ایچ ٹی ایم ایل میں دنیا کا مختصر ترین صحفہ ۔
کیونکہ میرا لکھنے کا انداز اتنا دلچسپ نہیں ہے اور اس سے قبل کہ آپ یہ دھاگہ بند کردیں، مجھے آپ کو کام پر لگانا پڑے گا ۔ پہلے میں نے لکھا ہے کہ ایچ ٹی ایم ایل صحفہ بناتے وقت آپ کو کسی اضافی سافٹ وئیر کی ضرورت نہیں ہے ۔ اب آپ ایسا کریں کہ اپنے کمپیوٹر پر ٹیکسٹ ایڈیٹر یا نوٹ پیڈ کو کھول لیں ۔ آغاز کے لئے ہم دنیا کا مختصر ترین ویب صحفہ بنائیں گے ۔ ایک اور اہم نکتہ جسے سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ویب براؤزر ایک تحریر کو انگریزوں کی طرح بائیں طرف سے پڑھتا ہے، جیسے آپ انگریزی پڑھتے ہیں ۔ لیکن پھر بھی ہم اردو صحفہ ایلیمنٹ کا استعمال کر کے بنا سکتے ہیں، جو کہ ان اسباق کے اخیر میں بتایا جائے گا۔
امید ہے کہ اب تک آپ نے نوٹ پیڈ یا ٹیکسٹ ایڈیٹر کھول لیا ہو گا، سب سے پہلے ہمیں یہ بتانا ہو گا کہ یہ ایک ایچ ٹی ایم ایل صحفہ ہے، اس کے لئے جو ایلمنٹ استعمال ہوتا ہے وہ درج ذیل ہے ۔
اسے اپنے نوٹ پیڈ میں لکھ لیں، ہم نے اوپر یہ بھی پڑھا ہے کہ ٹیگ دو اقسام کے ہوتے ہیں ایک ابتدائی اور دوسرے اختتامی، درج بالا ایچ ٹی ایم ایل ابتدائی یا اوپننگ ٹیگ ہے، اور ایک ایلمنٹ میں اختتامی ٹیگ لازمی ہونا چاہیے۔ اس لئے اس ٹیگ کے نیچے والی سطر میں ہم اس کا اختتامی ٹیگ لکھ لیں گے، جو کہ درج ذیل ہے ۔
انٹرنیٹ پر موجود ہر صحفہ ان دو ٹیگز کے درمیان لکھا جاتا ہے، اور ہر ویب صحفہ کی اساس یہی ٹیگ ہے، جسے ان دو ٹیگز کے بیچ میں موجود ہونا چاہیے ۔
ایچ ٹی ایم ایل ٹیگز کے درمیان، بنیادی ٹیگز جو ہونا لازمی ہیں وہ درج ذیل ہیں ۔
اس ٹیگ کے بیچ میں صحفہ کے بارے میں معلوماتی درج کی جاتی ہیں، اگر آپ محفل کا سورس کوڈ دیکھیں تو اس ٹیگ کے بیچ میں مختلف ٹیگز نظر آتے ہیں، یہ سب ٹیگز براؤزر کو صحفہ کے متعلق معلومات فراہم کرتے ہیں، جو کہ پڑھنے والے سے مخفی ہوتی ہیں ۔ اس ٹیگ کے بعد جو دوسرا ٹیگ ہونا لازمی ہے وہ درج ذیل ہے ۔
اس ٹیگ کے اندر جو کچھ بھی لکھا جاتا ہے، وہی دیگر پڑھنے والوں کو نظر آتا ہے، آسان لفظوں میں جس متن کو دکھانا درکار ہو، وہ اس ٹیگ کے بیچ میں ظاہر کیا جاتا ہے ۔ اب میرا خیال ہے کہ یہ بتانے کی بار بار ضرورت نہیں کہ جو ٹیگ ہم شروع کریں، اُسے بند کرنا بھی لازمی ہے ۔ اوپر بیان کردہ تینوں ٹیگز کو آپ نوٹ پیڈ میں اگر درست لکھیں گے تو درج ذیل فائل آپ کے پاس موجود ہونا چاہیے ۔
HTML:
<html>
<head>
</head>
<body>
</body>
</html>
اگر آپ کے پاس یہ والی فائل موجود ہے، تو مبارک ہو آپ نے اپنی زندگی کی پہلی ویب سائٹ بنا لی ہے، اگر یہ آپ کے خواب میں آنے والی ویب سائٹ جیسی نہیں تو پریشان مت ہوں، کیونکہ کسی بھی ویب سائٹ بنانے کے لئے جس فائل کی ضرورت آپ کو پڑے گی، وہ یہی فائل ہے ۔
اب جیسا کہ اس سبق سے ظاہر ہوتا ہے ایچ ٹی ایم ایل صحفہ کے دو بنیادی جز ہوتے ہیں، ایک ہیڈ اور دوسرا باڈی ۔ ہیڈ ٹیگ کے اندر صحفہ کی معلومات لکھی جاتی ہیں، جیسے کہ صحفہ کا عنوان، اور باڈی ٹیگ کے اندر صحفہ کا متن لکھا جاتا ہے ۔ اب آپ ہیڈ ٹیگ کے اندر صحفہ کا عنوان لکھ لیں، جو کہ درج ذیل طریقہ سے لکھا جائے گا ۔
HTML:
<title>My first page</title>
لیکن یہ تحریر آپ کے ویب صحفہ پر ظاہر نہیں ہو گی، ویب صحفہ پر صرف وہی تحریر ظاہر ہو گی جو باڈی ٹیگ کے اندر لکھی جائے گی ۔ اس لئے ہم باڈی ٹیگ کے اندر مندرجہ ذیل تحریر لکھ لیتے ہیں ۔
HTML:
<p>This is my first web page, i'm a web designer now.</p>
اوپر بالا مثال میں p کا ٹیگ پیراگراف کو ظاہر کرتا ہے، اور یہی اس کا مقصد ہے، ہر پیراگراف کے آغاز میں اس ٹیگ کو استعمال کیا جاتا ہے ۔
ان تبدیلیوں کے بعد آپ کے پاس نوٹ پیڈ میں درج ذیل فائل ہو گی
HTML:
۔
<html>
<head>
<title>My first page</title>
</head>
<body>
<p>This is my first web page, i'm a web designer now.</p>
</body>
</html>
اب اس کے بعد ہم اس فائل کو اپنے کمپیوٹر پر مخفوظ کرلیں گے، لینکس استعمال کرنے والے تو سیدھا ہی اس کو مخفوظ کر سکتے ہیں، لیکن اگر آپ نوٹ پیڈ کا استعمال کر رہے ہیں تب آپ فائل مینو میں Save As پر جائیں گے، نئی کھلنے والی ونڈو میں نیچے جا کر Save As Type میں All Files کو منتخب کریں، اور یہ کرنا بہت ضروری ہے نہیں تو نوٹ پیڈ اس کو ایک سادہ عبارت میں مخفوظ کر لے گا۔ اس کے بعد فائل کا نام mypage.html لکھ کر مخفوظ کرلیں ۔ لینکس والے صرف فائل کے نام لکھ کر مخفوظ کر لیں تو کافی ہے ۔
ہر ایچ ٹی ایم ایل صحفہ کو مخفوظ کرتے وقت .htm یا .html پر ختم کرتے ہیں ۔بہتر ہے کہ آپ اس فائل کو ڈیسکٹاپ پر مخفوظ کریں ۔
فائل مخفوظ کرنے کے بعد، ڈیسکٹاپ یا جہاں بھی آپ نے فائل مخفوظ کی ہو، اُس پر ڈبل کلک کر کے اسے کھولیں، تو آپ کا صحفہ آپ کے سامنے موجود ہو گا ۔ مبارک ہو ۔