میں مسافر ہوں رہنما تُو ہے۔۔۔حمدباری تعالیٰ

Qamar Shahzad

محفلین
میں مسافر ہوں رہنما تُو ہے
"میں ہوں بندہ مرا خدا تُو ہے"

غیر کے پاس کس لیے جاؤں
تُو ہی والی ہے ، آسرا تو ہے

آرزو اور کچھ نہیں میری
میرا بس ایک مدعا تُو ہے

باپ سے بڑھ کے پالنے والے
ماں سے بڑھ کر بھی چاہتا تُو ہے

میرا ظاہر ہے تیری نظروں میں
میرا باطن بھی دیکھتا تُو ہے

تجھ سے پوشیدہ کون سی شے ہے
راز ہر اک کے جانتا تُو ہے

تیری وسعت گماں سے ہے زیادہ
ابتداء تو ہے انتہا تُو ہے

تو ہے دم ساز راہِ الفت میں
لڑکھڑاؤں تو تھامتا تُو ہے

ہر عمل کی جزا ملے تجھ سے
ہاں مگر صوم کی جزا تُو ہے

تیری باتیں ہر ایک آیت میں
پورے قرآں میں بولتا تُو ہے

کون تیرے سوا قمرؔ کا ہے
تُو ولی ، والی و وِلا تُو ہے
#قمرآسی
 
Top