تفصیلی خبر۔
نئی دہلی……بھارت میں مسافر بردار جہاز کے پائلٹ نے جہاز پر مشتبہ ہائی جیکرز کی اطلاع پر دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کر دی۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے جہا زکو گھیرے میں لے لیا۔ تمام مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سول ایوی ایشن کے حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کی سہ پہر گوا سے
جانے والی E-664فلائٹ کے پائلٹ نے جہا زپر چند مسافروں کی مشکوک حرکتوں پر ان کو ہائی جیکرز سمجھ کر کاک پٹ کو بند کر دیااور اندرا گاندھی ائیر پورٹ پر جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ کر دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کو ترجیحی بنیادوں پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی ہے اور جہا زکو ٹیکنیکل ایریا میں پارک کیا گیا۔ جہاز کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیاہے۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ جہاز ہائی جیک ہوا یا نہیں ۔ حکام نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ جہاز پر کسی مسافر نے مشکوک حرکات کی ہوں اس لئے پائلٹ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے تاہم یہ امر بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ سکیورٹی فورسز ہائی جیکنگ کے واقعات سے نمٹنے کے لئے مشق کرر ہی ہو۔ بعدازاں حکام نےبتایاہے کہ شامبجے مسافروں کو جہاز سے اتار لیا گیا ہے ۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سکیورٹی فورسز کو جہاز خالی کراتے ہوئے کوئی دقت ہوئی یا نہیں۔ اس سے قبل ایک مسافر کرین نے اپنے موبائل فون پر صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں معلوم نہیں کہ جہاز ہائی جیک ہو اہے یا یہ سکیورٹی مشق ہے۔ جہاز کے اندر کوئی مشکوک حرکت نہیں ہو رہی تاہم جہاز کے باہر سکیورٹی فورسز نے بہت ہلچل مچائی ہوئی ہے۔ ائیر لائن نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ جہاز میں تمام مسافر محفوظ ہیں۔