بسم اللہ الرحمن الرحیم
مہوش بہن آپ کی تحریر بہت اچھی ہے اور یہ ٹھیک بات ہے کہ جب مشرف صاحب پر الزام لگائے جائیں تو ساتھ یہ بھی دیکھا جائے کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا؟ میں آپ کی اس بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔۔۔ بلکہ میں بھی اکثر دوستوں سے یہی کہتا ہوں کہ صرف مشرف صاحب کو ہی الزام نہ دو بلکہ پچھلی حکومتوں کو اور خود کو بھی دیکھو کہ ہم نے کیا کیا ہے؟ محترم بہن لیکن آپ کی باتوں سے کم از کم مشرف صاحب کی طرف داری کی بو ضرور آتی ہے تو اُس کے لئے کچھ عرض کر رہا ہوں معذرت کے ساتھ۔۔۔
سب سے پہلی بات تو یہ کہ مشرف صاحب چور رستے سے حکومت میں آئے۔۔۔ کیا یہ سب ٹھیک تھا؟ اگر نواز شریف مجرم تھا تو اسے باہر کیوں جانے دیا؟ یہاں رکھا جاتا کیس چلایا جاتا لیکن مشرف صاحب اس کام میں کیوں پڑتے؟۔۔۔ بس اپنی کرسی سیدھی کی۔۔۔۔ مشرف صاحب نے ایک ریفرینڈم بھی کروایا تھا اُس کا جو حال ہوا وہ ساری عوام جانتی ہے۔۔۔
ہم پچھلی حکومتوں کے ساتھ مشرف دور کا موازنہ کریں تو مشرف صاحب بہتر رہے ہیں(آپ کے مطابق)۔۔۔ لیکن کیا ہم ہمیشہ موازنہ ہی کرتے رہے گے۔ نواز شریف نے یہ کیا، بینظیر نے وہ کیا اور اب مشرف صاحب نے یہ کر دکھایا۔ ہم رہے موازنے کرنے پر۔۔۔ مشرف صاحب اچھے تھے، اچھے ہیں اور اللہ تعالٰی انہیں اور اچھا کرے لیکن کیا مشرف دور میں جو ترقی ہوئی وہ کافی ہے ملک کے لئے۔۔۔ اب آپ کہیں گی کہ یکدم سے ترقی تو نہیں ہوتی تو چلیں پچھلے کچھ سالوں میں جو ترقی ہوئی کیا اس کی رفتار کسی ملک کو ترقی کے طرف لے جانے کے لئے کافی ہے؟ اگر مشرف صاحب کا دور اچھا تھا تو ہم نے کتنی ترقی کی؟ ایک بحران سے نکلے تو دوسرے بحران میں پھنس گئے۔۔۔
رہی بات زرمبادلہ کے ذخائر کی جو مشرف دور میں زیادہ ہوئے ہیں۔۔۔ اگر آپ ذخائر کو مشرف صاحب کا کارنامہ کہتی ہیں تو پھر عوام یہ کہنے پر مجبور ہو جائے گی کہ مشرف صاحب کو شکر کرنا چاہئے کہ اُن کے دور میں 11/9 اور زلزلہ آگیا جس کی وجہ سے کافی امداد ہوئی اور ہم نے کہہ دیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہت بڑ گئے ہیں۔۔۔ انتہا ہو گئی بے وقوف بنانے کی۔۔۔ زرمبادلہ کے ذخائر چاہے 13 ارب ڈالر ہوں یا 1300 ارب ڈالر، جب غریب عوام کے پیٹ میں روٹی نہیں ہو گی، بیماری کا علاج نہیں ہو گا، تعلیم نہیں ہو گی اور انصاف نہیں ملے گا وغیرہ وغیرہ تو بھاڑ میں جائیں زرمبادلہ کے ذخائر۔۔۔۔۔۔
///////////////////////////
اختیارات نچلی سطح پر منتقلی کی بات آپ نے کسی تھریڈ میں کی تھی۔ اختیارات کی منتقلی سے کیا ہوا؟ پہلے تھوڑے چور تھے پھر زیادہ ہو گئے۔ انہیں چوروں نے مل کر اپنے بڑوں کے لئے ووٹ مانگے بلکہ زبردستی دلوائے۔۔۔ میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ ہمارے علاقے میں کسی ناظم یا کونسلر نے کوئی کام کیا ہو۔ جیسا پہلے تھا ویسا ہی ہے۔ جب پتہ بھی تھا کہ یہاں سیاست میں لوگ اچھے نہیں تو پھر ایسا نظام بنانے کی کیا ضرورت تھی؟ پہلے کمزور غریب عوام کے لئے ایک ایم این اے یا ایم پی اے سے ڈرو اور اب ہر گلی میں ایک گنڈہ بیٹھا ہے اس سے بھی ڈرو۔۔۔ جائیں تو کہاں جائیں؟ آپ ہی بتا دو؟ حد ہو گئی ظلم کی۔۔۔۔
////////////////////////////
"صدر مشرف کے پہلے تین سال بہت اچھے تھے(مان لیا کہ مشرف صاحب کے پہلے تین سال اچھے تھے) مگر جب جمہوریت کے نام پر قاف لیگ کو ان پر لاد دیا گیا تو پھر حالات اتنے اچھے نہیں رہے۔"
قاف لیگ کو کس نے لادا؟ کیا ہم نے؟ یہ وہی جماعت ہے جو نواز شریف سے علیحدہ ہوئی اور اقتدار میں آ گئی۔ جو جو نواز شریف کے ساتھ رہا وہ جیل یا جلا وطن رہا لیکن کیا قاف لیگ بہت اچھی تھی اس نے کوئی جرم نہیں کیا تھا؟ اگر نواز شریف غلط تھا تو یہ لوگ بھی تو غلط تھے کیونکہ انہوں نے ہی اسے وزیراعظم بنایا تھا۔۔۔ اگر یہ اچھے تھے تو اُس کے ساتھ نہ ہوتے یا اس کے دور حکومت میں ہی اُس کی مخالفت کرتے لیکن یہ قاف لیگ والے وہ تھے جنہوں نے نواز لیگ کے دور حکومت میں نواز شریف کی گاڑی جی روڈ پر واقع جناب کے پل سے اُٹھا لی اور گجرات تک لائے۔۔۔ رہی بات لادنے کی تو جی مشرف صاحب نے خود لادی تھی بلکہ اپنی منتخب جماعت کو جمہوریت کا نام دے کر پورے ملک پر لاد دیا۔۔۔ اب آپ کہیں گی کے عوام نے ووٹ دیئے تھے تو میری بہن عوام نے ہی ووٹ دیئے۔۔۔ لیکن وزیراعظم اور باقی کابینہ کیسے بنی اس کا تو آپ کو پتہ ہی ہو گا۔۔۔ جن لوگوں پر کیس تھے وہ اسمبلی میں پہنچے اُن کو نیب کے ذریعے ڈرا کر قاف کے ساتھ لگایا گیا اور صرف ایک ووٹ سے وزیراعظم بنا۔۔۔ اگر مشرف صاحب اتنے اچھے تھے تو اُن لوگوں پر کیس کیوں نہ چلوائے؟ جو حکومت میں تھے۔۔۔ اگر قاف لیگ مشرف صاحب پر لادی گئی تھی تو مشرف صاحب عوامی جلسوں میں قاف کے لئے کیوں ووٹ مانگتے پھرتے تھے؟ اور آئین کو تو یوں سمجھتے تھے جیسے اُن کی ایک پرسنل کتاب ہے۔۔۔ ساری بات سب کے سامنے ہے کہ مشرف صاحب اور قاف لیگ میں کیا کچھ تھا اس لئے میرے خیال میں یہ نہ کہا جائے کہ مشرف صاحب پر قاف لیگ لادی گئی بلکہ یہ کہا جائے کہ مشرف صاحب نے قاف لیگ کو عوام پر لاد دیا تھا۔۔۔
////////////////////////////
"پاکستان کے مسائل زیادہ ہیں اور وسائل کم۔"
اب مسائل زیادہ ہیں اور وسائل کم تو پھر ایسا کرتے ہیں کہ اس کا رونا روتے رہتے ہیں اور زندگی کٹ ہی جائے گی۔۔۔ نئی نسل آئے گی تو دیکھے گی۔۔۔
ق۔دم ق۔دم پر بچھا ک۔۔ر بہار ک۔۔ی کرن۔۔یں
شب خزاں کے یہ لمحے لپیٹنے ہوں گے
ہمارے بعد بھی گزریں گے کارواں اکثر
ہمیں یہ راہ کے پتھر سمیٹنے ہوں گے
وسائل کم ہیں تو کیا کریں اب یہ وسائل کوئی آسمان سے من و سلویٰ کی طرح تو نہیں آئیں گے۔ ہمیں کچھ تو کرنا ہوگا۔ یا ساری عمر غیروں کی بھیک پر ہی گزارا کریں گے۔۔۔
//////////////////////////////
بجلی کا بحران
اگر پچھلی حکومتوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کیا یعنی بینظیر نے کچھ کیا تو نواز شریف نے نہ ہونے دیا۔۔۔ اب بات ہے موجودہ دور کی تو محترم مشرف صاحب نے کیا کیا؟ اگر پچھلے اس معاملے میں غلط تھے تو یہ محترم اُن سے کسی کام میں پیچھے نہیں۔۔۔
" نواز لیگ جس نے رتہ بھر ڈیم بنانے کی مہم میں صدر مشرف کا ساتھ نہ دیا۔ "
نواز لیگ نے تو آج تک مشرف کا کسی معاملے میں ساتھ نہیں دیا۔۔۔ وہ تو مشرف کی صدارت کے بھی خلاف ہیں، وہ تو جامعہ حفصہ کو بھی لئے بیٹھے ہیں، ججوں کا معاملہ بھی سب سے زیادہ انہوں نے ہی اُٹھایا ہے۔۔۔ لیکن مشرف سب ان معاملوں میں اپنی یا اپنی کابینہ کی مرضی سے چلتے رہے تو پھر ڈیم بنانے والے معاملے میں کیا تکلیف ہو گئی تھی۔۔۔ رہی بات عوام کی مخالفت کی تو عوام بھی ان معاملوں میں مشرف صاحب کی مخالف ہے لیکن انہوں نے اس کی پرواہ نہیں کی اور اپنی مرضی کرتے رہے لیکن ڈیم کی باری آئی تو جی وہ ہمیں نواز لیگ یا عوام نے نہیں بنانے دیا۔۔۔ مشرف صاحب شروع کے دور میں اگر تاجر برادری سے کسی ٹیکس کے معاملے پر ضد کر کے مہینے بھر کے لئے مارکیٹ بند ہونے پر بھی ضد برقرار رکھتے ہیں اور آخر اپنی بات منوا ہی لیتے ہیں تو پھر بہتری یعنی ڈیمز کی بات پر ایسا رویہ کیوں؟ اگر مشرف صاحب وانا، سوات، درہ آدم خیل اور جنوبی وزیرستان جیسے آپریشن عوام اور باقی تمام جماعتوں کی مخالفت لے کر چلا سکتے ہیں تو یہ پھر ڈیمز کی بات پر بہانے کیوں بناتے ہیں۔۔۔ ان سب باتوں میں خون خرابہ ہوا اور عوام کو کیا ملا صرف لاشیں اگر ڈیمز بنانے کے لئے کچھ سختی کرتے تو کسی نے کچھ نہیں کرنا تھا زیادہ سے زیادہ دو چار جلوس نکال کر بیٹھ جانا تھا۔۔۔ کم از کم ملک کو بجلی جیسے بحران سے تو بچا لیتے۔۔۔ ہم یہاں 10 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ میں جل رہے ہیں، صبح طالب علم کا امتحان ہوتا ہے تو بجلی نہیں ہوتی، انڈسٹری تباہ ہو رہی ہے۔ پھر کہوں گا کہ پچھلی حکومتوں نے کچھ نہیں کیا تو مشرف صاحب نے کونسا تیر مارا ہے؟؟؟؟؟؟؟
//////////////////////////
آٹے کا بحران
ڈالر میں کمی ہو یا زیادہ ہو مجھ جیسے ان پڑھ لوگوں کو اس سے کوئی مطلب نہیں جب روٹی نہیں ہو گی تو اس بارے میں کون سوچے گا۔۔۔ ڈالر میں کمی یا زیادتی کس کام کی جب عوام کو سہولیات نہیں ملیں گی کیا ہم نے یہ سب چاٹنا ہے۔۔۔ پوری دنیا میں تیل کی قیمت بڑی ہے تو کیا پوری دنیا میں روٹی مہنگی ہوئی ہے؟ یہ جب بھی دنیا میں کسی چیز کی قیمت بڑھتی ہے تو بیچاری غریب پاکستانی عوام ہی کیوں متاثر ہوتی ہے؟
تیل کی قیمتیں تو کب کی بڑھ رہی ہیں لیکن یہ آٹے کا بحران تو اب آیا ہے۔ مسئلہ یہ نہیں کہ روٹی کی قیمت بڑھی ہے مسئلہ یہ ہے کہ آٹا ملک میں نہیں ہے اگر ہے بھی تو اسے چھپا کر رکھا گیا ہے۔۔۔ کہیں عوام کی نظر نہ پڑ جائے۔۔۔ اور اگر عوام اس دلدل سے نکل آئی تو سوچنے کا موقع مل جائے گا۔۔۔
ایک ایم این اے کی تنخواہ تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار روپے ہے اور سارے ٹی اے ملا کر یہ کوئی 3 لاکھ تک چلی جاتی ہے۔۔۔ اور جو اوپر سے (پھٹی) لگتی ہے وہ علیحدہ ہے۔۔۔ اب ان کو کیا لگے مہنگائی سے۔۔۔ ویسے یہ کس بات کی اتنی تنخواہ لیتے ہیں۔۔۔
////////////////////////////
کیا کوئی بتائے گا کہ یہ میگا پروجیکٹ کسے کہتے ہیں؟ کیا ایک فلائی اوور، انڈر پاس یا کسی پل بنانے کے پروجیکٹ کو میگا پروجیکٹ کہتے ہیں؟ یا موبائل کمپنی بڑھنے کو یا پھر ٹی وی چینل بڑھنے کو یا اسلام آباد میں نئا پارک یا گراؤنڈ بنانے کو؟ یا پھر مہنگائی بڑھنے کو؟ یا حکومت کے اُس کارنامے کو جو 5 دن بھی نہ چل سکے؟ کہیں بجلی یا آٹے کے بحران کو تو نہیں کہتے؟ کیا سوات آپریشن کو میگا پروجیکٹ کا نام تو نہیں دیا جاتا؟
سنا تھا کہ حکومتیں 50 سالہ منصوبے تک کا سوچتی ہیں لیکن یہاں حال تو ایسا ہے کہ بس کام کرو چاہے دوسرے دن ہی سب کچھ ختم ہو جائے۔۔۔ بس عوام کو پاگل بنائے رکھو۔۔۔
مشرف صاحب کی ایک بات بہت مشہور ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ جہاں لوگوں کے پاس سائیکل تھی وہاں اب موٹر سائیکل ہے جہاں موٹر سائیکل تھی وہاں کار ہے۔۔۔ بندہ پوچھے اللہ بھلا کرے جناب آپ کا۔۔۔ وقت بدل رہا ہے آپ بھی پہلے لیفٹیننٹ تھے پھر آہستہ آہستہ جنرل بنے اور ساتھ ہی ایسا وقت بدلا کہ صدر بن گئے۔۔۔ مزاح کے علاوہ بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی عام ہو رہی ہے اگر دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو یہ رفتار بہت کم ہے۔۔۔
/////////////////////////////
امریکہ نے امداد دی۔۔۔ چین سے معاہدے ہوئے۔۔۔ فلاں کمپنی نے سرمایا کاری کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔۔۔ فلاں جگہ فلاں چور نے افتتاح کیا۔۔۔ عوام کے مسائل کو قابو کیا جائے۔۔۔ وزیراعظم نے آج وفاقی وزیر سے کہا کہ کچھ ٹھیک کیا جائے۔۔۔
یہ سب سن سن کر اب عوام تنگ آ گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
یااللہ رحم کر ہم پر۔۔۔
پی ٹی وی کی نیوز دیکھو تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے ملک میں کوئی مسئلہ نہیں سب امن و امان ہے اور ملک دن بدن ترقی کر رہا ہے۔۔۔ پتہ نہیں وہ کس پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے نہ جانے وہ کون سا پاکستان ہے۔۔۔
/////////////////////////////
جو حکومت آئی اُس نے کچھ اچھے کام بھی کئے لیکن زیادہ بُرے کام۔ چاہے وہ کوئی پچھلی حکومت تھی یا مشرف صاحب کی۔۔۔ سب ایک سے بڑھ ایک نکلے۔۔۔ نواز شریف نے بینظیر اور زرداری کو دبایا اور بینظیر نے نواز شریف کو اور اسی سلسلہ کو بڑھاتے ہوئے مشرف صاحب نے بھی وہی کیا۔۔۔ اگر مشرف صاحب اتنے اچھے تھے تو اتنے سال زرداری کو قید میں رکھا گیا۔ کیس چلایا گیا لیکن وہ اتنے سالوں میں زرداری سے لوٹا ہوا مال نہیں نکلوا سکے یا پھر زرداری نے لوٹا ہی نہیں تھا؟ آخر کار وہ رہا ہوا۔۔۔ اس سے بات صاف صاف ہو جاتی ہے وہ یہ کہ سب انتقام میں لگے ہوئے تھے اور زرداری بے قصور ہے۔۔۔ یا پھر سب چور ملے ہوئے ہیں۔۔۔
ایک بات بتاتا جاؤں کہ مجھے نہ نون لیگ اچھی لگتی ہے، نہ قاف لیگ، نہ یہ ایم ایم اے اور نہ ہی پیپلز پارٹی لیکن جو بات میرے ذہن نے کہا لکھ دی۔۔۔ اگر یہ سب چور ہیں تو مشرف صاحب کسی سے کم نہیں۔۔۔
یہاں سب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہیں۔ کسی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نے ملک کا نہیں سوچا۔ سب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اپنی کرسی بنانے کے چکر میں ہیں۔
تمام دوستوں سے گذارش ہے کہ ان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کی جگہ اپنی مرضی سے جو چاہیں لکھ لیں۔ میں نے جو لکھا ہے وہ آپ سن نہیں سکتے یا محفل پر میں سنا نہیں سکتا۔۔۔
اگر اس تحریر سے کسی کا دل دکھے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔