محمدﷺ کا مقام اللہ اکبر

خدائے پاک ربّ العالمیں ہیں
محمد ﷺ رحمت اللّعالمیں ہیں

محمد ﷺ خوبرو اعلی تریں ہیں
محمد ﷺ سب حسینوں سے حسیں ہیں

محمدﷺ کے ثنا خواں حور و غلماں
محمد ﷺکے فرشتے تابعیں ہیں

محمدﷺ امت عاصی کے شافع
محمد ﷺ ہی شفیع المذنبیں ہیں

محمدﷺ کا مقام اللہ اکبر
محمد ﷺ حق تعالی کے قریں ہیں

محمدﷺ ہی خدا کے رازداں ہیں
محمد ﷺ ہی خدا کے ہمنشیں ہیں

محمدﷺ دونوں عالم کے نگہباں
محمدﷺ ہی تو نور ِاولیں ہیں

محمد ﷺ کے لیے ساری خدائی
محمد ﷺ ہی خدائی کے امیں ہیں

محمدﷺ سارے نبیوں کے ہیں رہبر
محمد ﷺ ہی تو ختم المرسلیں ہیں

محمد ﷺ ہر طرف جلوہ نما ہیں
محمد ﷺہر طرف جلوہ نشیں ہیں

محمد ﷺ ہی متاع ِدوجہاں ہیں
محمد ﷺ واقف ِاسرار ِدیں ہیں

محمد ﷺ ہی کا پرتو ہر طرف ہے
محمدﷺ ہی تو اک ماہ ِمبیں ہیں

محمدﷺ کی ضیاء شمس و قمر میں
محمدﷺ کی ادائیں بر زمیں ہیں

محمدﷺ حکراں ہیں بحر و بر کے
محمد ﷺ حاکم ِ دنیا و دیں ہیں

محمد ﷺ ساقیء تسنیم و کوثر
محمدﷺ مالک ِخلد ِ بریں ہیں

محمدﷺ باعث ِ لطف و کرم ہیں
محمد ﷺ راحت ِقلبِ حزیں ہیں

محمد ﷺ ہی سے مہکے گلشن و گل
محمد ﷺ ہی تو بوئے عنبریں ہیں

محمدﷺ ہی ہیں محشر کے نگہباں
محمد ﷺ ہی نبی ء آخریں ہیں

غزل تم نعت ان کی کیا لکھو گی
تری مدحت سے وہ بالا نشیں ہیں

سیدہ سارا زوہیب غزل
ََِ۲۰۰۶ ، بی ایس سی کے دور طالب علمی میں کالج میگزین کے لئے لکھی نعت سرورِ کونینﷺ
 
Top