نیا سال اور مبارک باد
مسابقت کا ایسا بھیانک دور ہے کہ دوست احباب اور رشتے دار بھلے ہی کسی شعبے میں مبارک باد دیں یا نہ دیں لیکن نئے سال کی مبارکباد دینے کے لئے ماہی بے آب کی طرح بے چین رہتے ہیں بلکہ یہ کہیں تو زیادہ مناسب ہوگا کہ مرے جاتے ہیں۔ سل فون کی آمد کے بعد تو نئے سال کی مبارک باد دینے والوں کی تعداد میں خاصہ اضافہ ہوگیا ہے۔ جو لوگ کفایت شعار بلکہ کنجوس ہوتے ہیں وہ ایس ایم ایس کے ذریعے کام چلا لیتے ہیں۔ چند دلچسپ ایس ایم ایس جو ہمیں نئے سال کی آمد سے پہلے وصول ہوئے ، ملاحظہ فرمائیں: " تمام ثبوتوں اور گواہوں کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ کو دفعہ 1/1/2011 کے تحت 6 دن پہلے "ہیپی نیو ائیر" کہتے ہوئے زندگی بھر خوش رہنے کی سزا دی جاتی ہے۔"
ہمارے ایک اور شناسائی نے دو ہفتے قبل نئے سال کی مبارک باد کچھ اس طرح دی:
"ہیپی نیوائیر 2011
کیونکہ کاوی راج کبیر جی نے کہا ہے
کل کرے سو آج کر ، آج کرے سو اب
نیٹ ورک بیزی ہوجائے گا ، وش کرے گا کب؟"
ہمارے ایک اور قریبی ساتھی نے نئے سال کی مبارک باد دینے میں جلد بازی کی انتہا کردی ، کس طرح ، ملاحظہ فرمائیں:
"جس کو دیکھو وہ پہلے بازی مارنے پر تلا ہے ، کوئی ایک دن تو کوئی دو دن کوئی چار دن تو کوئی ایک ہفتہ پہلے نئے سال کی مبارک باد دے رہا ہے۔ تو یہ لو ہیپی نیو ائیر 2011،2012
ایک سال دو دن پہلے ، میں نے بازی مار لی ، اب بولو!"
حمید عادل کے کالم سے اقتباس