موٹاپے کے فائدے

شمشاد خان

محفلین
موٹے لوگوں کے لیے نایاب تحریر

عام خیال پایا جاتا ہے کہ دبازت یعنی موٹاپا ایک بیماری ہے۔ یہ بیانیہ کلیتاً جھوٹ، مکاری اور دروغ گوئی پر منحصر ہے۔ سوکھے سڑے لوگوں نے اپنی کمزوریاں چھپانے کے لیے دبیز لوگوں کو بدنما لکھ کر ایک بھیانک سیاسی چال چلی ہے۔

دبازت یعنی موٹاپے کے خلاف لکھنے والوں کی تاریخ اٹھا کر دیکھی جائے تو پتا چلتا ہے کہ وقت نے انہیں سوکڑے کے مارے ہوئے، چوچے، سوٹی شاہ، چھلکے، چھچھوندر وغیرہ جیسے القاب سے نوازا۔ پتلی خواتین ہر زمانے میں چھپکلی، چونچ، چوسنی کے نام سے یاد کی گئیں۔ کیا یہ محض ایک اتفاق ہے کہ ایسے ناموں کی اکثریت حرف چ سے شروع ہوتی ہے؟

موٹاپے کی اہمیت

  1. موٹا اہم ہوتا ہے۔ اس پر دلیل یہ ہے کہ کوئی طویل بات ہو تو ہم کہتے ہیں، "تفصیل رہنے دو، موٹی موٹی بات بتا دو۔"
  2. اہم بات ہمیشہ بولڈ یعنی موٹے حروف میں لکھی جاتی ہے۔ اس سے ایک اور بات پتا چلتی ہے کہ موٹے بولڈ ہوتے ہیں اور پتلے اٹالکس یعنی ڈنگے ونگے آڑے ترچھے!
  3. کنواروں کے والدین انھیں بیاہنے کے لیے ہمیشہ "موٹی" آسامی ڈھونڈتے ہیں، پتلی سے ہمیشہ پرہیز کیا جاتا ہے۔
  4. "موٹی آنکھوں" کو خوبصورت جبکہ چھوٹی آنکھوں کو "چُنھی"، "چائنہ ماڈل" اور "کینہ پرور" کہا جاتا ہے۔
  5. جن گاڑیوں کے انجن کمزور ہو جاتے ہیں ان کے لیے "موٹا" انجن آئل استعمال کیا جاتا ہے۔
  6. "موٹے" گوشت میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
  7. موٹی عورتوں کی عمر اُن لوگوں سے طویل ہوتی ہے جو انھیں موٹی کہتے ہیں۔ یاد رہے ان لوگوں کی موت طبعی نہیں ہوتی! ذرا سوچیے!
  8. تحقیق سے پتا چلا کہ پچھلے ایک سو سال کے دوران اغوا ہونے والے خواتین و حضرات میں موٹے لوگوں کی شرح 0.05 فیصد رہی۔ پس دبازت آپ کی زندگی کو لاحق خطرات کم کرتی ہے۔
  9. خوش خوراکی موٹے لوگوں کی خصلت ہے۔ سوکھے سڑوں کو کھانے کی احتیاج ہوتی ہے نہ تمیز۔
  10. موٹے لوگوں کی وجہ سے برانڈ ریسٹورنٹس بنتے ہیں، کثیر تعداد میں لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ یوں موٹاپا بے روزگاری میں کمی کا باعث بنتا ہے۔
  11. موٹے لوگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے زیادہ اناج کی ضرورت ہوتی ہے اور یوں کسانوں کو اناج کی اچھی قیمت ملتی ہے۔ موٹاپا کمال، کسان خوشحال! ملکی معیشت بحال!
  12. موٹے لوگ عشق میں "دنیا کو ہلا دینے" کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چوچے صرف زبانی دعوے کر سکتے ہیں۔
  13. موٹے لوگ کسی صورت بھی میدان چھوڑ کر نہیں بھاگ سکتے! مر جائیں گے لیکن ڈٹے رہیں گے، پڑے رہیں گے یا تھوڑا بہت دائیں بائیں لڑھک جائیں گے۔
  14. موٹے لوگ بہت اچھے کُشن ثابت ہوتے ہیں۔ آپ ان سے ٹیک لگا سکتے ہیں۔ بچے ان کے پیٹ کو بطور ٹرامپولین استعمال کر سکتے ہیں۔ موٹے لوگ بچوں کے لیے ایک دبیز گود میسر کرتے ہیں۔
  15. موٹے لوگ یو ٹرن نہیں لیتے کیونکہ فزکس کے قوانین کے مطابق ان کو روکنے اور واپس بھیجنے کے لیے ان سے بھی موٹی قوت درکار ہوتی ہے۔

موٹاپے سے دشمنی کا انجام

موٹی عورتوں کو "بھینس"، "بلڈوزر" اور "ٹریکٹر ٹرالی" کہنے والوں کو معاشرہ عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھتا۔ ایسے لوگوں کو الیکشن میں بھی مکافاتِ عمل سے سامنا ہوتا ہے۔

عدم دبازت کے نقصانات

  1. پتلا ہونا ایک بیماری یا روگ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ عشاق عموماً کہتے پائے جاتے ہیں، "میں تمہارے عشق میں سوکھ کر کانٹا ہو گیا۔" یہ کوئی نہیں کہتا کہ "سلم اینڈ سمارٹ" ہو گیا۔
  2. "فلاں کو دیکھ کر حالت "پتلی" ہو گئی! پتا چلا پتلاہٹ یا عدم دبازت بزدلی ہے، کمزوری ہے، لاچاری ہے!
  3. جیل کی دال جس میں نوے فیصد پانی اور دس فیصد دال ہوتی ہے، پتلی دال کہلاتی ہے۔
  4. "خون پتلا ہونا" محاورے سے اشارہ ملتا ہے خون کی ڈینسٹی میں کمی لوگوں کو بے وفا کرتی ہے۔ چنانچہ دبازت وفا اور عدم دبازت بے وفائی کا استعارہ ہیں۔
پس ثابت ہوا:

موٹاپا زندگی ہے۔ اس سے پیار کیجیے!
(فیسبک سے منقول)
 
آخری تدوین:
Top