بات ہے آپ کی کسر نفسی کی اور سعادت مندی کی۔۔آپ ہماری محفل کی رونق ہیں اور آپ کا یہاں آنا ہمارے لیے باعث عزت ہے، آپ کیسی باتیں کرتے ہیں؟ آپ شوق سے تبلیغی نصاب کو یونیکوڈ میں کنورٹ کریں۔ میرے خیال میں میں کچھ ضرورت سے زیادہ ذاتی رائے دے گیا۔ ایسا میں عام طور پر اپنے بلاگ پر کرتا ہوں۔

اب میں ذرا محتاط ہوکر کچھ کہنے کی جسارت کروں گا۔ پرانی لکھی ہوئی کتابوں کی اہمیت اپنی جگہ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ہر کتاب الگ افادیت رکھتی ہے۔ کچھ تحاریر اتنی عام فہم ہوتی ہیں کہ عام آدمی بغیر کسی ردوقد کے انہیں سمجھ لیتا ہے۔ کچھ لوگ تحقیقی کام میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ میرے خیال میں آج کل دنیا کی سب بڑی زبانوں بشمول اردو میں اسلام پر اعلیٰ درجے کا تحقیقاتی کام ہورہا ہے۔ میرے خیال میں اس فورم کے ارکان بالعموم تعلیم یافتہ اور ذہین لوگ ہیں، وہ ایسے کام میں یقیناً دلچسپی رکھیں گے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ قراٰن کی خدمت کی جزا دینے والا ہے چاہے کس درجے کی کی جائے۔ یہ اسی طرح ہے جیسے قراٰن پڑھنے کا ثواب بغیر وضو کے بھی ہے لیکن وضو کے ساتھ زیادہ ہوتا ہے اور نماز میں پڑھنے کا اس سے بھی زیادہ۔

یہ فورم کسی بھی منتظم سے زیادہ آپ کی ہے اور آپ کی آراء ہمارے لیے اہم ہیں۔
 

جیسبادی

محفلین
اگرچہ میری عمومی رائے یہی رہی ہے کہ فورم لوگوں کا عملی رحجان دیکھ کر ہی بنائے جائیں، مگر چونکہ اب مذہبی موضوعات پر چوپال بن چکے ہیں، اس لئے انہیں یک لخت ختم کرنا مناسب نہیں لگتا۔ اب تک لکھنے والوں کی کل تعداد بیس پچیس سے زیادہ نہیں ہو گی، اس لیے پوسٹ کی تعداد ابھی کوئی معنٰی نہیں رکھتی۔

کاروباری لوگ جانتے ہیں کہ کوئی بھی کام چلنے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
سیفی۔ اسلام کی اہمیت برقرار، اور تاریخ اسلام کی بھی اہمیت صحیح مگر میں نہیں سمجھتا کہ اس موضوع پر آپ کے علاوہ دوسرے ممبران زیادہ پیغامات ارسال کر سکیں گے۔اردو کی زیادہ تر پاپولر ویب سائٹس اردو ادب کے باعث ہر دل عزیز ہیں، اس لئے دیکھئے یہاں بھی اس ضمن کی پوسٹس زیادہ ہیں اور زیادہ کیٹگریز کرنا ضروری ہوگا۔
 

منہاجین

محفلین
کچھ مذہبی چوپالوں بارے

محفل میں متحرک ممبران اور پیغامات کی کمی کے اَسباب میں مجھے ہمیشہ اُردو سے محبت رکھنے والے لوگوں کی "اِنٹرنیٹ" اور "اُردو کمپیوٹر" تک عدم رسائی ہی سب سے اہم دکھائی دی۔ ایسا اِس خطے کی عمومی پسماندگی کی وجہ سے ہے۔

مذہبی طبقے میں یہ مسئلہ محبینِ اُردو سے بھی کئی گنا بڑھ کر پایا جاتا ہے۔ دنیا کی کسی بھی دوسری دوڑ کی طرح "اِنٹرنیٹ کی رسائی" اور "اُردو کمپیوٹر" کے اِستعمال سے بھی مذہبی طبقہ اپنی فطری پسماندگی کی وجہ سے دور ہے۔ میرے خیال میں مذہبی چوپالوں میں دیگر گوشوں کی نسبت کم پیغامات کی یہ ایک اہم وجہ ہو سکتی ہے۔

سیفی کی رائے، یونیکوڈ اُردو میں اِسلام بارے مواد کی عدم دستیابی پوسٹوں کی قلت کا باعث ہے، بھی کسی حد تک درست ہو سکتی ہے۔ تاہم ہمیں ایک بات نہیں بھولنی چاہیئے کہ اُردو ادب بھی تو یونیکوڈ میں اُسی طرح معدوم ہے جیسے اِسلامی تعلیمات۔ سیفی کے اِرادے اچھے ہیں، اب جذبہ اور ہمت برقرار رہے تو امید ہے کہ جلد ہمیں اِسلام بارے مواد کا بڑا اِضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

سرِدست ناچیز کی رائے میں "قرآن و سنت"، "سیرتِ سرورِ کائنات" اور "اِسلام اور عصرِ حاضر" کو ختم نہ کیا جائے اور اِن کے علاوہ دیگر کیٹیگریز کے اِضافہ کو پیغامات کی کثرت کے ساتھ مشروط قرار دے دیا جائے۔

جوں جوں اِسلام بارے مواد میں اِضافہ ہوتا چلا جائے، نئی کیٹیگریز کا اِضافہ کر لیا جائے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
منہاجین، جن موضوعات کا آپ نے ذکر کیا ہے انہیں ختم کرنے کا تو میں نے بھی نہیں کہا۔ جیسا کہ گزشتہ کسی پیغام میں گزارش کر چکا ہوں کہ قراٰن و سنت کا موضوع بدل کر مثال کے طور پر اسلامی تعلیمات کر دیا جائے گا کہ اس چوپال میں اسلام سے متعلق زیادہ موضوعات پر مضامین پوسٹ کیے جا سکیں۔ جیسا کہ آپ نے ذکر کیا ہے، مزید چوپالوں کا اضافہ پوسٹ کیے جانے مضامین اور ان کے تنوع پر منحصر ہے۔

اب کچھ میں اپنی بھی عرض کروں۔ انہی عرضیات کی بنا پر شاید سیفی شاید روٹھ گئے ہیں۔ پہلے آپ کی پوسٹ کا اقتباس پیش ہے۔۔

مذہبی طبقے میں یہ مسئلہ محبینِ اُردو سے بھی کئی گنا بڑھ کر پایا جاتا ہے۔ دنیا کی کسی بھی دوسری دوڑ کی طرح "اِنٹرنیٹ کی رسائی" اور "اُردو کمپیوٹر" کے اِستعمال سے بھی مذہبی طبقہ اپنی فطری پسماندگی کی وجہ سے دور ہے۔ میرے خیال میں مذہبی چوپالوں میں دیگر گوشوں کی نسبت کم پیغامات کی یہ ایک اہم وجہ ہو سکتی ہے۔

اب میری عرض یہ ہے کہ مذہبی موضوعات پر چوپالوں کی شمولیت سے میرا مقصد کسی مخصوص مذہبی طبقے کو لکھنے کا موقع دینا نہیں تھا۔ کیا ہم لوگ مذہبی نہیں ہیں؟ ایسے کم ہی ہوں گے جو مذہب سے بیزار ہوں گے اور جو ہیں وہ ایسا علی الاعلان نہیں کرتے۔ آپ جیسے سند یافتہ مذہبی لوگوں کی موجودگی میں یہاں کس مذہبی طبقے کی کمی رہ جاتی ہے؟

رہی بات یونیکوڈ اردو میں مواد کی عدم دستیابی کی، تو یہ بات کم از کم ہماری راہ میں رکاوٹ نہیں ہونا چاہیے۔ اگر ہم نے اردو زبان کو ترویج و ترقی دینا ہے تو سب سے پہلے ہمیں اس حقیقت کو قبول کرنا ہوگا کہ پہلا قدم کی بورڈ پر ٹائپ کرنا ہے۔ صرف دوسرے روابط سے کاپی اور پیسٹ کرنے سے کام تو نہیں چلے گا۔

اردو زبان اور اسلام سے محبت کا دعوٰی ہے تو اتنی محنت تو کرنی چاہیے کہ کسی مشہور تفسیر میں سے کچھ آیات کی تشریح یا معارف الحدیث میں سے کسی حدیث کی تفصیل پیش کر دی جائے۔ وماعلینا البلاغ۔
 

منہاجین

محفلین
محبینِ اُردو بمقابلہ خادمینِ اِس

نبیل:

۔۔۔تو میں نے کب کہا کہ آپ نے ایسا کہا ہے۔ :)

قرآن و سنت کا نام تبدیل کر کے اِسلامی تعلیمات کی طرح کا کوئی عمومی نام رکھ دینا اچھا اقدام ہوگا۔

اُردو تو برصغیر کے کم و بیش ہر گوشے میں بولی جاتی ہے مگر محبینِ اُردو سے مُراد اُس کی خدمت کے لئے وقت نکالنے والے لوگ ہیں۔ بعینہ مذہبی طبقہ سے مراد کوئی خاص مکتبہء فکر نہیں، اِسلام کے لئے وقت نکالنے والے لوگ ہی ہیں۔

کاپی پیسٹ کی بجائے نئے سرے سے لکھنا نہایت عمدہ بات ہے، مگر فی الحال تو کاپی پیسٹ بھی کوئی خاص دکھائی نہیں دیتی۔ :(

اب اگر آپ میری اُوپری تحریر کو ذرا دوبارہ پڑھیں تو اُمید ہے کہ خاصا اِفاقہ ہوگا۔ :wink:
 
Top