ساتویں سالگرہ محفل فورم کی ساتویں سالگرہ کے موقعے پر

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستان محفل، السلام علیکم
محفل فورم کی ساتویں سالگرہ کے موقعے پر میں آپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی آپ سالگرہ کے اس موقعے کو پر رونق اور یادگار بنائیں گے۔ آپ میں سے کئی دوست تو اس معمول سے واقف ہوں گے جبکہ چند دوستوں کے لیے جو کہ کچھ عرصہ پہلے ہی اس محفل کا حصہ بنے ہیں، یہ موقعہ نیا ہوگا۔ محفل فورم کا قیام 30 جون اور یکم جولائی 2005 کی رات کو عمل میں آیا تھا۔ محفل فورم کے قیام کے ایک سال مکمل ہونے کے موقعے کو ہم نے یادگار بنانے کے لیے مختلف زمرہ جات میں خصوصی سلسلوں کا آغاز کیا۔ ان میں آئی ٹی ٹیوٹوریلز کے ساتھ ساتھ ادبی محافل بھی شامل تھیں اور اس کے علاوہ گزشتہ سال کی کارکردگی کی بنا پر اعزازات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔ محفل فورم کی سالگرہ منانے کا سلسلہ سب کو اتنا پسند آیا کہ اب ہر سال اس کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ بعد میں ہم نے فورم پر سالگرہ کی تقریبات کے لیے ایک علیحدہ زمرہ بھی مخصوص کر دیا۔ شروع میں کچھ دوست فورم کی سالگرہ کی رونق بڑھانے میں آگے آگے ہوتے تھے، وہ اب ہمارے ساتھ نہیں رہے ہیں، لیکن ان کی جگہ دوسرے دوستوں نے لے لی ہے۔ ان سات سالوں میں نہ صرف محفل فورم کا روپ بدلتا رہا ہے، بلکہ انٹرنیٹ پر اردو کا نقشہ بھی تبدیل ہوتا گیا ہے۔ اب انٹرنیٹ پر اردو کی سائٹس کی بہتات نظر آتی ہے۔ اردو بلاگز اور اردو چوپالوں کے علاوہ اردو اخبارات اور دوسری عمومی اردو ویب سائٹس بھی اب نیٹ پر کثرت سے موجود ہیں۔ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا اور پڑھنا پہلے سے کہیں زیادہ سہل ہوگیا ہے۔ گوگل پر اردو میں کسی لفظ پر تلاش سے ہر مرتبہ نئئ اردو ویب سائٹس کے روابط دیکھنے میں آتے ہیں۔ اب سرچ انجنز پر اردو ویب سائٹس بھی خاطر خواہ مقدار میں انڈکس ہو چکی ہیں۔ کسی شعر کے ایک مصرعے پر سرچ کی جائے تو کافی امکان ہے کہ آپ کو دوسرا مصرعہ یا پوری غزل بھی مل جائے۔ :) ان سب تبدیلیوں میں اردو ویب اور اردو محفل کا مرکزی کردار رہا ہے۔ ہر دوسری اردو ویب سائٹ پر پر آپ کو اردو ایڈیٹر یا نوری نستعلیق فونٹ کی شکل میں اردو ویب کی چھاپ نظر آ سکتی ہے۔ اردو ویب پر تحقیق او رتعلیم کا یہ سلسلہ الحمداللہ ابھی تک جاری ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

محفل فورم کا گزشتہ سال کا سب سے اہم اور یادگار واقعہ یقیناً اس کی نئے فورم سوفٹویر زین فورو پر منتقلی تھا۔ محفل فورم پر اس طرح کی تبدیلی کے کئی مواقع آ چکے ہیں۔ پی ایچ پی بی سے وی بلیٹن سوفٹویر پر منتقلی بھی ایسا ہی اہم موقعہ تھا۔ محفل فورم کی زین فورو پر منتقلی کا موقعہ کئی اعتبار سے یادگار اور منفرد ہے۔ اس کی کچھ یادداشتیں آپ کو اس ربط پر مل جائیں گی۔ محفل فورم کی نئے فورم سوفٹویر پر منتقلی کے بعد ایک اور غالباً اس سے بھی بڑی اور اہم تبدیلی عمل میں یہ آئی کہ ہم نے اردو ویب کی ہوسٹنگ تبدیل کر لی ہے اور نئی ویب ہوسٹنگ سروس بھی پرانی ویب ہوسٹنگ کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔ ان تمام تبدیلیوں کا نمایاں طور پر مثبت اثر دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ چھ مہینے میں محفل فورم کی رونق میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ میں اپنے ساتھ منتظمین اور تمام دوستان محفل کا مشکور ہوں جن کی تکنیکی مدد اور حوصلہ افزائی کی بدولت یہ تبدیلیاں رو بہ عمل آ سکی ہیں۔

محفل فورم کی سالگرہ کے موقعے پر جہاں ہم گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں وہاں آئندہ کے لیے اہداف کا تعین اور لائحہ عمل بھی طے کیا جاتا ہے۔ ہمیشہ کی طرح آج بھی اردو ویب پر بالخصوص اور اردو کمپیوٹنگ کے منظر نامے پر بالعموم جوش و خروش کی فضا ہے۔ انچشاء اللہ جلد ہی تاج نستعلیق کی صورت میں ہمارے پاس ایک خوبصورت نستعلیق فونٹ دستیاب ہوگا۔ یہاں میں ایک مرتبہ پھر تاج نستعلیق کی تیاری کے سلسلے میں عطیات اکٹھا کرنے کی اپیل کو دہراؤں گا۔ اردو ٹائپوگرافی میں ابھی بھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس سلسلے میں اچھی ڈیویلپمنٹ دیکھنے میں آئے گی۔

گزشتہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ہماری کوشش ہوگی کہ محفل فورم کی سالگرہ کے موقعے کو یادگار بنایا جائے۔ اس مقصدکے لیے ادبی اور معلوماتی سلسلوں کے ساتھ ساتھ تفریحی سلسلے بھی شروع کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کچھ دوستوں نے اپنی جانب سے منصوبے تیار کر رکھے ہیں۔ دوسرے دوست بھی اس کام میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس محفل کو اسی طرح پر رونق اور قائم و دائم رکھے۔ آمین۔

محفل فورم کی گزشتہ سالگرہوں کے مواقع پر میری خصوصی تحاریر کے روابط ذیل میں ہیں۔


محفل فورم کی چھٹی سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی پانچویں سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی چوتھی سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر!
محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!
آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
اردو محفل کے نام
بزمِ شاہنشاہ میں اشعار کا دفتر کھلا​
رکھیو یارب ! یہ درِ گنجینہ گوہر کھلا​
محفل کی ساتویں سالگرہ کے نام
شب ہوئی ، پھر انجمِ رخشندہ کا منظر کھلا​
اس تکلف سے کہ گویا بت کدے کا در کھلا​
اردو محفل انتطامیہ کے نام
تم سلامت رہو ہزرا برس​
ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار​
 
کل رات ہم اسی انتظار میں سو گئے کہ سالگرہ کی شمع روشن ہو۔ یہ سچ ہے کہ ہمیں ہمیشہ سے یہ احساس رہا ہے کہ نبیل بھائی اور زکریا بھائی کے خطاب کے بغیر اس تقریب کی شروعات نہیں ہوتی۔ اب جب کہ سالگرہ کی صدارتی تقریر بھی نشر کی جا چکی ہے تو چل کر کچھ ہنگامے کرتے ہیں۔ :) :) :)
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
ایک شعر اردو محفل کے نام جو پہلے بھی پوسٹ کر چکا ہوں ایک دفعہ پھر شاعر سے معذرت کے ساتھ

زندگی کا نصاب ہو جیسے
اردو محفل کتاب ہو جیسے

اور

دعا کی صورت میں اسکی خاطر
جو میرے ہونٹوں سے لفظ نکلے
جو میری آنکھوں سے اشک نکلے
انہی کے بدلے میں اے خدایا !!
تو جب بھی اس کا نصیب لکھنا
عروج لکھنا ، کمال لکھنا
کبھی نہ لفظ زوال لکھنا
 

محمد وارث

لائبریرین
میری طرف سے بھی سب دوستوں کو اردو محفل کی ساتویں سالگرہ مبارک ہو۔

اور برادرم نبیل آپ کا اس سال کا سالانہ خطاب بھی خوب ہے :)
 
Top