نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی

عباد اللہ

محفلین
کون دن اس پہ ملامت نہ ہوئی
زندگی کب کوئی آفت نہ ہوئی
عاشقی میں نہ لگا دل کسی طور
نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی
کیا عجب ہے کہ بہ پیشِ داور
چاہ کر تیری شکایت نہ ہوئی
ہم نے اربابِ نظر پر رکھا
رنجِ فرقت کی وضاحت نہ ہوئی
روزِ محشر کا تو بس وعدہ ہے
ورنہ کس روز قیامت نہ ہوئی
حیف ہے اس پہ وہ محروم رہا
جس کو تجھ خاک سے نسبت نہ ہوئی
اپنی تو مشقِ سخن ہی کیا ہے
سو بیاں تیری ملاحت نہ ہوئی
ہائے حسرت کہ ہمیں وصل کی شب
اک ذرا (ایک ٹک) باعثِ راحت نہ ہوئی
حاصلِ عمر وہ لمحہ تھا کہ جب
بھول کر تجھ کو ' ندامت نہ ہوئی
 
عباد، تم بہت اچھا لکھتے ہو۔ کچھ بھی گنجائش ہوتی تو میں زبردست قرار نہ دیتا۔
ایک خاص سطح پر پہنچ جانے کے بعد فن کار کا معاملہ یہ ہو جاتا ہے کہ اس کے ہاں بہتری کی گنجائش تو رہتی ہے مگر اس گنجائش کو خود فن کار کے علاوہ کوئی استاد، کوئی مربی نہیں جان سکتا۔ اس مقام پر اگر فن کار دیانت دار نہ ہو تو اس کا فن ٹھٹھر کر رہ جاتا ہے۔ لیکن اگر خود پسندی کو بالائے طاق رکھ کر خود نگری اور احتساب و تنقیدِ نفس کا عمل جاری رکھا جائے تو غیر معمولی ترقیاں نصیب ہوتی ہیں۔
تمھارا معاملہ یہی ہے۔ تمھیں کم از کم میں تو کوئی خاص مشورہ نہیں دے سکتا سوائے اس کے کہ اپنا سخت ترین نقاد بھی تمھی کو ہونا چاہیے۔ باقی میری دعائیں اور نیک تمنائیں تمھارے ساتھ ہیں۔ اللہ جلد وہ دن لائے کہ میں تم سے تعلق پر ناز کروں!
 
بہت شکریہ سر اگر چہ میں اس قابل نہیں مزکورہ غزل ہی کو دیکھ لیجئے کوئی شعر قابلِ ستائش نہیں نہ مضمون آفرینی ہے نہ ہی لفظیات کچھ خاص ۔۔
میں اپنا لہجہ بنانے کی تگ و دو میں ہوں لیکن بن نہیں پا رہا ، ایسے میں آپ کی حوصلہ آفزائی سے سیروں خون بڑھ جاتا ہے
 
La Alma

لائبریرین
عمدہ کاوش ہے .کم و بیش سبھی اشعار اچھے ہیں .حاصلِ غزل یہ شعر لگا .
کیا عجب ہے کہ بہ پیشِ داور
چاہ کر تیری شکایت نہ ہوئی

عاشقی میں نہ لگا دل کسی طور
نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی
اس کے دوسرے مصرع میں آپ نے کیا کِیا ہے .بحر بدلی ہے، "نہ" کا وزن 2 لیا ہے یا پھر اسی بحر میں ایسا کرنے کی کوئی اور سہولت ہے ؟مزید براں اسی شعر کے پہلے مصرع میں لفظ عاشقی کو کسی ترکیب میں لے آئیے .یہ پیرایہ اظہار کچھ ایسا شستہ نہیں لگ رہا .

ہائے حسرت کہ ہمیں وصل کی شب
اک ذرا (ایک ٹک) باعثِ راحت نہ ہوئی
"اک ذرا راحت نہ ہوئی"، اس میں "باعث" کے استمعال کی سمجھ نہیں آئی.

حاصلِ عمر وہ لمحہ تھا کہ جب
بھول کر تجھ کو ' ندامت نہ ہوئی
معمول سے ہٹ کر سوچ ہے۔ عمومًا شاعر لوگ متضاد کیفیت کو حاصلِ عمر ٹھہراتے ہیں .
 
فاعلاتن فعلاتن فعلن کو فعلاتن فعلاتن فعلن کرنا جائز ہے.
 
فرقان احمد

محفلین
روزِ محشر کا تو بس وعدہ ہے
ورنہ کس روز قیامت نہ ہوئی

عباد، بہت اچھے! بہترین! ایک عاجزانہ مشورہ ہے، کوشش فرمائیں، مشکل الفاظ کم استعمال کریں۔ معلوم ہوتا ہے، غالب اور دیگر اساتذہ کا کلام آپ نے 'حفظ' کر لیا ہے تاہم اصل مشکل تب بنتی ہے کہ جب ان کو بھلانا پڑ جائے۔ ایسا کریں گے تو آپ کا اپنا اسلوب اور رنگِ سخن مزید نکھری ہوئی صورت میں سامنے آئے گا۔ تاہم، آپ جو کچھ لکھ رہے ہیں، اس کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی۔ سلامت رہیں۔
 
عباد، بہت اچھے! بہترین! ایک عاجزانہ مشورہ ہے، کوشش فرمائیں، مشکل الفاظ کم استعمال کریں۔ معلوم ہوتا ہے، غالب اور دیگر اساتذہ کا کلام آپ نے 'حفظ' کر لیا ہے تاہم اصل مشکل تب بنتی ہے کہ جب ان کو بھلانا پڑ جائے۔ ایسا کریں گے تو آپ کا اپنا اسلوب اور رنگِ سخن مزید نکھری ہوئی صورت میں سامنے آئے گا۔ تاہم، آپ جو کچھ لکھ رہے ہیں، اس کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی۔ سلامت
مجهے تو کوئی خاص مشکل لفظ یا پیچیدہ فارسی ترکیب نظر نہیں آئی.
 
عباد اللہ

محفلین
بہت شکریہ
عاشقی میں نہ لگا دل کسی طور
نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی
اس کے دوسرے مصرع میں آپ نے کیا کِیا ہے .بحر بدلی ہے، "نہ" کا وزن 2 لیا ہے یا پھر اسی بحر میں ایسا کرنے کی کوئی اور سہولت ہے ؟مزید براں اسی شعر کے پہلے مصرع میں لفظ عاشقی کو کسی ترکیب میں لے آئیے .یہ پیرایہ اظہار کچھ ایسا شستہ نہیں لگ رہا .
مجھے تو یہ شعر رواں لگ رہا ہے لیکن آپ کی رائے بھی اہم ہے دیکھتے ہیں کہ اساتذہ کیا فرماتے ہیں

ہائے حسرت کہ ہمیں وصل کی شب
اک ذرا (ایک ٹک) باعثِ راحت نہ ہوئی
"اک ذرا راحت نہ ہوئی"، اس میں "باعث" کے استمعال کی سمجھ نہیں آئی.
بھئی یہ سمجھایا مجھ سے نہیں جاتا ۔ شبَ وصل بجائے خود ہمیں باعثَ راحت نہیں ۔۔۔

حاصلِ عمر وہ لمحہ تھا کہ جب
بھول کر تجھ کو ' ندامت نہ ہوئی
معمول سے ہٹ کر سوچ ہے۔ عمومًا شاعر لوگ متضاد کیفیت کو حاصلِ عمر ٹھہراتے ہیں
جی شبَ وصل کا باعثَ راحت نہ ہونا اور یہ دونو متضاد سوچ ہیں مجھے یاد پڑتا ہے بچپن میں کہیں ایسا بھی کہا تھا
وصل کی شب سوچا کرتا ہوں
ہجر ترا تجھ سے اچھا تھا۔۔۔
 
عباد اللہ

محفلین
عباد، بہت اچھے! بہترین! ایک عاجزانہ مشورہ ہے، کوشش فرمائیں، مشکل الفاظ کم استعمال کریں۔ معلوم ہوتا ہے، غالب اور دیگر اساتذہ کا کلام آپ نے 'حفظ' کر لیا ہے تاہم اصل مشکل تب بنتی ہے کہ جب ان کو بھلانا پڑ جائے۔ ایسا کریں گے تو آپ کا اپنا اسلوب اور رنگِ سخن مزید نکھری ہوئی صورت میں سامنے آئے گا۔ تاہم، آپ جو کچھ لکھ رہے ہیں، اس کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی۔ سلامت رہیں۔
شکریہ فرقان بھیا اس غزل میں مشکل پسندی کا تو کوئی مسئلہ نہیں بس یہ خامی ہے کہ تقریباََ تمام مضامین اساتذہ باندھ چکے ہیں
اپنے خیالات میرے ایسے ہیں کہ فی زمانہ انہیں باندھنے سے مجھے خوف آتا ہے۔ آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لئے الفاظ نہیں خوش رہیں
 
عباد اللہ

محفلین
یعنی شیر خوارگی میں ہی ہجر و وصال کے جھنجھٹ ....ویری سٹرینج ....
شیر خواری والی بات درست نہیں
یہ چھٹی جماعت کا قصہ ہے استاد نے ناصر کاظمی کی کتاب پہلی بارش عطا فرمائی
اگلے روز ہم نے ان کی زمین میں کوئی 40 اشعار استاد کوسنائے اور وہ انگشت بہ دنداں
بحر تو اس وقت ہم کیا جانتے تھے لیکن بھلا ہو ناصر کا کہ انہوں نے ایسی بحر کا انتخاب کیا ہے کہ کچھ بھی کہو موزوں ہوتا ہے
وہ تکبندی اسی طرح سے پڑی ہے کبھی موقع ملا تو آپریشن کے لئے پیش کروں گا:)
 
جی اندازہ ہو رہا ہے کہ آپ نے کیا کیا گل کھلائے ہوں گے .
ویسے آپ جیسے ہونہار طالب علموں کو دیکھ کر امید کی جا سکتی ہے کہ اردو کا مستقبل ابھی تک محفوظ ہاتھوں میں ہے .
 
نوشاب

محفلین
کون دن اس پہ ملامت نہ ہوئی
زندگی کب کوئی آفت نہ ہوئی
عاشقی میں نہ لگا دل کسی طور
نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی
کیا عجب ہے کہ بہ پیشِ داور
چاہ کر تیری شکایت نہ ہوئی
ہم نے اربابِ نظر پر رکھا
رنجِ فرقت کی وضاحت نہ ہوئی
روزِ محشر کا تو بس وعدہ ہے
ورنہ کس روز قیامت نہ ہوئی
حیف ہے اس پہ وہ محروم رہا
جس کو تجھ خاک سے نسبت نہ ہوئی
اپنی تو مشقِ سخن ہی کیا ہے
سو بیاں تیری ملاحت نہ ہوئی
ہائے حسرت کہ ہمیں وصل کی شب
اک ذرا (ایک ٹک) باعثِ راحت نہ ہوئی
حاصلِ عمر وہ لمحہ تھا کہ جب
بھول کر تجھ کو ' ندامت نہ ہوئی
یہ شاعری کس قدر مشکل کام ہے میں تو اسے اتنا آسان سمجھتا تھا کہ پوچھیں نہیں ۔
یہ تو دماغ کی کونپلیں مرجھا دینے والا شغل ہے۔
اس سے زیادہ آسان تو ایکسل اور ڈاس کی کمانڈیں ہیں۔
 
الف عین

لائبریرین
میرے خیال میں پوری غزل کا بہترین مصرع یہی ہے
نہ ہوئی ہم سے محبت نہ ہوئی
اس میں کوئی مسئلہ نہیں المیٰ کو غلط فہمی ہوئی ہے۔
ماشاء اللہ استادانہ غزل ہے عباد۔ پسند آئی۔
البتہ
اک ذرا (ایک ٹک) باعثِ راحت نہ ہوئی
میں جو کہنا چاہا ہے وہ در اصل ’ذرا بھی‘ ہونا تھا۔ اک ذرا یا ایک ٹک سے وہ مطلب درست نہیں نکلتا میرے خیال میں۔
 
Top