وقت

فاطمہ شیخ

محفلین
کانچ کی گڑیا، ڈھونڈنے نکلی
وقت
یہ کیا ہے
اور کہاں ہے
کیسی بلا ہے
دیکھ نا پائے، ہاتھ نا آئے، چلتا جائے
کوئی بھی اس کو روک نا پائے
اپنی دھن میں بہتا جائے
نگری نگری کوچہ کوچہ
بستی بستی صحرا صحرا
جنگل جنگل پربت پربت
ساحل ساحل دریا دریا
پیاس بڑھائے، آگ لگائے
جلتا جائے
لیلی بن کر کڑھتا جائے
سوہنی بن کر روتا جائے
سسّی بن کر رُلتا جائے
پُنّوں بن کر تیر بھی کھائے
مجنوں بن کر خاک اُڑائے
رانجھا بن کر جوگ کمائے
سوگ منائے
جیون اپنا روگ بنائے
اور مٹی میں مِلتا جائے
پتہ پتہ بوٹا بوٹا
ڈالی ڈالی گلشن گلشن
پھول کھلائے، رنگ چڑھائے
خوشبو بن کر مہکتا جائے
ہنستا جائے
سنگ ہوا کے، چڑیا بن کر اڑتا جائے
نیل گگن پر
سورج بن کر نور لٹائے
چاند بنے اور داغ چھپائے
تارا بن کر ٹوٹتا جائے
ہاتھوں سے یہ چھوٹتا جائے
آہ، بیچاری گڑیا اس کو جان نا پائے
وقت
یہ کیا ہے
دل بن کر یہ دھڑکتا جائے
نبض بنے تو تھم نا پائے
لہو بنے اور دوڑتا جائے
درد بنے تو ٹھہر بھی جائے
روح کے اندر...
وقت خطا ہے
وقت سزا ہے
وقت دعا ہے
وقت جزا ہے
وقت شفا ہے
وقت عطا ہے
وقت بقا ہے
وقت "خدا" ہے
( فاطمہ)
 
La Alma

لائبریرین
اردو محفل میں خوش آمدید .
بہت خوب . اس نظم کو بچے اور بڑے دونوں انجوائے کر سکتے ہیں .
 
الف عین

لائبریرین
اچھی نظم ہے ماشاء اللہ۔
نا اور نہ۔ یہ دو الگ الگ الفاظ ہیں۔ ’یہ نہ کیا کریں‘ اور ’کیجیے نا‘ کے الگ الگ مطلب ہیں۔ پہلا نہی کے صیغے میں ہے، دوسرے میں زور دیا جا رہا ہے۔ یہاں فاطمہ شیخ نے ’نہ‘ کو ’نا‘ لکھا ہے جس کی ضرورت نہیں ے، کہ بحر میں بھی ’نہ‘ ہی آ رہا ہے۔ صرف شاید اس مصرع کے
نبض بنے تو تھم نا پائے
جہاں وزن میں بھی دو حرفی ’نا‘ تقطیع ہو گا۔
یہ سطر سمجھ نہیں سکا
رانجھا بن کر جوگ کمائے
جوگ یا یوگ کمایا نہیں جاتا، کیا جاتا ہے۔بمعنی یوگا۔ اور کیا معنی ہیں، اس کا مجھے علم نہیں۔
 
عاطف ملک

سر یہ نظم انہوں نے "بقول" ان کے "عروض" سے بالکل ناواقف ہونے کے باوجود لکھی ہے اور بہت اچھی لکھی ہے۔
آپ سے رہنمائی ملی تو بہت اچھی شاعرہ ثابت ہوں گی انشااللہ۔
مجھے اس نظم کی روانی نے بہت متاثر کیا
متفق :)
 
فاطمہ شیخ

محفلین
اچھی نظم ہے ماشاء اللہ۔
نا اور نہ۔ یہ دو الگ الگ الفاظ ہیں۔ ’یہ نہ کیا کریں‘ اور ’کیجیے نا‘ کے الگ الگ مطلب ہیں۔ پہلا نہی کے صیغے میں ہے، دوسرے میں زور دیا جا رہا ہے۔ یہاں فاطمہ شیخ نے ’نہ‘ کو ’نا‘ لکھا ہے جس کی ضرورت نہیں ے، کہ بحر میں بھی ’نہ‘ ہی آ رہا ہے۔ صرف شاید اس مصرع کے
نبض بنے تو تھم نا پائے
جہاں وزن میں بھی دو حرفی ’نا‘ تقطیع ہو گا۔
یہ سطر سمجھ نہیں سکا
رانجھا بن کر جوگ کمائے
جوگ یا یوگ کمایا نہیں جاتا، کیا جاتا ہے۔بمعنی یوگا۔ اور کیا معنی ہیں، اس کا مجھے علم نہیں۔
سر آپ نے فرمایا کہ سطر رانجھا بن کر جوگ کمائے آپ سمجھ نہیں پائے
اس سطر کی وضاحت کرنا چاہوں گی
رانجھا جوگی بن گیا تھا، جوگ میرے نزدیک ایک عہدہ ہے، جسے تپسیا سے ریاضت سے کمایا جاتا ہے
جیسے دولت عزت شہرت،محنت سے کمائے جاتے ہیں.
میری اصلاح فرمائیے گا اگر میرا یہ خیال غلط ہے تو اس کی تصیح کیجے گا
عنایت ہو گی
 
الف عین

لائبریرین
میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ جوگ اسی ریاضت کا نام ہے۔ اگر تصوف کی اصطلاح میں کچھ اور ہو تو مجھے علم نہیں۔
 
فاطمہ شیخ

محفلین
میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ جوگ اسی ریاضت کا نام ہے۔ اگر تصوف کی اصطلاح میں کچھ اور ہو تو مجھے علم نہیں۔
شکریہ سر
جہاں تک نا اور نہ جیسے الفاظ کا تعلق ہے تو مجھے شاعری کا بالکل علم نہیں ہے، تعلیم بھی واجبی سی ہے
کیا آپ مجھے کچھ ایسی کتب بتا سکتے ہیں جن کی مدد سے میں سیکھنے کا آغاز کر سکوں؟
 
Top