طالوت
محفلین
پچھلے دنوں یہ سانحہ پیش آیا جس میں میرے والد شہید ہو گئے ۔۔ ہم تو پہلے ہی طالبان کے ہاتھوں تنگ تھے اب ہماری افواج بھی ہم نہتوں کو مار رہی ہے ۔۔۔ طالبان کے خلاف آپریشن کے حکومتی دعووں کے باوجود طالبان دنددناتے پھرتے ہیں ۔۔۔ فوجی سے بات کرو تو طالبان گلا کاٹ دیتے ہیں اور طالبان کا ساتھ دو تو فوج گولہ باری کرتی ہے ۔۔ پھر بھی طالبان کا پلڑہ بھاری ہے کہ وہ مقامی افراد ہیں اور ہمیں اور ہمارے علاقوں کو اچھی طرح جانتے ہیں ۔۔ والد کی اپنی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت نے مجھے طالبان میں شامل ہونے پر مجبور کر دیا ۔۔۔سوات میں کئی روز سے جاری کرفیو کے بعد بجلی پانی اور گیس بھی بند ہونے پر شہریوں کا اجتجاج ۔۔۔ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سات مظاہرین جاں بحق
جولائی 2008 میں یہ خبر آپ نے پڑھی ہو گی ۔۔۔ ان چھ مرنے والوں میں دو میرے بھائی تھے ۔۔ میں پاکستانی شہریت کا حامل شہری ہوں ۔۔ اور مرنے والے سب پاکستانی تھے ۔۔۔ پر امن اور محب وطن پاکستانی ، جن کے باپ داداوں نے حکومت پاکستان اور علماءے کرام کے مشترکہ فتووں کے تحت پہلے کشمیر اور پھر افغانستان میں جہاد کیا ۔۔۔ لیکن آج ہم دہشت گرد کہلاتے ہیں ۔۔۔ پینے کا ساف پانی ہمارے پاس نہیں ، 21 وین صدی میں بجلی سے ہم محروم ہیں ، سڑکیں یہاں نہیں ، سکول و کالج یہاں نا پید ، پولیٹکل انتظامیہ کی من مانیاں اپنی جگہ اور پھر اس پر پاکستانی فوج کے ترجمان کی ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف بیان ۔۔۔ مجھے اپنے بھائیوں کا بدلہ لینا ہے اور اس کے لیئے میں نے طالبان سے رابطہ کیا ہے ۔۔۔حکام کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک’میزائل‘ حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات یہ ہیں کہ میزائل سرحد پار افغانستان سے فائر کیا گیا تھا اور اس کا نشانہ اعظم وارسک نامی گاؤں کا ایک گھر بنا۔پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ.’اس علاقے میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے تاہم یہ حملہ میزائل کا تھا، راکٹ کا تھا یا پھر یہ کوئی بم دھماکہ ہوا، اس بارے میں ہم ابھی نہیں جانتے
یہ دو فرضی کہانیاں ہیں اصلی خبروں کے ساتھ ۔۔ اور کوئی شبہ نہیں کہ ایسی کئی ایک کہانیاں موجود ہونگی ۔۔۔ جانور ،درندے ، سفاک ، قاتل ، جنگلی ، دہشت گرد اور نہ جانے کیا کیا ، تنقید ہی تنقید ، لعنت و ملامت ، ڈانٹ ڈپٹ ، دھمکیاں ، حملے کیا یہ سب کر کے ہم اس فتنے کا خاتمہ کر سکیں گے ؟؟ باوجود اسکے کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان علاقوں کی تاریخ رہی کہ اپنے وقت کی سپر پاور برطانیہ کو ہزاروں لاشوں کے تحفے دینے والے یہ سرفروش ڈٹے رہے اور کئی گنا بڑا ہندوستان سارے کا سارا ہتھیار ڈال چکا تھا ۔۔۔ یہ وہی لوگ ہیں جنھوں نے بغیر کسی لالچ کے کشمیر کی جنگ لڑی ، اور افغان جہاد میں پاکستان کے نام پر جانیں دیں ۔۔۔ یہ وہ لوگ جن ایمان بدلہ لینا ہے ، جن کی نفسیات خون کے بدلے خون کے گرد گھومتی ہیں ، پچھلے آٹھ برسوں میں امریکی حملے ہم اپنی افواج کے "کارنامے" قرار دئیے ، اور امریکہ سے معذرت خوانہ رویہ اپنائے رکھا ، آج وہ انھیں افواج کے سامنے ڈٹے ہیں تو ہمیں شکایت کیوں ؟
ان گھروں سے لاشے اٹھ رہے تھے اور ہم لاہور میں بسنت اور میراتھن منعقد کر رہے تھے ، ان کے یہاں ماتم بپا تھا اور سارا پاکستان جشن آزادی کے نام پر راگ رنگ کی محفل سجائے بیٹھا تھا۔۔۔
آپ کے گھر میں لاش رکھی ہو اور میں آپ کے پڑوس میں طوائفوں کا ناچ دیکھ رہا ہوں تو آپ کے کیا احساسات ہوں گے ؟ باوجود علم و عمل اور اعتدال و روشن خیالی کے ؟؟ ان کے بیوی بچے قبروں میں اتارے جا رہے ہوں اور میں اور آپ سالگروں کے کیک کاٹ رہے ہوں ، ہر گزرے دن میں ہم نے ان کے زخموں پر کون سا مرہم رکھا ؟ ان کے کس درد کی دوا کی ؟ کسے پچکارا ؟ کسے دلاسہ دیا ؟ صرف تنقید ! صرف نفرت ! اس فورم میں کتنی پوسٹس ہیں جو ان فلور ملوں کے مالکان اور سینکڑوں مربعوں کے مالک چوہدریوں اور وڈیروں کے بارے شروع کی گئی ، کہ جن کی ذخیری اندوزی اور گندم کی اسمگلنگ کی دہشت گردی خلاف لکھی گئیں ؟ کہ جن کی وجہ سے مائیں اپنوں بچوں سمیت خود کشی پر مجبور ہوئیں کہ باپوں نے اپنے بچے اپنے ہاتھوں سے ختم کر دئیے ، جوانوں نے اپنے سر ٹرین کی پٹریوں پر رکھ دئیے ۔۔۔ کتنی رپورٹیں ہیں جو جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف منظر عام پر آئیں ؟ کتنے پولیس والے جعلی پولیس مقابلوں کے بعد سولیوں پر لٹکائے گئے ؟ اربوں کے قرضے ہڑپ کرنیوالے کتنوں کا گریبان تھاما ہم نے ؟ نسل در نسل غلام چلانے والے کتنے بھٹہ مالکان پر بمباری کی ؟ کتنے بردہ فروشوں کو لٹکایا ؟ کتنے ریپسٹ کو گولی ماری گئی ؟ کتنے جعلی پیروں فقیروں کے آستانوں کو جلایا ہم نے ؟ یہ دہشت گرد کہاں نہیں ؟ کونسا علاقہ ہے جہاں یہ پاکستان کو لہو لہو نہیں کر رہے ؟ کل جب فاٹا کے لوگ مر رہے تھے تو ساز بجائے جا رہے تھے آج جب اپنے مر رہے ہیں تو دہشت گرد یاد آ رہے ہیں ۔۔۔
خدارا یہ منافقت چھوڑ دیں ۔۔۔ کبھی ان کے احساسات کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں ۔۔۔ کبھی ان کی مشکلوں کو بھی سمجھیں ۔۔۔
میں ان کو Justify نہیں کر رہا Clarify کرنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔۔۔ یہ جو صبح و شام نعرہ زن ہیں کہ ختم کر دو مار دو ختم کر دو مار دو ایسے مارنے سے اگر ان کو مارا جا سکتا ہے ختم کیا جا سکتا ہے تو میدان بھی سامنے ہے اور شہسوار بھی دیکھیئے کیا حالت ہے ، غصہ ہے کہ بڑھتا جا رہا ہے ، نفرتیں ہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں ۔۔۔ تصویر کا ایک ہی رخ پیش کر کر کے ہم بھی شاید کوئی ایسی ہی کانٹوں بھری فصل تیار کر رہے ہوں ۔۔۔ اسلیئے ہوش کے ناخن لیں ۔۔ حکمت و تدبر سے انھیں راہ راست پر لائیں اگر 67 مقدمات ختم کر کے گورنر بنایا جا سکتا ہے ، پھانسی کی سزا پانے والے کو ان کیمرہ بریفنگ دی جا سکتی ہے ، آئین کو تین بار سے زائد توڑنے والے کو پاکستان میں فارم ہاوس تعمیر کر کے دیا جا سکتا ہے ، تو پھر ان کے ساتھ رحم کا معاملہ کیوں نہیں کیا جا سکتا ؟ ان کے گناہ کیوں نہیں دھل سکتے ؟ ساٹھ پینسٹھ برسوں کی غلطیوں سے ہم نے کچھ نہیں سیکھا اور آج بھی ہم وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں ، اور جن کو لگتا ہے کہ فوج اس مسئلہ کا مناسب ترین حل ہے تو 40 برس فوج نے ہی ہمارے مسائل "حل" کیئے ہیں سو اسے بھی کر لے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ !!
وسلام