خالد احمد نعت ۔۔۔۔۔ تو نے ہر شخص کی تقدیر میں عزت لکھی

نوید صادق

محفلین
نعت

تو نے ہر شخص کی تقدیر میں عزت لکھی
آخری خطبے کی صورت میں وصیت لکھی

تو نے کچلے ہوئے لوگوں کا شرف لوٹایا
عدل کے ساتھ ہی احسان کی دولت لکھی

سرحدِ رنگ بہ عنوانِ اخوت ڈھائی
ورقِ دہر پہ ہر سطر محبت لکھی

تو نے ہر ذرے کو سورج سے ہم آہنگ کیا
تو نے ہر قطرے میں اِک بحر کی وُسعت لکھی

حسنِ آخر نے کیا حسن کو آخر تجھ پر
آخری رُوپ دیا، آخری سورت لکھی

تیرے اوصاف فقط تجھ سے بیاں ہوتے ہیں
نعت خود لکھی، بہ پیرایۂ سیرت لکھی

سلسلے بند کیے، مہر لگا دی تو نے
صفحۂ ارض پہ اِک آخری اُمت لکھی

خالد احمد تری نسبت سے ہے خالد احمد
تو نے پاتال کی قسمت میں بھی رفعت لکھی

(خالد احمد)
 

محمداحمد

لائبریرین
نوید صادق بھائی!

السلام علیکم، کیسے ہیں آپ؟

ایک عرصے کے بعد آپ کو محفل میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔۔۔!

ماشاءاللہ بہت عمدہ نعت شاملِ محفل کی ہے آپ نے۔

تو نے ہر ذرے کو سورج سے ہم آہنگ کیا
تو نے ہر قطرے میں اِک بحر کی وُسعت لکھی

حسنِ آخر نے کیا حسن کو آخر تجھ پر
آخری رُوپ دیا، آخری سورت لکھی

تیرے اوصاف فقط تجھ سے بیاں ہوتے ہیں
نعت خود لکھی، بہ پیرایۂ سیرت لکھی

سلسلے بند کیے، مہر لگا دی تو نے
صفحۂ ارض پہ اِک آخری اُمت لکھی

سبحان اللہ ۔۔۔ ! کیا خوبصورت اشعار ہیں۔​

اس حسنِ انتخاب کے لیے بہت سی داد حاضر ہے۔​
 

ماہا عطا

محفلین
سبحان اللہ۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت پیاری نعت ہے۔۔۔خوش رہیں ۔۔۔۔اللہ آپ کو اس کا اجر دے۔۔۔آمین۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
سبحان اللہ
کیا ہی خوبصورت نعت ہے جناب محترم خالد احمد صاحب کی۔
ایک عرصے سے اس کی تلاش تھی مگر تلاش کے باوجود نہیں ملی۔
بہت شکریہ آپ کا کہ آج آپ کے طفیل یہ نعت پڑھنے کو مل گئی۔
 
Top