وحشتیں، خوف، گھٹن اوڑھ کے سو جاتا ہوں۔ امین اڈیرائ۔

ایم اے راجا

محفلین
وحشتیں، خوف، گھٹن، اوڑھ کے سو جاتا ہوں
اور کچھ دل کی لگن اوڑھ کے سو جاتا ہوں

جب بھی یادوں کے دریچوں سے دھواں اٹھتا ہے
اپنی آہوں کی جلن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

چھوڑ جاتے ہیں جو احباب میرے آنگن میں
تلخ لفظوں کی چبھن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

روز دھرتی کو بناتا ہوں میں بستر اپنا
اور پھر سر پہ گگن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

تیرے احساس کی خوشبو کو بسا کر دل میں
تیرے لہجے کی تھکن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

روز خیرات کی ذلت سے بچا کر خود کو
روز اک بھوکا بدن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

خانہء دل میں بھڑک اٹھتے ہیں شعلے جس دم
جلتے خوابوں کا کفن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

شب کی دہلیز پہ سر رکھکےمیں چپ چاپ امین
خواہشِ صبحِ چمن اوڑھ کے سوجاتا ہوں

( امین اڈیرائ کی کتاب “ احساس کی خوشبو“ سے ایک خوبصورت انتخاب )​
 
Top