ٹوٹ بٹوٹ کی بکری - صوفی تبسّم

فرخ منظور

لائبریرین
ٹوٹ بٹوٹ کی بکری

ٹوٹ بٹوٹ نے بکری پالی
دُبلی پتلی ٹانگوں والی

دن اور رات مٹھائی کھائے
مکّھن، دودھ، ملائی کھائے

حلوہ، ربڑی، دہی، پنیر
یخنی، دلیا، کھچڑی، کھیر

جو کچھ آئے چٹ کر جائے
پھر بھی اس کو ہوش نہ آئے

اِک دن کی تم سنو کہانی
بکری کو یاد آئی نانی

کتنا ہی سمجھایا اس کو
پھسلایا، بہلایا اُس کو

وہ تھی اپنے من کی رانی
ٹوٹ بٹوٹ کی بات نہ مانی

جنگل کو چل پڑی اکیلی
بکری تیرا اللہ بیلی

مَیں مَیں مَیں کرتی تھی وہ
جی میں لیکن ڈرتی تھی وہ

یا اللہ کوئی شیر نہ آئے
یوں ہی مجھ کو کھا نہ جائے

وہی ہوا جس بات کا ڈر تھا
رستے میں اِک شیر کا گھر تھا

مَیں مَیں سن کر باہر آیا
بکری دیکھ کے جی للچایا

شیر کو دیکھ کے ڈر گئی بکری
ڈر گئی کیا، بس مر گئی بکری

بولی “دبلی بکری ہوں میں
دیکھ تو مجھ میں جان نہیں ہے

کیا تُو مجھ کو کھا جائے گا؟
یہ تو شیر کی شان نہیں ہے

نانی کے گھر جاؤں گی میں
موٹی ہو کر آؤں گی میں

پھر اُس وقت مجھے تم کھانا
جیسے چاہو، مزے اڑانا“

شیر پکارا “جاؤ جاؤ
جلدی موٹی ہو کر آؤ“

بکری نانی کے گھر آئی
ساری اُس کو بات بتائی

نانی بولی“واری جاؤں
جو تم چاہو وہی کھلاؤں

چارہ کھاؤ، گھاس بھی کھاؤ
دال بھی کھاؤ، ماس بھی کھاؤ“

دو دن میں بن ٹھن گئی بکری
پھول کے کُپّا بن گئی بکری

نانی نے اک ڈھول بنایا
ڈھول میں بکری کو بٹھلایا

بولی “سُن مرے گول مگول
چلتا جا اور منہ نہ کھول“

شیر نے ڈھول کو آتے دیکھا
تیزی سے بل کھاتے دیکھا

گرج کے بولا “ڈھول رے ڈھول
کہاں چلا ہے جلدی بول؟

کہاں گئی ہے میری بکری؟“
بولا “یہ ہے تیری بکری“

بکری کی آواز جو آئی
شیر پکارا ہیں ہیں ہیں

یہ کہ کر اِک پنجہ مارا
بکری بولی مَیں مَیں مَیں

ٹوٹ بٹوٹ کا طوطا بولا
ٹوٹ بٹوٹ کی ٹیَں ٹیَں ٹیَں

از صوفی غلام مصطفیٰ تبسم
 
فرخ منظور

لائبریرین
بہت خوب

فعال رکن برائے گوشہ اطفال کا ایوارڈ ایسے نہیں لیا:)

بہت بہت شکریہ جویریہ صاحبہ۔ اصل میں میرا معاملہ یہ ہے "جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے" یعنی بیچ کا کوئی مقام پسند نہیں ۔ یا تو کلاسیکی شاعری میں دل لگتا ہے یا بچوں کے ادب میں۔ :)
 
جیہ

لائبریرین
بہت بہت شکریہ جویریہ صاحبہ۔ اصل میں میرا معاملہ یہ ہے "جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے" یعنی بیچ کا کوئی مقام پسند نہیں ۔ یا تو کلاسیکی شاعری میں دل لگتا ہے یا بچوں کے ادب میں۔ :)

تقریبا میرا بھی یہی حال ہے حالانکہ خیر الامورِ اوسطہا
 
مغزل

محفلین
جی ہاں ۔۔ انہوں نے مجید امجد کی نظم بندہ کا چربہ مع سرقہ کرکے ’’ کاش میں تیرے حسیں ہاتھ کا کنگن ہوتا ‘‘ کرکے اپنے آپ کو شاعر لکھوایا ہے ۔۔
 
محمد وارث

لائبریرین
جی ہاں ۔۔ انہوں نے مجید امجد کی نظم بندہ کا چربہ مع سرقہ کرکے ’’ کاش میں تیرے حسیں ہاتھ کا کنگن ہوتا ‘‘ کرکے اپنے آپ کو شاعر لکھوایا ہے ۔۔

بالکل بجا کہا آپ نے مغل صاحب!

لیکن سارق کی ہمت و جرأت کی داد دیتے ہی بن پڑتی ہے! موصوف نے سوچا ہوگا کہ مجید امجد کو کون جانتا ہوگا ان کی طرح :) مگر یہ "اٹیمپٹ" اتنی بری بھی نہیں رہی، یہ چوری ان کو کہیں سے کہیں لے گی، یہ اور بات ہے کہ منصف و عالم و باخبر لیکن کمیاب افراد کے ہاں ان کی عزت ایک کوڑی کی بھی نہیں رہی!
 
فاتح

لیکن یہ بھی تو سوچیے کیا کرنا تھا حضرت نے ایسی عزت کا کہ منصف و عالم و باخبر لیکن کمیاب افراد اگر ان سے اپنے کھردرے اور سخت ہاتھوں اور بازوؤں پر آٹو گراف لیتے بھی تو وہ لطف کہاں‌جو کالج کی دو شیزاؤں کو اس طرح آٹو گراف دینے میں ان حضرت نے پایا۔;):grin:
 
قبلہ یہ تماشے تو کوئی نئی بات نہیں لیکن بقولِ ذوق

نہ مارا آپ کو، جو خاک ہو اکسیر بن جاتا
اگر پارے کو اے اکسیر گر مارا تو کیا مارا :)

یا پھر

نہ مارا آپ کو، جو خاک ہو اکسیر بن جاتا
'مری پارو کو اے سارق تُو نے مارا تو کیا مارا' ;)
 
ہاہاہاہاہا
ان کا مقصد تو پورا ہوا۔۔۔ بلا سے پارو مری یا گلابو:laughing:
 
الف عین

لائبریرین
یہ باتیں تو چلتی رہیں گی۔۔ یہ بتاؤ کہ ٹوٹ بٹوٹ اب کتنا باقی ہے۔۔ کب تک مکمل برقی کتاب بن جائے گی؟
 
Top