واعظ نے اپنے زورِ بیاں سے بدل دیا

یاسر شاہ

محفلین
واہ عمدہ غزل ہے ماشاء اللہ ۔
ان اشعار کے تو کیا ہی کہنے۔
اب مل بھی جائیں یار پرانے تو کیا خبر
کس کس کو زندگی نے کہاں سے بدل دیا

اس بار دشتِ جاں سے یوں گزری ہوائے درد
موجِ لہوکو ریگِ رواں سے بدل دیا

آنکھوں میں شامِ ہجر کا ہر عکسِ منجمد
مل کرکسی نے اشکِ رواں سے بدل دیا
دل کو چھو لینے والے اشعار ہیں ماشاء اللہ۔
اللہ تعالیٰ دارین کی عافیت عطا فرمائے۔آمین
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
ایسا مخلص و مہربان شارح اگر میؔر کو میسر آجاتا تو آج چھ کے بجائے ان کا ایک ہی دیوان ہوتا۔ اور ان کے بعد آنے والے کئی شعرا تو شاعری سے توبہ ہی کرلیتے ۔
میٹرک کے طلبا کو بھی امتحانی پرچوں میں شعر کی تشریح سےنجات مل جاتی ، نین بھائی ۔ ہمیشہ دیر کردیتے ہیں ۔۔۔۔
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں۔۔۔ ہوہوہوہو۔۔۔۔ شکریہ ظہیر بھائی۔۔۔ ایک دن آئے گا میں وقت پر بھی پہنچنے لگوں گا۔۔۔ ڈریں اس دن سے
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
محمد بھائی ، ہر چیز تیار ہے سوائے پیش لفظ کے ۔ پیش لفظ ہی نہیں لکھا جارہا ۔ لیکن اب فیصلہ کرلیا ہے کہ پیش لفظ کے بجائے مختصر سا ذاتی تعارف وغیرہ لکھ کر معاملہ نبٹادیا جائے ۔ ان شاء اللہ ایک دو ہفتوں میں اعجاز بھائی کو فائنل مسودہ بھیج دوں گا ۔ پیش لفظ وغیرہ اگر مستقبل میں کبھی لکھ بھی لیا تو اُسے ای بک میں شامل کرنا اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہوگا ۔ مدد کے لئے آپ کی فراخدلانہ پیشکش کا بہت شکریہ۔ محفل پر موجود دوست پہلے ہی اس سلسلے میں خاصی مدد کرچکے ہیں اور میری شاعری کے انتخاب وغیرہ کے سلسلے میں بھی تعاون کرتے رہتے ہیں ۔ محمداحمد اور تابش صدیقی صاحبان کا خصوصاً شکرگزار ہوں ۔
آپ مجھ سے کیوں نہیں لکھوا لیتے پیش لفظ۔۔۔۔ ہوہوہوہوہوہوہو
 

محمد وارث

لائبریرین
عمدہ غزل ہے ظہیر صاحب قبلہ، مطلع خوب ہے اور دیگر اشعار بھی، اور یہ اشعار تو بہت پسند آئے:

ہونا تھا میرا واقعہ آغاز جس جگہ
قصّےکو قصّہ خواں نے وہاں سے بدل دیا

اب مل بھی جائیں یار پرانے تو کیا خبر
کس کس کو زندگی نے کہاں سے بدل دیا

بیدادِ عشق ہے کہ یہ آزارِ آگہی
سینے میں دل کو دردِ نہاں سے بدل دیا

ویسے نہ جانے کیوں یہ غزل پہلے نظر نہیں آئی، شاید میری قریب کی نظر بھی خراب ہو رہی ہے، دُور کی تو خیر پہلے ہی تھی! :)
 
احبابِ کرام ! ایک غزل جو پچھلے سال لکھی تھی آپ کے ذوقِ سخن کی نذر کرتا ہوں ۔ امید ہے کہ یہ اشعار آپ کو پسند آئیں گے ۔

٭٭٭

واعظ نے اپنے زورِ بیاں سے بدل دیا
کتنی حقیقتوں کو گماں سے بدل دیا

ہونا تھا میرا واقعہ آغاز جس جگہ
قصّےکو قصّہ خواں نے وہاں سے بدل دیا

ہے شرطِ جوئے شیر وہی ، وقت نے مگر
تیشے کو جیسے کوہِ گراں سے بدل دیا

اب مل بھی جائیں یار پرانے تو کیا خبر
کس کس کو زندگی نے کہاں سے بدل دیا

بیدادِ عشق ہے کہ یہ آزارِ آگہی
سینے میں دل کو دردِ نہاں سے بدل دیا

اس بار دشتِ جاں سے یوں گزری ہوائے درد
موجِ لہوکو ریگِ رواں سے بدل دیا

آنکھوں میں شامِ ہجر کا ہر عکسِ منجمد
مل کرکسی نے اشکِ رواں سے بدل دیا

احساسِ رائگانیِ جذبِ دروں نہ پوچھ
میں نے سکوتِ غم کو فغاں سے بدل دیا

٭٭٭

ظہیرؔ احمد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۲۰۱۹​
احساس رائگانی جذب دروں سے نا پوچھ۔۔۔۔! کیا کہنے بہت عمدہ جناب من
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب ظہیر بھائی!

حیرت ہے کہ یہ غزل میں نے بھی آج دیکھی۔ :)

واعظ نے اپنے زورِ بیاں سے بدل دیا
کتنی حقیقتوں کو گماں سے بدل دیا

اور بھولے بھالے لوگ یقین کر لیتے ہیں۔

ہونا تھا میرا واقعہ آغاز جس جگہ
قصّےکو قصّہ خواں نے وہاں سے بدل دیا

عمدہ!

بیدادِ عشق ہے کہ یہ آزارِ آگہی
سینے میں دل کو دردِ نہاں سے بدل دیا
واہ
آنکھوں میں شامِ ہجر کا ہر عکسِ منجمد
مل کرکسی نے اشکِ رواں سے بدل دیا
کیا بات ہے!

بہت سی داد قبول فرمائیے۔
 

سیما علی

لائبریرین
آنکھوں میں شامِ ہجر کا ہر عکسِ منجمد
مل کرکسی نے اشکِ رواں سے بدل دیا

احساسِ رائگانیِ جذبِ دروں نہ پوچھ
میں نے سکوتِ غم کو فغاں سے بدل دیا
بہت خوب
بہت خوب !!!بہت خوب !
ماشاء اللہ ماشاء اللہ
ڈھیروں داد قبول فرمائیے ۔۔
شاد و آباد رہیے !آمین
پروردگار اپنی امان میں رکھے ہمیشہ ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
حیرت ہے کہ غزل نظر سے کیونکر رہ گئی۔ یعنی ظہیر بھائی کی غزل اور میں پوسٹ ہونے کے دو سال بعد پڑھ رہا ہوں۔

آہ! کتنے ہی شناسا چہرے نگاہوں کے سامنے آ گئے۔ جو اب دنیا بھر میں بکھرے پڑے ہیں۔

کیا کہنے ظہیر بھائی۔ عمدہ
بہت شکریہ ، نوازش، تابش بھائی!
ایک زمانے میں ہر ہفتے ایک غزل پوسٹ کررہا تھا اور وہ مراسلوں میں کہیں دب دبا جاتی تھیں۔ یہ اسی وقت کی بات ہے اس لئے آپ کی نظر سے رہ گئی ورنہ تو عموماً آپ اولین قارئین میں سے ہوتے ہیں ۔:)
اللّٰہ کریم آپ کو تروتازہ رکھے ، شاد و آباد رہیں ۔ آپ اہلِ ذوق حضرات کی پذیرائی ہی میرے قلم کو متحرک رکھتی ہے ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب ظہیر بھائی!

حیرت ہے کہ یہ غزل میں نے بھی آج دیکھی۔ :)


اور بھولے بھالے لوگ یقین کر لیتے ہیں۔

عمدہ!

واہ

کیا بات ہے!

بہت سی داد قبول فرمائیے۔
بڑی محبت ہے آپ کی ، احمد بھائی! اللّٰہ کریم آپ کو خوش رکھے!
یقین کیجیے آپ صاحبانِ ذوق کی طرف سے یہ قدر افزائی ہی یہاں کھینچ کھینچ لاتی ہے ۔ اللّٰہ یہ محبتیں اور عنایتیں قائم رکھے !
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب
بہت خوب !!!بہت خوب !
ماشاء اللہ ماشاء اللہ
ڈھیروں داد قبول فرمائیے ۔۔
شاد و آباد رہیے !آمین
پروردگار اپنی امان میں رکھے ہمیشہ ۔
بہت شکریہ، نوازش ! بہت ممنون ہوں ، سیما آپا!
دعاؤں کے لئے الگ سے شکریہ!
آپ تو اردو محفل میں محبتیں اور ستائشیں بانٹنے کی مشین ہیں ۔ :)اس عہدِ پرفتن میں یہ بڑی بات ہے ۔ اللّہ کریم آپ کو فلاحِ دارین عطا فرمائے ۔ بہت ممنون ہوں ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ عمدہ غزل ہے ماشاء اللہ ۔
ان اشعار کے تو کیا ہی کہنے۔

دل کو چھو لینے والے اشعار ہیں ماشاء اللہ۔
اللہ تعالیٰ دارین کی عافیت عطا فرمائے۔آمین
آداب ، بہت نوازش، شکریہ ، یاسر بھائی!
بہت ممنون ہوں ۔ اللّٰہ کریم آپ کو خوش رکھے! آپ کے حق میں بھی یہ دعائیں قبول فرمائے۔ آمین
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
عمدہ غزل ہے ظہیر صاحب قبلہ، مطلع خوب ہے اور دیگر اشعار بھی، اور یہ اشعار تو بہت پسند آئے:
آداب ، آداب! بہت نوازش! ذرہ نوازی ہے ، وارث صاحب!
میرے لئےآپ اہلِ علم و ہنر کی جانب سے ایک حرفِ ستائش مجمعِ عام کی داد پر بھاری ہوتا ہے۔ بہت ممنون ہوں ۔ اللّٰہ کریم فضل و ہنر میں اضافہ فرمائے! سلامت رکھے!
ویسے نہ جانے کیوں یہ غزل پہلے نظر نہیں آئی، شاید میری قریب کی نظر بھی خراب ہو رہی ہے، دُور کی تو خیر پہلے ہی تھی! :)
:) :) :)
ویلکم ٹو دی بائے فوکل کلب!

مزاح برطرف، اللّٰہ کریم آپ کو صحت و عافیت میں رکھے ، اپنی امان عطا فرمائے! ہر مشکل پریشانی سے دور رکھے! آمین
 
Top