محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مصباح الحق بدستور ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی کپتانی کرتے رہیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان کی تقرری کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکاء اشرف نے جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
اس موقع پر سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان کی ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا۔
ذکاء اشرف نے مصباح الحق کی کپتانی کی تعریف کی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹیم کے مستقبل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
لاہور سے بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے تین الگ الگ تین ٹیموں کا اعلان کیا اور کہا کہ مصباح الحق کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
اقبال قاسم کے مطابق تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے تین مختلف وکٹ کیپر ہیں، ٹیسٹ ٹیم کے لیے عدنان اکمل، ون ڈے کے لیے سرفراز احمد اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے شکیل انصر کو رکھا گیا ہے۔
ٹیم میں سب سے حیران کن نام محمد سمیع کا تھا جو بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی نہ دکھانے کے باعث کافی دیر سے ٹیم سے باہر تھے تاہم اقبال قاسم کے مطابق انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور اس سیزن میں تیرہ میچز میں چھیاسٹھ وکٹیں لینے کے علاوہ چھ سو سینتس رنز بنائے ہیں اس لیے وہ میرٹ پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
محمد سمیع کو ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ تینوں ٹیموں میں رکھا گیا ہے۔ یاسر عرفات کی بھی کافی عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تاہم وہ صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔
پاکستان کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر کھلاری کو اس کی کارکردگی کی بنا پر رکھا ہے اور ٹیم میں کوئی سفارشی کھلاڑی شامل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں کوچ، کپتان کے مشورے کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کی کارکردگی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
اقبال قاسم نے کہا کہ کوشش یہ کی گئی کہ ٹیم کے نیوکلیئس کو زیادہ نہ چھیڑا جائے اور کچھ نوجوان اس لیے شامل کیے گیے تاکہ انہیں بین الاقوامی تجربہ دیا جائے۔

ٹیسٹ ٹیم:

محمد حفیظ، توفیق عمر،اظہر علی، مصباح الحق (کپتان) ،یونس خان، اسد شفیق، عدنان اکمل، عمر گل، سعید اجمل، عبدالرحمن، محمد سمیع، فیصل اقبال، جنید خان، آفاق رحیم، محمد ایوب ڈوگر اور اعزاز چیمہ۔

ون ڈے ٹیم:

محمد حفیظ، ناصرجمشید، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، عمر اکمل، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، عمر گل،راحت علی، سعید اجمل، عبدالرحمن، محمد سمیع، اسد شفیق، اعزازچیمہ،اظہر علی اور عمران فرحت۔

ٹی ٹونٹی ٹیم:

خالد لطیف، احمد شہزاد، محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، عمر اکمل، شکیل انصر، شاہد آفریدی، یاسر عرفات، عمر گل، سہیل تنویر، سعید اجمل، رضا حسن، حارث سہیل، محمد سمیع، حماد اعظم اور ناصر جمشید۔
ربط:بی بی سی اردو
 

شمشاد

لائبریرین
اچھی خبر ہے۔

میری رائے لی جاتی تو ٹُک ٹُک کپتان کو اگر رکھنا ہی تھا تو صرف ٹیسٹ کرکٹ کے لیے لیتے۔
 

محمد امین

لائبریرین
اگر یہ مستقبل کی پیش بندی کے طور پر بنایا گیا کپتان ہے تو پھر کسی اور نوجوان کو بنانا چاہیے تھا کہ جہ کم از کم 6،7 سال مستقل کپتانی کر سکے، جیسا کہ پونٹنگ اور دھونی کو بنایا گیا تھا۔۔۔ حفیظ صاحب بھی اب تیس کے پیٹے میں ہیں۔۔۔۔
 
Top