وی بلیٹن 4.1.2 کا جدید ترین اردو ترجمہ

شاکر

محفلین
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

وی بلیٹین کے جدید ترین ورژن 4.1.2 سے مطابقت رکھنے والا ایک نیا اردو ترجمہ محبانِ اردو کی خدمت میں پیش ہے۔
اس جدید ترجمے کی خصوصیات ذیل میں درج ہیں :

1۔ وی بلیٹن کے اب تک کئے گئے چار اردو تراجم، یعنی کہ : عبدالرحمٰن صاحب (اردو مجلس) ، زبیر صاحب (پاک نیٹ) ، آصف منیر صاحب (نامعلوم فورم، بوریوالا پاکستان) اور شاکر القادری صاحب (القلم فورم) کے تراجم کے تقابلی مطالعہ اور موازنہ کے بعد یہ نیا ترجمہ تخلیق کیا گیا ہے۔

2۔ گزشتہ تراجم میں کئی جگہوں پر عربی حروف استعمال کئے گئے تھے جن کو اردو حروف سے بدلا گیا ہے۔

3۔ مشکل لفظی ترجمہ کے بجائے آسان فہم مطلب شامل کیا گیا ہے۔

4۔ عام فہم انگریزی الفاظ کا غیر مانوس یا متروک اردو الفاظ سے ترجمہ کرنے کی بجائے انہی انگریزی الفاظ کو قائم رکھا گیا ہے۔

5۔ گرامر اور اسپیلنگ کے لحاظ سے الفاظ و جملوں کی درستگی کی گئی ہے۔

6۔ چونکہ پچھلے تمام تراجم وی بلیٹن کے پرانے ورژن کے لئے تھے۔ بعد کے ورژن (ver. 4.1.2) میں اضافہ شدہ انگریزی الفاظ و جملوں کے تراجم بھی شامل کئے گئے ہیں۔

7۔ بیک اینڈ کے ترجمہ کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔ صرف فرنٹ اینڈ تراجم شامل کئے گئے ہیں۔ کیونکہ بیک اینڈ پر استعمال ہونے والی تکنیکی زبان کے اردو ترجمہ کرنے میں فوائد کم اور نقصانات زیادہ ہیں۔

8۔ کچھ جگہوں پر اب بھی ترمیم و اضافہ کیا جانا ممکن ہے، جس کے لئے کام جاری ہے۔ اور وقتاً فوقتاً اسی لنک پر اس ترجمہ کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا ان شاءاللہ۔

***
ترجمہ کے اس کام میں تکنیکی مشوروں کے حوالے سے باذوق بھائی کا بھرپور تعاون بھی شامل رہا ہے۔جزاکم اللہ
احقر چونکہ کتاب و سنت ڈاٹ کام سے انسیت رکھتا ہے لہٰذا اس لینگویج فائل کو اسی ویب سائٹ کے نام موسوم کیا جا رہا ہے۔ جہاں عنقریب وی بلیٹن فورم کا افتتاح متوقع ہے۔

ڈاؤن لوڈ لنک


والسلام
محمد شاکر
 
جزاک اللہ خیر، شاکر بھائی یہ خوبصورت کام کیا ہے آپ نے۔ اس بات کی ضرورت ہم کافی عرصہ سے محسوس کر رہے تھے۔ ویسے ایک مشورہ ہے کہ ایڈمن سیکشن کا ترجمہ سرے سے خارج کر دیں بجائے اس کے کہ پہلے کے تراجم کی کھچڑی قائم رکھیں۔ واللہ بڑی مشکل پیش آتی ہے بعض مقامات پر ایڈمن سیکشن میں۔ لہٰذا ہم تو ایڈمن سیکشن کو انگلش میں ہی استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ :)
 

شاکر

محفلین
جی ابن سعید بھائی جان، ذاتی طور پر میرا بھی یہی ارادہ ہے کہ ایڈمن سیکشن کے تمام تراجم کو حذف کیا جائے۔ لیکن یہ بھی ایک طویل کام ہے۔ بدقسمتی سے وی بلیٹن میں ایسی کوئی فیچر نہیں کہ جس سے صرف فرنٹ اینڈ یا بیک اینڈ کے تراجم میں تمیز کی جا سکے۔ یہ سب کام مینولی ہی کرنا پڑے گا۔
 

ابو یاسر

محفلین
شاکر بھائی اگر مذکورہ بالا ایکس ایم ایل میں کسی عربی فورم پر ٹیسٹ کرنا چاہوں تو کیا ویسے ہی نتائج دے گا جیسے انگلش کے؟
 

شاکر

محفلین
میرا خیال ہے کہ ان کی ترجمہ کی فائل علیحدہ علیحدہ ہے ایڈمن اور پبلک انٹرفیس کے لئے۔
میں بس ابھی وی بلیٹن سیکھ ہی رہا ہوں اس لئے یقین سے تو نہیں کہہ سکتا۔ لیکن جتنا کچھ لینگویج فائلز کو میں نے دیکھا ہے، بہرحال سب مکس اپ ہے۔ ایسی کوئی کمانڈ، ٹول میرے علم میں نہیں جو لینگویج فائل کے صرف فرنٹ اینڈ حصہ کے الفاظ و جملوں کو ترجمہ کیلئے مہیا کر دے۔ یا کسی لینگویج فائل کے صرف فرنٹ یا بیک اینڈ کو ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔ اگر آپ کو ایسا کچھ معلوم ہے تو ازراہ کرم ضرور بتائیے تاکہ یہ شارٹ کٹ ہی استعمال کر لیا جائے اور لمبی محنت نہ کرنی پڑے۔
 

شاکر

محفلین
شاکر بھائی اگر مذکورہ بالا ایکس ایم ایل میں کسی عربی فورم پر ٹیسٹ کرنا چاہوں تو کیا ویسے ہی نتائج دے گا جیسے انگلش کے؟
جی عربی فورم کا مطلب یہی ہوگا نا کہ اس فورم پر وی بلیٹن کا عربی ترجمہ انسٹال ہوگا۔ اب جیسے وہاں عربی اور انگلش لینگویج ساتھ ساتھ اپ لوڈ ہو جاتی ہیں اور یوزرز اپنی مرضی کی لینگویج کا انتخاب کر سکتے ہیں ویسے ہی اردو بھی انسٹال ہو جانی چاہئے۔ مجھے اس میں کوئی دقت نظر نہیں آتی۔
 

باذوق

محفلین
۔۔۔۔ ایک مشورہ ہے کہ ایڈمن سیکشن کا ترجمہ سرے سے خارج کر دیں بجائے اس کے کہ پہلے کے تراجم کی کھچڑی قائم رکھیں۔ واللہ بڑی مشکل پیش آتی ہے بعض مقامات پر ایڈمن سیکشن میں۔ لہٰذا ہم تو ایڈمن سیکشن کو انگلش میں ہی استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ :)
آپ نے بالکل درست کہا۔ پتا نہیں کس عقلمند نے ایڈمن سیکشن کے ترجمے کو ضروری "خیال" کیا تھا؟ کئی دفعہ کچھ تراجم کو "سمجھنے" ایک انگلش فورم کے ایڈمن سیکشن میں جا کر چیک کرنا پڑا ہے مجھے۔ وی بی فورم پر مسئلہ کا حل دریافت کرنے گیا تو یہاں ابھی تک مسئلہ پڑا حل کو ترس رہا ہے۔ پھر کنٹرول پینل کے ذریعے تمام تراجم کو سرچ اور رپلیس کرنے کے بارے میں سوچا تو اس کے متعلق ممانعت کو اسٹیو نے یہاں ذکر کر دیا ہے۔
اب یہی ایک حل ہے کہ ایڈمن کنٹرول پینل کے ذریعے تمام تراجم کو فائینڈ آؤٹ کر لیا جائے اور اصل ترجمہ فائل سے ان کا پتا صاف کیا جائے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میرے خیال میں ایڈمن سیکشن کے تراجم کو حذف کرنا زیادہ مشکل نہیں ہونا چاہیے۔ وی بلیٹن کی لینگویج فائلوں میں متعلقہ ٹیکسٹ phrase groups میں اکٹھے کیے گئے ہوتے ہیں۔ اسے کسی بھی کارآمد ایکس ایم ایل ایڈیٹر کے ذریعے حذف کیا جا سکتا ہے۔ یہ کام نوٹ پیڈ کے ذریعے بھی ممکن ہے، لیکن اس میں غلطی کا امکان زیادہ ہے۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
شاکر! اس ایکس ایم ایل فائل کو اگر زپ کر کے اپلوڈ کر دیں تو ڈاؤن لو کی جا سکے
براؤزر براہ راست ایکس ایم ایل فائل کو کھول دیتا ہے اور اس میں اردو کے الفاظ بھی ظاہر نہیں ہو رہے بلکہ وہی جناتی زبان نظر آتی ہے
 

نبیل

تکنیکی معاون
یہ جناتی زبان اس کی اینکوڈنگ کی وجہ سے۔ وی بلیٹن میں اسی اینکوڈنگ میں فائلیں امپورٹ کی جا سکتی ہیں۔ اسے پڑھنے کے قابل بنانے کے لیے اسے کسی ایڈیٹر میں لوڈ کرکے utf-8 اینکوڈنگ میں محفوظ کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
میں اگر اسے کاپی کر کےایکس ایم ایل فارمیٹ میں محفوظ کرتا ہوں اور پھر اسے وی بی میں امپورٹکرتا ہوں تو یہ
لائن نمبر 94 پر ایرر دے کر رک جاتا ہے
اس لیے لیے رہا تھا کہ زپ کر کے اپلود کر دیں شاید کاپی پیسٹ کے دوران کوئی مسئلہ ہوتا ہو
 
شاکر! اس ایکس ایم ایل فائل کو اگر زپ کر کے اپلوڈ کر دیں تو ڈاؤن لو کی جا سکے
براؤزر براہ راست ایکس ایم ایل فائل کو کھول دیتا ہے اور اس میں اردو کے الفاظ بھی ظاہر نہیں ہو رہے بلکہ وہی جناتی زبان نظر آتی ہے

چاچو آپ اس ربط پر رائٹ کلک کریں اور سیو لنک ایز کے ذریعہ محفوظ کر لیں۔ :)
 

شاکرالقادری

لائبریرین
میں نے عبدالرحمان کے عربی آمیز ترجمہ کو بھی دیکھا، زبیر صاحب کے ترجمہ کی صورت حال پاک نیت پر نظر آرہی ہے، بوریوالہ کے آصف منیر صاحب نے یونس عزیز صاحب جوکہ القلم پر بے باک کے نام سے رجسٹر ہیں ان کے فورم کے لیے وی بولٹن کا سافٹ ویئر بھی ڈونیٹ کیا اور ترجمہ بھی کر کے دیا لیکن بے باک صاحب نے اس ترجمہ کو رد کر دیا نتیجہ کے طور پر وہاں بھی راقم الحروف کا ترجمہ انسٹال کیا گیا ۔ ۔ ۔ القلم پر اس ترجمہ کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور القلم نے ضروری موڈز جو ہر فورم پر استعمال کیے جاتے ہیں ان کا بھی ترجمہ کیا ہوا ہے مثلا ڈاؤن لوڈ سنٹر، وی بی ایڈوانسڈ پورٹیل وغیرہ اورچونکہ اب تک وی بولٹن کے کمرشل سافٹ ویئر ہونے کی وجہ سے اس ترجمہ کو کھلے عام تقسیم نہیں کیا جاتا تھا بلکہ القلم پر اس کی درخواست کرنے اور باقاعدہ اس بات کا اطمینان کر لینے کے بعد کہ ترجمہ حاصل کرنے والے کے پاس وی بولٹن کا لائسنس موجود ہے اس کو ترجمہ کی فائل فراہم کی جاتی تھی
وی بولٹن کے اولین تراجم میں القلم اور عبدالرحمان کے تراجم ہیں باقی تراجم بعد میں کیے گئے ۔ مجھے خوشی ہوئی کہ موجودہ تراجمکو بہتر بنانے کے لیے کوئی کارروائی کی گئی ہے تاہم یہ امر میرے لیےقابل افسوس ہے کہ پہلے سے موجود تراجم میں معمولی ردو بدل کے بعد کاپی رائٹ میں باقی لوگوں کے کریڈٹ کو نظر انداز کر کے اپنا نام لکھ دیا گیا حالانکہ سارا کام تو مکمل تھا اور محض پانچ فیصد یا اس سے بھی کم الفاظ جن سے آپ کو اختلاف تھا ان کو بدل کر ترجمہ کو اپنے نام سے ریلیز کر دینا قرین انصاف نہیں
مناسب تو یہ تھا کہ جس بنیادی ترجمہ کو استعمال کیا گیا ہے اسکا کریڈٹ برقرار رکھا جائے، اور نظر ثانی یا بہتری یا تکملہ کے طور پر شاکرالمحمدی صاحب اپنا نام لکھتے خیر اس کا کیا گلہ کرنا اس سے پہلے بھی پی ایچ پی بی بی کے میرے ترجمہ کو ایک صاحب اسی طرح اپنے نام سے ریلیز کر چکے ہیں
اللہ ان دونوں صاحبان کو خوش رکھے اور اجر عطا فرمائے
 

شاکرالقادری

لائبریرین
شکریہ مکی بھائی!
کچھ جو سمجھا مرے شکوے کو تو رضواں سمجھا
مجھ کو جنت سے نکالا ہوا انساں سمجھا

پوری اردو محفل میں اکیلے آپ کی جانب سے میری ہم نوائی میں ایک بٹن دبایا گیا ہے خوشبو لگاکے
جزاکم اللہ خیرا
 

شاکر

محفلین
محترم شاکر القادری صاحب، آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔ میں احترام کے ساتھ عرض کرنا چاہوں گا کہ آپ کے لگائے گئے الزامات درست نہیں ہیں۔ میں جوملہ کے چھوٹے بڑے کئی کمپوننٹس، ماڈیولز اور پلگ انز کا اردو ترجمہ کر چکا ہوں۔ اور اگر وی بلیٹن کا ترجمہ ابتداء سے کرنا ہوتا تو یہ شاید میرے لئے موجودہ کام کی نسبت زیادہ سہل ہوتا۔ لیکن چار تراجم کا تقابل و موازنہ کرنا انتہائی تھکا دینے والا اوراب تک کا طویل کام ثابت ہوا۔ معلوم نہیں کہ آپ یقین کریں گے، لیکن مجھے کم و بیش تین ماہ لگے ہیں اس ترجمہ کو اس حالت تک پہنچانے میں۔ اور اب بھی یہ فائل شیئر کرنے کے بعد کئی تبدیلیاں کر چکا ہوں، مزید جاری ہیں۔

یہ زیادتی ہے اگر کہا جائے کہ محض پانچ فیصد الفاظ کی تبدیلی کی گئی ہے۔جبکہ یہ ایک چوتھائی سے زائد تبدیلی ہے۔ اور اس ایک چوتھائی تبدیلی کیلئے وی بلیٹن کی عام انگلش فائل کا ترجمہ کرنے کی بجائے چار گنا نہ سہی ، تین گنا زائد ترجمہ فائلز کو کھنگالا ہے۔ اور صرف لفظی یا انگلش ٹو اردو کے بجائے کئی جگہوں پر چھوٹے ہی سہی لاجیکل اضافہ جات کئے ہیں۔ فوری مثال کے طور پر، پاس ورڈ کے حوالے سے ہر جگہ تنبیہ موجود ہوتی ہے کہ یہ case sensitive ہے۔ اس کا راست اردو ترجمہ کرنے کے علاوہ یوزرز کو اردو و انگریزی کی بورڈ کے انتخاب کی یاد دہانی ضروری تھی کہ اکثر اردو کی بورڈ سے پاس ورڈ سیٹ کر دیتے ہیں اور بعد میں سر مارتے پھرتے ہیں۔ باقی فی الحال میری کوشش ہے کہ وی بلیٹن کے ہر جدید ورژن کے لئے اس فائل کو ترجیحاً اپ ڈیٹ رکھنے کی کوشش کرتا رہوں۔ وی بی موڈز کے ترجمہ کا کوئی ارادہ نہیں۔ تو جن کو کور فائلز کے علاوہ دیگر موڈز کی ضرورت ہوگی وہ یقینا آپ کی ہی ترجمہ فائلز کو ترجیح دیں گے۔

جہاں تک کریڈٹ لینے کی بات ہے تو ازراہ کرم دھاگے کو دیکھئے، میں نے پہلے پوائنٹ کے طور پر چاروں مترجمین کو نام لے کر کریڈٹ دیا ہے کہ انہی کی بنیاد پر یہ ترجمہ تخلیق کیا گیا ہے۔ (یاد رہے کہ یہ ترجمہ میں نے صرف محفل پر شیئر کیا ہے ) اگر آپ کی مراد فوٹر میں موجود ’شاکر المحمدی‘ کے نام سے ہے تو یہ میرا درست نام نہیں، انٹرنیٹ پر بھی مجھے اس نام سے کوئی شناخت نہیں کرے گا۔ کتاب و سنت ڈاٹ کام کا لنک دینے کی طرف اشارہ تھا تو میں ان کا باقاعدہ رکن نہیں۔ البتہ فری لانسر کی حیثیت سے ان کے لئے کئی کام کرتا ہوں۔ اگر آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ فوٹر میں سب کا نام دینا چاہئے تھا تو بہرحال مجھے یہ درست نہیں لگا تھا۔ ویسے بھی اس ترجمہ کے کوئی حقوق میں نے اپنے پاس رکھنے ہوتے ، یا خود کریڈٹ لینا ہوتا یا کتاب و سنت ڈاٹ کام کو پروموٹ کرنا مقصود ہوتا ، تو آپ کے نقش قدم پر میں اس فائل کو اپنے پاس ہی محفوظ رکھتا اور وہی کرتا جو آپ کر رہے ہیں۔ لیکن میں نے محفل میں خاموش رہ کر بہت کچھ سیکھا ہے، اور اب ایک چھوٹی سی کاوش کی تو اردو کی ترویج کےلئے جاری سرگرمیوں میں اپنا تھوڑا سا حصہ ملانا چاہا ہے اور اسے خلوص نیت سے شیئر کر دیا۔ میرا مقصد ہرگز آپ کی دلآزاری، سرقہ بازی یاکسی کا سہرا اپنے سر باندھنے کا نہ تھا اور اللہ نہ کرے آئندہ بھی کبھی ہو۔ اب بھی آپ چاہیں تو میں موجودہ نام ہٹا کر آپ کا یا دیگر مترجمین کا نام دینے میں متامل نہیں ہوں گا۔ میں نے اس ترجمہ فائل کو اردو کمیونٹی کے نام پر ہی ریلیز کیا ہے ، جو چاہے جیسے چاہے استعمال کرے۔ موجودہ فوٹر قائم رکھے تو جزاک اللہ، نہ رکھنا چاہے تو بصد شوق۔

وی بلیٹن یقیناً کمرشل سافٹ ویئر ہے۔ لیکن صرف اس وجہ سے اس کا ترجمہ شیئر نہ کرنے کی بات کہنا عجیب ہے۔ کیونکہ سب جانتے ہیں مائیکرو سافٹ آفس بھی کمرشل ایپلی کیشن ہے لیکن اس کے اردو مواجہ یا اسپیل چیکرز کی کھلے عام تقسیم محفل و القلم سمیت ہر فورم پر عام ہے۔

والسلام
 

شاکرالقادری

لائبریرین
محترم شاکر القادری صاحب، آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔ میں احترام کے ساتھ عرض کرنا چاہوں گا کہ آپ کے لگائے گئے الزامات درست نہیں ہیں۔ میں جوملہ کے چھوٹے بڑے کئی کمپوننٹس، ماڈیولز اور پلگ انز کا اردو ترجمہ کر چکا ہوں۔ اور اگر وی بلیٹن کا ترجمہ ابتداء سے کرنا ہوتا تو یہ شاید میرے لئے موجودہ کام کی نسبت زیادہ سہل ہوتا۔ لیکن چار تراجم کا تقابل و موازنہ کرنا انتہائی تھکا دینے والا اوراب تک کا طویل کام ثابت ہوا۔ معلوم نہیں کہ آپ یقین کریں گے، لیکن مجھے کم و بیش تین ماہ لگے ہیں اس ترجمہ کو اس حالت تک پہنچانے میں۔ اور اب بھی یہ فائل شیئر کرنے کے بعد کئی تبدیلیاں کر چکا ہوں، مزید جاری ہیں۔
محترم شاکر صاحب! مجھے آپ کی صلاحیتوں میں کوئی کلام نہیں ۔ ۔ ۔ آپ کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ اگر آپ یہ کام از سر نو کرتے تو بہت آسان ہوتا، آپ نے چار ترجموں کا تقابل کر کے ایک ترجمہ سامنے لانے کا ارادہ کر کے واقعی اپنے لیے مشکل راہ کا انتخاب کیا اور یقینا آپ کو دشواریاں اور الجھنیں پیش آئی ہونگی ۔ ۔ ۔ لیکن یہ بات تو طے ہے کہ آپ نے موجودہ ترجمہ کو سامنے لانے کے لیے ان چاروں میں سے نسبتا بہتر والے کسی ایک ترجمہ کو بنیاد بنایا ہوگا اور اسی ترجمہ میں تبدیلیاں کی ہونگی، اب یہ تو ہو نہیں سکتا کہ آپ نے چاروں تراجم میں علیحدہ علیحدہ تبدیلیاں کی ہوں ۔ ۔ ۔ میرے کہنے کا مطلب یہی تھا کہ آپ نے جس ترجمہ کو بنیاد بنایا اور اس میں تبدیلیاں کیں (چاہے وہ تبدیلیاں آپ کی اپنی طرف سے تھیں یا دوسرے تراجم میں سے بہتر الفاظ کو لے کر اس میں ڈالا گیا بہر حال جو بھی صورت ہو) بنیادی کریڈٹ بھی اسی ترجمہ کو ملنا چاہیئے اور نظر ثانی کرنے والے کو اتنا ہی کریڈٹ ملنا چاہیئے جتنے کا وہ حق دار ہو

یہ زیادتی ہے اگر کہا جائے کہ محض پانچ فیصد الفاظ کی تبدیلی کی گئی ہے۔جبکہ یہ ایک چوتھائی سے زائد تبدیلی ہے۔
میں نے نہ تو حرف شماری کی ہے اور نہ ہی سانئسی بنیاد پر تبدیلیوں کا تناسب نکالا ہے یہ محض ترجمہ کو سرسری طور پر دیکھنے کے بعد ایک اندازہ قائم کیا گیا تھا ہو سکتا ہے کہ اس میں کچھ مبالغہ کی صورت پیدا ہو گئی ہو۔ ۔ ۔ اسی طرح آپ کا یہ بیان کہ یہ تبدیلیاں ایک چوتھائی سے زیادہ ہیں یہ بھی کوئی سائنسی بنیاد پر اخذ کیے گئے اعداد و شمار نہیں اس میں بھی مبالغہ ہو سکتا ہے تاہم چلیں آپ کی بات کو تسلیم کرتے ہیں تو بھی میری اس بات کی تائید ہوتی ہے کہ تین چوتھائی والے حصہ دار کے کریڈٹ کو حذف کر کے ایک چوتھائی والے کا کریڈٹ شامل کر دینا قرین انصاف نہیں ۔
جہاں تک کریڈٹ لینے کی بات ہے تو ازراہ کرم دھاگے کو دیکھئے، میں نے پہلے پوائنٹ کے طور پر چاروں مترجمین کو نام لے کر کریڈٹ دیا ہے کہ انہی کی بنیاد پر یہ ترجمہ تخلیق کیا گیا ہے۔ (یاد رہے کہ یہ ترجمہ میں نے صرف محفل پر شیئر کیا ہے ) اگر آپ کی مراد فوٹر میں موجود ’شاکر المحمدی‘ کے نام سے ہے تو یہ میرا درست نام نہیں، انٹرنیٹ پر بھی مجھے اس نام سے کوئی شناخت نہیں کرے گا۔
جی بالکل میری مراد فوٹر سے ہی ہے محفل کے دھاگے میں ذکر کردینا اور بات ہے یہ دھاگہ تو یہیں رہ جاتا ہے ۔۔ ۔ فوٹر تو ترجمہ کے ساتھ جاتا ہے ”شاکرالمحمدی“ آپ کا اصل نام نہیں اور آپ کو اس نام سے کوئی شناخت نہیں کرتا لیکن اس فرضی اور غیر حقیقی نام کو منتخب کرنے کے پیچھے جو ”ذوق” کارفرما ہے میں کسی حد تک اسے سمجھتا ہوں ۔ ۔ جب گم نام رہ کر خدمت کرنا ہی مقصود تھا تو پھر نام کی تبدیلی چہ معنی دارد اور پھراس کی وضاحت کر دینا کہ یہ میرا غیر اصلی نام ہے اور مجھے کوئی اس نام سے شناخت نہیں کرتا (اب شناخت کرلے میں نے بتا جو دیا:)) اگر یہ اردو کمیونٹی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تو اردو کمیونٹی لکھ دیا جائے تو شاید مجھے کوئی اعتراض نہ ہوگا لیکن موجود صورت ایک مخصوص ”ذوق” کی جانب اشارہ کرتی ہے ۔ ۔ ۔ شاکر القادری ۔ ۔ ۔۔ سے۔ ۔ ۔ شاکرالمحمدی تک کے اس سفر میں بہت سارے ایسے مقامات آہ و فغاں ہیں جن کا میں رازداں ہوں ۔ میرے لیے یہ تعجب کا مقام ہے کہ اب تراجم میں بھی مسالک کو فروغ دیا جائے،

کتاب و سنت ڈاٹ کام کا لنک دینے کی طرف اشارہ تھا تو میں ان کا باقاعدہ رکن نہیں۔ البتہ فری لانسر کی حیثیت سے ان کے لئے کئی کام کرتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کتاب و سنت ڈاٹ کام کو پروموٹ کرنا مقصود ہوتا ،
آپ کی یہ بات درست نہیں کہ ۔۔ ۔ کتاب و سنت ڈاٹ کام کو پروموٹ نہیں کیا جا رہا ۔ ۔ ۔ موجودہ ترجمہ کے ذریعہ یقینا ایسا کیا جا رہا ہے جس کے میرے پاس دلائل موجود ہیں
یاد رہے کہ وی بولٹن کا ترجمہ صرف اور صرف دینی ویب سائٹس پر ہی استعمال نہیں کیا جاتا ۔ ۔ ۔ موجودہ ترجمہ کو کافی حد تک مشرف بہ اسلام کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے اور اس ترجمہ کے مطابق وی بولٹن فورمز کی جانب سے اپنے اراکین کو بھیجی گئی ای میلز میں باقاعدہ کتاب و سنت ڈاٹ کام کے لنک فراہم کیے گئے ہیں
اب صورت حال یہ ہوگی کہ دینی خدمات فراہم کرنے والے فورمز جو مختلف مسالک سے تعلق رکھتے ہیں انہیں اس پر اعتراض ہو گا ۔ ۔ ۔ اور وہ اپنے مسلک کے مطابق ترجمہ کرنے کی کوشش کریں گے
ایسی ویب سائٹس جو دینی خدمات انجام نہیں دیتیں یا سیکولر ہونے کا دعوی کرتی ہیں اردو محفل کو ہی لے لیجئے ان کے لیے بھی یہ ترجمہ بعض مقامات پر قابل قبول نہیں ہوگا ترجمہ کو ترجمہ ہی رہنا چاہیئے اور ایسا ہونا چاہیئے کہ ہر مذہب ہر فرقہ اور ہر نظریہ اس کو بخوشی قبول کرے
ترجمہ کو صرف اردو زبان و ادب کے نقطہ نگاہ سے ہی دیکھنا چاہیئے
اور اس نقطہ نگاہ سے بھی میں اپنے تحفظات رکھتا ہوں جو بعد کے مراسلوں میں پیش کرتا رہونگا
والسلام
 
السلام علیکم مجہے وی بلیٹن کا اردو ورزن درکار ھے تاکہ میں بھی ایسا ھی ایک فورم بنا سکوں کیا صرف لینگوج فایل چینج کرنے سے گزارا ھو جاے گا اور مجہے یہ پوچہنا ھے کہ ایڈیٹر کیسے ڈالتے ہیں میں وی بلیٹن کے فورم پر دی گی یہ پوسٹ پڑہنا چاہتا ہوں کوی میری ہیلپ کرے گا http://www.vbulletin.org/forum/showthread.php?t=154496
 
Top