نعت : درِ مصطفی ؐ کے جو منگتے رہیں گے

نعت
قاضی عبدالدائم دائمؔ

درِ مصطفی ؐ کے جو منگتے رہیں گے-وہ دامن خزانوں سے بھرتے رہیں گے
نہ چھوٹیں گے جب تک گنہگار سارے-شفاعت ہماری وہ کرتے رہیں گے
رہے گا یقینا خدا ان سے راضی-جو آقاؐ کی مرضی پہ چلتے رہیں گے
بڑھاتے رہے لَو جو عشق نبیؐ کی-دئیے ان کی قبروں پہ جلتے رہیں گے
پڑے جن پہ پاؤں کبھی مصطفی ؐ کے-ابد تک وہ ذرّے دمکتے رہیں گے
جدھر سے بھی گزرے نبیِّ ؐ معطّر-ہمیشہ وہ کوچے مہکتے رہیں گے
سَفِیْنَہ ؓ سا ہو جن کا ایمان پختہ-درندوں کے حملوں سے بچتے رہیں گے
محبت میں اصحابؓ و اٰلِ نبیؐ کی-شب و روز اپنے گزرتے رہیں گے
اگر پیرِ کامل کا ہو سر پہ سایہ-تو رحمت کے بادل برستے رہیں گے
نہ دیکھا اگر روضہ ، جالی سنہری-تو دائمؔ کے آنسو ٹپکتے رہیں گے
 
Top