بھارت کو ایک اور جھٹکا: حکومت پاکستان کا گلابی نمک کو رجسٹر کروانے کا فیصلہ
By ویب ڈیسک Last updated دسمبر 12, 2020
13
حکومت پاکستان نے گلابی نمک کو بھی دیگر پاکستانی مصنوعات کے ساتھ رجسٹر کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سینئر صحافی عدیل وڑائچ نے اپنے ایک ویڈیو بلاگ میں بتایا کہ حکومت پاکستان نے باسمتی چاول کو اپنی پراڈکٹ قرار دینے کے بھارتی دعویٰ کو چیلنج کردیا ہے اور ساتھ ہی پاکستان نے گلابی نمک کو بھی جی آئی ٹیگ میں رجسٹر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عدیل وڑائچ نے بتایا کہ یورپی یونین میں بھارت نے باسمتی چاول کے جی آئی ٹیگ کیلئے جو درخواست دی تھی اسے تو پاکستان نے چیلنج کیا ہی ہے، بلکہ دنیا بھر میں بھارت کی جانب سے اپنے نام سے فروخت کیے جانے والے گلابی نمک کی چوری روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
عدیل وڑائچ نے عبدالرزاق داؤد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ باسمتی چاول کے جی آئی ٹیگ سے متعلق جب حکومتی فیصلہ سامنے آیا تو لوگوں نے ہمیں تجویز دی کہ گلابی نمک کے جی آئی ٹیگ کا معاملہ بھی دنیا کے سامنے رکھنا چاہیے۔
عدیل ورائچ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان گلابی نمک سمیت دیگر مصنوعات کی رجسٹریشن کیلئے ہوم ورک شروع کردیا ہے، اس گلابی نمک کو بھارت دنیا بھر میں اپنے نام سے فروخت کرکے یہ تاثر دے رہا تھا کہ یہ اس کی پراڈکٹ ہے۔
ویڈیو بلاگ میں عدیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شاہد کا کہنا تھا کہ گلابی نمک پاکستان کی قسمت ہی نہیں بدل سکتا بلکہ پاکستان کا دنیا کے امیر ترین ممالک کی فہرست میں شامل کرسکتا ہے، اسے دنیا میں ہمالین سالٹ بھی کہتا ہے، ہماری نااہلی تھی کہ ہماری توجہ کبھی اس طرف گئی نہیں اور ہماری اس نااہلی سے بھارت فائدہ اٹھا رہا تھا۔
میاں شاہد نے کہا کہ پاکستان نے کبھی دنیا کے سامنے یہ انکشاف نہیں کیا کہ گلابی نمک دراصل پاکستان سے نکالا جاتا ہے، اگر پاکستان ایسا کردے تو نہ صرف بین الاقوامی منڈیوں میں بھارت کی سبکی ہوگی بلکہ پاکستان کو پزیرائی بھی ملے گی۔