نامہِ عشق لئے کون پیمبر آیا :تازہ غزل

بھیگتی رات لئے پھر سے دسمبر آیا
آج پھر یاد ہمیں ایک ستمگر آیا

پھر سے ملنا ہے اسے اور بچھڑ جانا ہے
ہائے کس موڑ پہ لے کر یہ مقدر آیا

ہم تو سمجھے تھے کہ پتھر ہے دھرا سینے میں
ذکر پھر کس کا چھڑا ہے کہ یہ جی بھر آیا

شہرِ ظلمت میں جلانے کو نئی شمعِ امید
نامہِ عشق لئے کون پیمبر آیا

چیختی خامشی رخصت ہوئی دروازے سے
ایک سناٹا سرِ شام مرے گھر آیا

راز جتنے تھے ہمارے وہ ہوئے سب ظاہر
جب ترا ذکر فسانے میں مرے در آیا

کس نے مضراب کیا یاد کی تاروں کو شکیل
گیت بِسرا ہوا یک لخت لبوں پر آیا

ایک تازہ کلام

استادِ محترم الف عین
اور دیگر اساتذہ و احباب کی نذر
 
آخری تدوین:

یاسر شاہ

محفلین
محترمی مزاج شریف کیسا ہے !
ماشاء الله دن بدن آپ کی مشق سخن نکھر رہی ہے -
بھیگتی رات لئے پھر سے دسمبر آیا
آج پھر یاد ہمیں ایک ستمگر آیا
"بھیگتی رات لیے "اچھا نہیں لگا -ایسا لگ رہا کہ آپ کسی مخصوص رات کا ذکر کر رہے ہیں اور ہر دسمبر میں یہ گیلی رات پھر آتی ہے اور آپ کو پہلے ایک ستمگر یاد آتا ہے پھر دوسرا اور پھر تیسرا .....

پہلے مصرع کی جگہ یہ مصرعے دیکھیں :

سرد /ٹھنڈی شامیں لیے پھر ماہ دسمبر آیا
بھیگی راتیں لیے ،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
سرد /ٹھنڈی راتیں ،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،

پھر سے ملنا ہے اسے اور بچھڑ جانا ہے
ہائے کس موڑ پہ لے کر یہ مقدر آیا

اچھا ہے -"اسے" کی جگہ" ہمیں "زیادہ پر اثر لگتا ہے -

پھر سے ملنا ہے ہمیں اور بچھڑ جانا ہے
ہائے کس موڑ پہ لے کر یہ مقدر آیا

ہم تو سمجھے تھے کہ پتھر ہے دھرا سینے میں
ذکر پھر کس کا چھڑا ہے کہ یہ جی بھر آیا
واہ خوب اور کیا ہی برجستہ ہے -

شہرِ ظلمت میں جلانے کو نئی شمعِ امید
نامہِ عشق لئے کون پیمبر آیا
کونسی نئی شمع امید ؟، کون پیمبر ؟ شعر میں بھی یہ عنوان وحشت ناک ہے -

چیختی خامشی رخصت ہوئی دروازے سے
ایک سناٹا سرِ شام مرے گھر آیا
"چیختی خامشی" بھرتی کی ترکیب لگی اور پھر رخصت تو گھر کے دروازے سے ہی ہونا ہے کھڑکی سے تھوڑی کودے گی -

ایسا کچھ سوچا جا سکتا ہے:
کچھ تو تھا پاس جو رخصت ہوا دن ڈھلتے ہی

راز جتنے تھے ہمارے وہ ہوئے سب ظاہر
جب ترا ذکر فسانے میں مرے در آیا
شتر گربہ ہو گیا شکیل میاں!
مجھے کم از کم اس میں شتر گربہ نہیں محسوس ہوا -
ہمارے راز =میرے راز +تیرے راز


کس نے مضراب کیا یاد کی تاروں کو شکیل
گیت بِسرا ہوا یک لخت لبوں پر آیا
یہاں "مضراب کرنا یاد کی تاروں کو " تکنیکی اعتبار سے ٹھیک نہیں لگ رہا -مضراب خود ساز تو نہیں یہ ایک آلہ ہے جو انگلیوں میں لگا کر ساز بجانے کے کام آتا ہے - اقبال کہتے ہیں :

غم جوانی کو جگا دیتا ہے لطف خواب سے
ساز یہ بیدار ہوتا ہے اسی مضراب سے
 
محترم یاسر شاہ صاحب
آپ کا تبصرہ پڑھ کر خوشی ہوئی۔
"بھیگتی رات لیے "اچھا نہیں لگا -ایسا لگ رہا کہ آپ کسی مخصوص رات کا ذکر کر رہے ہیں اور ہر دسمبر میں یہ گیلی رات پھر آتی ہے اور آپ کو پہلے ایک ستمگر یاد آتا ہے پھر دوسرا اور پھر تیسرا .....
میری محدود سمجھ کے مطابق میں نے کسی ایک مخصوص رات ہی کا ذکر کرنا چاہا تھا، تبھی تو دوسرے مصرعے میں آج کا محل بنتا۔ اور ہاں وہ مخصوص رات ہر بار دسمبر میں آتی ہے۔ اور ایک ہی ستمگر یاد دلاتی ہے۔ مختصر یہ کہ جیسا آپ نے سمجھا ویسا ہی کہنا چاہا تھا، اب اچھا لگنا یا نہ لگنا ایک الگ بحث ہے۔
اچھا ہے -"اسے" کی جگہ" ہمیں "زیادہ پر اثر لگتا ہے -
آپ کی رائے درست لگی، شکریہ اپنے پاس تبدیل کر رہا ہوں ۔
کونسی نئی شمع امید ؟، کون پیمبر ؟ شعر میں بھی یہ عنوان وحشت ناک ہے -
شمع امید تو اگلے مصرعے میں بتا ہی دی تھی یعنی نامہ عشق
پیمبر کو بمعنیٰ پیامبر استعمال کیا ہے اسے پیغمبر سمجھ کر مجھے بھی قابلِ گردن زنی نہ ٹھہرایا جائے ، اسی قسم کی ظلمت میں ہی تو شمع امید چاہیئے، جہاں آج کل تو ایک قانون کی شق کا شمار نمبر بھی تقدیس کے مرتبے پر فائز ہوا جاتا ہے۔
"چیختی خامشی" بھرتی کی ترکیب لگی اور پھر رخصت تو گھر کے دروازے سے ہی ہونا ہے کھڑکی سے تھوڑی کودے گی -
یہاں پھر معذرت خواہ ہوں ، ترکیب پہلے سے مستعمل ہے یا نہیں لیکن مجھے آج کے دور میں مسلسل اس چیختی خاموشی کا احساس کچوکے لگاتا رہتا ہے۔ آپ سوشل میڈیا پر مواد کی بہتات اور اس کی عامیانہ پن اور سطحیت کے حوالے سے اسے محسوس کرنے کی کوشش فرمائیں
مجھے کم از کم اس میں شتر گربہ نہیں محسوس ہوا -
ہمارے راز =میرے راز +تیرے راز
شکریہ، میں نے بھی اسے ایسے ہی باندھا تھا، استادِ محترم کی رہنمائی کا انتظار رہے گا
یہاں "مضراب کرنا یاد کی تاروں کو " تکنیکی اعتبار سے ٹھیک نہیں لگ رہا -مضراب خود ساز تو نہیں یہ ایک آلہ ہے جو انگلیوں میں لگا کر ساز بجانے کے کام آتا ہے
یہاں مزید وضاحت فرمادیں کہ تکنیکی طور پر کیا درست نہیں۔ میں نے بھی تو مضراب کو ساز نہیں بلکہ یاد کی تاروں کو چھیڑنے کے عمل ہی کو کہا ہے۔


رہنمائی کا بہت بہت شکریہ،
مجھے ہمیشہ اپنی اصلاح درکار رہتی ہے
جزاک اللہ
 
Top