مہ جبین
محفلین
نظر اک چمن سے دوچار ہے نہ چمن چمن بھی نثار ہے
عجب اُس کے گل کی بہار ہے کہ بہار بلبلِ زار ہے
نہ دلِ بشر ہی فگار ہے کہ مَلَک بھی اس کا شکار ہے
یہ جہاں کہ ہژدہ ہزار ہے جسے دیکھو اسکا ہزار ہے
نہیں سر کہ سجدہ کناں نہ ہونہ زباں کہ زمزمہ خواں نہ ہو
نہ وہ دل کہ اس پہ تپاں نہ ہو نہ وہ سینہ جس کو قرارہے
وہ ہے بھینی بھینی وہاں مہک کہ بسا ہے عرش سے فرش تک
وہ ہے پیاری پیاری وہاں چمک کہ وہاں کی شب بھی نہار ہے
کوئی اور پھول کہاں کھلے نہ جگہ ہے جوششِ حسن سے
نہ بہار اور پہ رخ کرے کہ جھپک پلک کی تو خار ہے
یہ سمن یہ سوسن و یاسمن یہ بنفشہ سنبل و نسترن
گل سرو و لالہ بھرا چمن وہی ایک جلوہ ہزار ہے
یہ صبا سنک وہ کلی چٹک یہ زباں چہک لبِ جو چھلک
یہ مہک جھلک یہ چمک دمک سب اسی کے دم کی بہار ہے
وہی جلوہ شہر بشہر ہے وہی اصل عالم و دہر ہے
وہی بحر وہی لہر ہے وہی پاٹ ہے وہی دھار ہے
وہ نہ تھا تو باغ میں کچھ نہ تھا وہ نہ ہو تو باغ ہے سب فنا
وہ جان ، جان سے ہے بقا وہی بُن ہے بُن سے ہی بار ہے
یہ ادب کہ بلبلِ بے نوا کبھی کُھل کے کر نہ سکے نوا
نہ صبا کو تیز رَوش رَوا نہ چھلکتی نہروں کی دھار ہے
بہ ادب جھکالو سرِ وِلا کہ میں نام لوں گل و باغ کا
گلِ تر محمدِ مصطفےٰ چمن اُن کا پاک دیار ہے
وہی آنکھ اُن کا جو منھ تکے وہی لب کہ محو ہوں نعت کے
وہی سر جو اُن کے لئے جھکے وہی دل جو اُن پہ نثار ہے
یہ کسی کا حسن ہے جلوہ گر کہ تپاں ہیں خوبوں کے دل جگر
نہیں چاک جیب و گل و سحر کہ قمر بھی سینہ فگار ہے
وہی نذرِ شہ میں زرِ نکو جو ہو اُن کے عشق میں زرد رُو
گلِ خلد اس سے ہو رنگ جُو یہ خزاں وہ تازہ بہار ہے
اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃاللہ علیہ