چیئرمین بحریہ ٹاون کا سیلاب متاثرین کو 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان
لاہور (خصوصی رپورٹ) چیئرمین بحریہ ٹاون ملک ریاض حسین نے اپنے 75 فیصد اثاثے سیلاب زدگان کو دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ غیر معمولی پیشکش انہوں نے معروف امریکی ٹی وی چینل سی این این کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کی۔ انٹرویو میں ملک ریاض حسین نے بتایا ان کے 75 فیصد اثاثوں کی مالیت دو ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ ملک ریاض حسین نے کہا بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کو 700 ملین ڈالرز دینے کے وعدے کئے ہیں اور وہ اس مجموعی امداد سے دوگنی امداد دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی زراعت بالکل تباہ ہو گئی ہے۔ پاکستانی معیشت کو ساٹھ فیصد نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں 140 امیر ترین افراد موجود ہیں۔ ان پاکستانیوں سے درخواست کریں گے کہ وہ ملک و قوم کو درپیش اس مشکل گھڑی میں آگے آئیں اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔ ایک سوال کے جواب میں ملک ریاض حسین نے کہا باہر سے دی جانے والی امداد حکومت کے ذریعے خرچ کرنے سے 48 فیصد ضائع ہو جانی ہے۔ انہوں نے بتایا اگر حکومت امداد ایسی کمپنی کو دیتی ہے تو وہ 20 فیصد اپنا اس میں سے منافع رکھتی ہے‘ چھ فیصد انکم ٹیکس کی نذر ہو جاتی ہے اور بائیس فیصد امداد کرپشن کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ ملک ریاض حسین نے کہا 25
ارب ڈالرز سے پاکستانیوں کے لئے
دس ہزار گھر تعمیر کئے جا سکتے ہیں۔ دس ہزار گھروں کا مطلب یہ ہے کہ ان گھروں میں
80 ہزار افراد رہ سکتے ہیں اور ان افراد کو
سکولز‘ ہسپتالوں اور دیگر تمام سہولیات میسر ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ملک ریاض حسین نے کہا اگر حکومت ان کو گھروں کی تعمیر کی پیشکش کرتی ہے تو وہ بخوشی ا سے قبول کریں گے اور کوئی منافع نہیں لیں گے بلکہ وہ اپنی طرف سے بھی رقم دینے کو تیار ہیں۔ ملک ریاض حسین نے بتایا اگر چار ہزار ڈ الر سے ایک اچھے گھر کی تعمیر ہوتی ہے اور ایک عام پاکستانی صرف ایک پاونڈ سے پانچ دن تک کھانا کھا سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ امداد کے خرچ کو مانیٹر کرنے کے لئے حکومت ا یک کمیٹی بنائے جو تمام چیزوں پر نظر رکھے۔ ملک ریاض حسین نے بتایا سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کے لئے ان کی کمپنی نے ایک پروگرام ”دستر خوان“ شروع کر رکھا ہے اس پروگرام کے تحت ڈیڑھ لاکھ متاثرین کو دن میں دو مرتبہ کھانا دیا جاتا ہے اور موبائل ہسپتالوں میں 80 ہزار افراد کو مفت طبی سہولیات روزانہ فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا ”دسترخوان“ پروگرام کے تحت متاثرین کو کپڑے‘ تعلیم‘ شیلٹر اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ ملک ریاض حسین نے کہا دسیوں لاکھ ہر دن ہر مہینے خرچ کرتے ہیں لیکن اب وقت ہے کہ ہمیں اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہئے۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ اگر ان کے پاکستانی بھائی مشکل میں ہیں تو وہ چین سے نہیں سو سکتے۔