میں ایسی محبّت کرتی ہوں

عمر سیف

محفلین
تم جب بھی گھر پر آتے ہو
اور سب سے باتیں کرتے ہو
میں اوٹ سے پردے کی جاناں
بس تم کو دیکھتی رہتی ہوں
اِک تم کو دیکھنے کی خاطر
میں کتنی پاگل ہوتی ہوں

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟

جب دروازے پہ دستک ہو
یا گھنٹی فون کی بجتی ہو
میں چھوڑ کے سب کچھ بھاگتی ہوں
اور تم کو جو نہ پاؤں تو
جی بھر کے رونے لگتی ہوں

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟

محفل میں کہیں بھی جانا ہو
کپڑوں کی سلیکشن کرنا ہو
رنگ بہت سے سامنے بکھرے ہوں
اُس رنگ پہ دل آجاتا ہے
جو رنگ کے تم کو بھاتا ہے

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟

روزانہ اپنے کالج میں
کسی اور کا لیکچر سُنتے ہوئے
یاں بریک کے خالی گھنٹے میں
سکھیوں سے باتیں کرتے ہوئے
میرے دھیان میں تم آ جاتے ہو
میں، میں نہیں رہتی پھر جاناں
میں تم میں گُم ہو جاتی ہوں
بس خوابوں میں کھو جاتی ہوں
اُن آنکھوں میں کھو جاتی ہوں

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟

ہر چہرہ تم سا لگتا ہے
وہ شام ہو یا پھر دھوپ سمے
سب کتنا بھلا سا لگتا ہے
جانے یہ کیسا نشہ ہے
گرمی کا تڑپتا موسم بھی
جھاڑے کا مہینہ لگتا ہے

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟

تم جب بھی سامنے آتے ہو
میں تم سے سُننا چاہتی ہوں
کاش کبھی تم یہ کہہ دو
تم مجھ سے محبت کرتے ہو
تم مجھ کو بہت ہی چاہتے ہو
لیکن جانے تم کیوں چُپ ہو
یہ سوچ کے دل گھبراتا ہے
ایسا تو نہیں ہے نہ جاناں
صرف میری نظر کا دھوکا ہو
تم نے مجھ کو چاہا ہی نہ ہو
میں تم سے پوچھنا چاہتی ہوں
میں تم سے کہنا چاہتی ہوں
لیکن کچھ پوچھ نہیں سکتی
مانا کے محبت ہے پھر بھی
لب اپنے کھول نہیں سکتی
میں لڑکی ہوں کیسے کہہ دوں
میں کیسی محبت کرتی ہوں
میں تم سے یہ کیسے پوچھوں
تم کیسی محبت کرتے ہو
چُپ چُپ سی میں ہو جاتی ہوں
پھر دل میں اپنے کہتی ہوں

میں ایسی محبت کرتی ہوں
تم کیسی محبت کرتے ہو؟؟
 

علمدار

محفلین
ارے ضبط ! میں یہی نظم پوسٹ کرنے کا سوچ رہا تھا۔ خلیل اللہ فاروقی صاحب میرے باس ہیں۔ اور یہ نظم اُنھوں نے میرے پاس بیٹھ کر ہی لکھی تھی۔ اکثر اپنے ریڈیو کے پروگرام میں سناتے ہیں۔ یہی نہیں اُن کی شاعری کا بہت بڑا ذخیرہ میرے پاس ہی محفوظ ہے جو انشا اللہ جلد کتابی صورت میں لانے کا سوچا جا رہا ہے۔
 

عمر سیف

محفلین
شکریہ شمشاد ۔

علمدار خلیل صاحب کو میں نے پہلے کبھی نہیں سُنا یا پڑھا تھا پر چند مہنیے ہوئے ان کا کلام پڑھا، نئی نسل کے کافی مشہور شاعر ہیں۔ پروگرام تو ان کے شاید کراچی سے ہی آتے ہیں اور دوسرے شہر والے انہیں کم ہی سُن پاتے ہیں۔ یہ تو اچھی بات ہے کہ ان کی کتاب جلد منظرِ عام پہ آئے گی۔ اور اگر خلیل صاحب ملیں تو انہیں میری طرف سے سلام دیجیئے گا۔
علمدار ایک درخواست اگر آپ مجھے ان کی کولیکشن سینڈ کر سکیں تو ضرور رابطہ کیجئے گا۔
 

علمدار

محفلین
ضبط بھائی!
فاروقی صاحب ، ایف ایم 100 کے بہت مشہور پریزینٹر رہے ہیں۔ آج کل ایف ایم 91، ریڈیو ون پر شعرو شاعری کا پروگرام کر رہے ہیں جو کہ مقبولیت میں آج بھی کسی سے کم نہیں۔
ایک اچھے پریزنٹر ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اچھے شاعر اور شفیق استاد ہیں۔ آپ سلام اُن تک آج ہی پہنچا دوں گا۔
اُن کی شاعری میں آپ کو ضرور بھیجوں گا لیکن آپ کو تھوڑا سا انتظار کرنا ہو گا کیوں کہ کتاب کی تیاری ہو رہی ہے۔ کتاب آجانے کے بعد انشا اللہ ضرور بھیجوں گا۔
بچوں کے لیے لکھی گئی اُن کی نظم ”اللہ ہے بس پیار ہی پیار“ بہت مشہورو معروف ہے دیگر غزلیں اور نظمیں بھی بہت اچھی اور منفرد ہیں۔
 

عمر سیف

محفلین
ابھی کچھ دن پہلے ہی مجھے ایک سائیٹ پر ان کے ریکارڈ شدہ پروگرامز ایم پی تھری فارمیٹ میں ملے ہیں۔ وہیں سے ڈاؤنلوڈ کر کے سُن رہا ہوں بلکہ ابھی ان کا ہی 20 جنوری کا پروگرام ڈاؤنلوڈ کر کے سُن رہا ہوں۔
اب کراچی کے پروگرامز کبھی کبھار ہی یہاں لائیو نشر ہوتے ہیں۔ چلیں انشاءاللہ انتظار رہے گا ان کی شاعری کا۔ آپ انہیں محفل پہ آنے کی دعوت کیوں نہیں دیتے؟ اگر وہ اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت محفل پہ بھی آئیں تو ممبران اور ان کے چاہنے والوں کو بھی اچھا لگے گا۔ :) اور ان کی شاعری بھی پڑھنے کو ملتی رہے گی۔
 

علمدار

محفلین
جی بالکل، اُن کے ریکارڈڈ پروگرامز موجود ہیں۔
ابھی ابھی آفس تشریف لا چکے ہیں۔ میں نے آپ کا سلام بھی پہنچا دیا ہے۔ اُن کی طرف سے وعلیکم السلام قبول فرمائیں۔
آپ کس شہر سے تعلق رکھتے ہیں اس کا مجھے علم نہیں ہے۔ ویسے لاہور، کراچی اور اسلام آباد ان تین شہروں میں ایف ایم 91 چل رہا ہے۔
محفل پہ آنے کی دعوت اُن کو ضرور دوں گا لیکن مصروفیات شاید اُنھیں یہاں آنے کی اجازت نہ دیں سکیں اس لیے اُن کا کلام میں گاہے بگاہے پوسٹ کرتا رہوں گا۔
 

عمر سیف

محفلین
ایف ایم 91 تو یہاں آتا ہے پر کبھی سُنا نہیں کیوں کہ سارا سارا دن کو انگریزی گانے لگے رہتے ہیں اور پھر کوفت ہوتی ہے جب کچھ سمجھ نہ آئے۔ اب معلوم نہیں کہ ان کا پروگرام یہاں نشر ہوتا ہے یا نہیں۔
سلام پہنچانے کا شکریہ۔ ان کے کلام کا بےصبری سے انتظار رہے گا۔ :)
 

علمدار

محفلین
فاروقی صاحب کا پروگرام جمعرات کی رات 12 بجے آتا ہے جو صبح 3 بجے تک جاری رہتا ہے۔ ان کے سننے والے ایسے دیوانے ہیں کہ کیا بتاو¿ں۔ ایک پروگرام میں ہزاروں ایس ایم ایس آتے ہیں جن کا پڑھنا بھی ممکن نہیں ہوتا۔
مجھے اُن کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آتا ہے۔ اکثر اُن کے لیے گانے میں ہی نکالتا ہوں۔
اُن کی کچھ اور شاعری .... ہم م م م م
آپ کے لیے خاص طور پر کچھ پوسٹ کر دیتا ہوں۔
 

علمدار

محفلین
محبت کے تصوّر کو اگر تصویر کرنا ہے

محبت کے تصوّر کو اگر تصویر کرنا ہے
دھنک سے رنگ لے لینا
ستاروں سے دمک لینا
سحر سے روشنی لینا
گُلوں سے دلکشی لینا
مغنّی بلبلوں سے نغمگی لینا
علی الصبح جاگ جانا
اوس کے قطروں سے تم
پاکیزگی اور تازگی لینا
صباحت حور سے لینا
ملاحت تم مِرے محبوب سے لینا

ہزاروں بھید والے
کالے برِّاعظم کے تحیّر خیز خطے میں چلے جانا
بہت مخصوص جنگل میں
قلانچیں مارتے آہو کا رَم تسخیر کر لینا
اور اُس کے نافہ مغزن صفت سے
خوشبوئے جادو اثر لینا
جسے سب مُشک کہتے ہیں

لگے جب جنگلوں میں آگ
اس آتش کے شعلوں سے
غضب کی تم لپک لینا
سمندر سے تحمل، ضبط اور گہرائی لے لینا

محبت کے تصوّر کو اگر تصویر کرنا ہے

بہاروں سے یہ کہنا
اپنی شادابی تمھیں دے دیں
کسی سرسبز وادی میں
چمکتی جھیل پر جب کالے بادل جھوم کر چھائیں
ہوا رُک جائے
بارش کی بہت ننھی سی بے حد دلنشیں شہزادیاں
بوندوں کی نازک پالکی میں جب اُتر آئیں
تو یہ منظر چُرا لینا

یہ سارے رنگ اور منظر تمھارے ہاتھ آجائیں
مگر پھر بھی اُدھوری سی تمھیں تصویر لگتی ہو
طرب زارِ تمنا میں المناکی ضروری ہو
محبت کی اگر یہ مونا لیزا بن نہیں پائے
تو پھر اِک کام تم کرنا
مِرے ٹوٹے ہوئے دل کی
ہر اِک کرچی اُٹھا لینا
یہی جوہر تو اس تصویر میں
اِک روح پھونکے گا
محبت کے تصوّر کو اگر تصویر کرنا ہے....

[align=left:1fc60b0082](خلیل اللہ فاروقی)[/align:1fc60b0082]
 

علمدار

محفلین
یہ فاروقی صاحب کی تازہ ترین نظم صرف آپ کی محبت کی نذر کی ہے- یہ نظم انھوں نے محض 3 دن پہلے لکھی ھے- 8)
 

عمر سیف

محفلین
واہ بہت خوب۔ :) اور علمدار آپ کا بےحد شکریہ اتنا تازہ کلام پیش کرنے کا۔ واقعی خلیل صاحب کی شاعری میں دَم ہے۔ اُمید ہے کہ آپ گاہے بہ گاہے شئیر کرتے رہیں گے۔ :)
 

سارہ خان

محفلین
کتنی بڑی نظمیں لکھتے ہیں یہ خلیل اللہ فاروقی صاحب ۔۔۔ :roll: ۔۔۔
دوسری والی نظم زیادہ اچھی ہے ۔۔۔ :)
 
علمدار نے کہا:
جی بالکل، اُن کے ریکارڈڈ پروگرامز موجود ہیں۔
ابھی ابھی آفس تشریف لا چکے ہیں۔ میں نے آپ کا سلام بھی پہنچا دیا ہے۔ اُن کی طرف سے وعلیکم السلام قبول فرمائیں۔
آپ کس شہر سے تعلق رکھتے ہیں اس کا مجھے علم نہیں ہے۔ ویسے لاہور، کراچی اور اسلام آباد ان تین شہروں میں ایف ایم 91 چل رہا ہے۔
محفل پہ آنے کی دعوت اُن کو ضرور دوں گا لیکن مصروفیات شاید اُنھیں یہاں آنے کی اجازت نہ دیں سکیں اس لیے اُن کا کلام میں گاہے بگاہے پوسٹ کرتا رہوں گا۔

علمدار اس محفل پر مجھ سمیت کئی پرستار ہیں ان کے اور انہیں میرا بھی سلام دیجیے گا اور کہیے گا کہ ان کا پروگرام بہت عمدہ ہوتا ہے بس ایس ایم ایس کم کر دیں۔ اس کے علاوہ انہیں یہاں آنے کے لیے ضرور کہیے گا ہم سب ان سے باتیں کرنا چاہتے ہیں چاہے آپ کے توسط سے ہی ہو جائیں۔
ان کے ریکارڈڈ پروگرامز کہاں سے مل سکتے ہیں۔
 

عمر سیف

محفلین
ان کے ریکارڈ شدہ پروگرامز کا لنک میں نے فلم ٹی وی سینما والے فورم میں دیا ہے الگ سے دھاگے میں۔ ربط تلاش کرکے پوسٹ کر دیتا ہوں۔
 
Top