شعیب سعید شوبی
محفلین
پاکستان کرکٹ کو ایک اوردھچکا،محمد یوسف نے آئی سی ایل جوائن کرلی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر اور ریکارڈ ساز بیٹسمین محمد یوسف نے باغی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل )جوائن کر لی ہے۔یہ خبر یوسف کے چاہنے والوں کیلئے کسی دھماکے سے کم نہیں ہے بلکہ اس خبر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جڑیں ایک بارپھر ہلا کررکھ دیں ہیں۔پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان نے گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران یوسف کے باغی لیگ جوائن کرنے کی تصدیق کی ۔ 34سالہ محمد یوسف کے انڈین کرکٹ لیگ جوائن کرنے کی اطلاع ایک ایسے مرحلے پر سامنے آئی جب سلیکٹرز نے صرف چند گھنٹے پہلے انکا نام ابو ظہبی سیریز کے لئے قومی ٹیم میں شامل کیا تھا ۔ذاکر خان نے بتایا کہ محمد یوسف نے کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی کو اپنی بھارت روانگی کے بارے میں اطلاع دی تاہم ہم نے یوسف کی اہلیہ سے بات کی ہے اور انہوں نے تصدیق کی یوسف آئی سی ایل کھیلنے کی غرض سے سرحدپار چلے گئے ہیں۔اس سے پہلے بھی محمد یوسف نے گز شتہ برس ٹونٹی 20عالمی کپ کے لئے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد دلبر داشتہ ہو کر آئی سی ایل جوائن کی تھی تاہم انہیں سابق چےئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف نے آئی سی ایل جوائن کرنے سے منع کیا اور انہیں ہرطرح کی سپورٹ دینے کا وعدہ کیا لیکن نسیم اشرف کی جانب سے کچھ ایسے وعدے جو وفا نہ ہو سکے یوسف کافی دلبرداشتہ تھے۔ بعد ازاں آئی سی ایل کی جانب سے قانونی کاروائی کے نتیجہ میں محمد یوسف انڈین پریمےئر لیگ کھیلنے سے بھی محروم رہے اور یہ معاملہ تاحال بھارتی عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔ذاکر خان نے یوسف پر دوسرے باغی کھلاڑیوں کی طرح پابندی کا عندیہ دیتے ہوے کہا کہ بیٹسمین کے خلاف کاروائی بورڈ کے قانون کے مطابق ہو گی جس سے واضع جھلک رہا ہے کہ یوسف کیلئے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوچکے ہیں اور یہ سچ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ پاکستان تاریخ کی عظیم ترین بیٹسمین سے محروم ہوگیا ہے۔پاکستان کی جانب 79ٹیسٹ میچوں میں 55کی ریکارڈ اوسط سے 6770اور269ایک روزہ بین الاقوامی میچوں 9242رنز بنانے والے محمد یوسف کا انٹرنیشنل کیر ئیر اب بظاہر اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں 23اور ون ڈے کرکٹ میں 15سنچریاں سکور کرنے والے یوسف کو پاکستان کرکٹ کا دیو مالائی کردار سمجھا جاتا ہے ان کا شمارعہد حاضر کے عظیم بیٹسمینوں میں کیا جاتا ہے۔پاکستان کرکٹ کیلئے یہ بھی ایک اعزاز تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے یوسف واحد ایسے کھلاڑی تھے جو ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ کے ٹاپ ٹین بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کی نمائندگی کرتے چلے آرہے تھے ۔