پاکستان : عام انتخابات 2024 ( الیکشن )

الف نظامی

لائبریرین
لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 122 میں بڑا اپ سیٹ ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے شکست دے دی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ این اے 122 کی نشست سے کامیاب ہوگئے۔ آزاد امیدوار نے ایک لاکھ 17 ہزار109 ووٹ لیے جبکہ خواجہ سعد رفیق 77ہزار 709 ووٹ حاصل کر سکے۔

سردار لطیف کھوسہ اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان 39ہزار400 ووٹوں کا فرق ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر خواجہ سعد رفیق نے مخالف امیدوار سردار لطیف کھوسہ کو فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سر تسلیم خم۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللّٰہ کریم آنے والی پارلیمان کو متحد ہو کر قومی بحرانوں پر قابو پانے کی توفیق و تقویت عطا فرمائے۔


واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کو ملک میں عام انتخابات منعقد ہوئے جس کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
 

الف نظامی

لائبریرین

اے این پی رہنما ثمر بلور مدمقابل کامیاب آزاد امیدوار کو مبارکباد دینے گھر پہنچ گئیں


عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر بلور اپنے مدمقابل کامیاب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مینا خان کو مبارکباد دینے گھر پہنچ گئیں۔

ثمربلور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 83 پر مینا خان کے مدمقابل کھڑی تھی اور وہ ہار گئیں۔

انہوں نے سیاسی رواداری اور جمہوری رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی کے 83 پر کامیاب امیدوار مینا خان کو دینے بیٹے کے ہمراہ ان کے گھر پہنچ گئیں۔

انہوں نے الیکشن جیتنے پر مینا خان کو گلدستہ بھی پیش کیا اور مبارکباد دی۔

اس سے قبل ثمربلور نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کے ذریعے بھی مینا خان کو مبارکباد دی تھی۔
 

م حمزہ

محفلین
ایک بات تو طے ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا مطلب الیکشن ہی ہے بس. پھر وہ کیسے ہوں کب ہوں اور کس طرح ہوں یہ جمہوریت سے خارج ایک موضوع ہے. جو نظامی صاحب نے جمہوریت کے دیگر اجزاء گنائے ہیں پاکستان میں ان کا نام و نشان بھی نہیں ہیں. کہتے ہیں حکومت عوام کی عوام کیلئے اور عوام کے ذریعے سے ہوتی ہے. یہ بات بھارت میں میں تو صحیح ہے لیکن پاکستان میں نہیں. وہاں تو کچھ خاندان ہیں جن کی حکومت ہے اور جن کیلئے حکومت ہے. باقی رہے عوام الناس وہ تو بس یا تماشائی ہیں یا توخود تماشے.

اور یہ جو شکست خوردہ کا فتحیاب کو مبارک باد دینے جانا ہے اس کے بارے میں پوچھیے ہی مت کہ کتنا اخلاص ہے ان میں.
 

الف نظامی

لائبریرین
کہتے ہیں حکومت عوام کی عوام کیلئے اور عوام کے ذریعے سے ہوتی ہے. یہ بات بھارت میں میں تو صحیح ہے ۔
غلط۔
اور یہ جو شکست خوردہ کا فتحیاب کو مبارک باد دینے جانا ہے اس کے بارے میں پوچھیے ہی مت کہ کتنا اخلاص ہے ان میں.
اخلاص کا تعلق انسان کی اندرونی کیفیت سے ہے جو آپ نہیں جان سکتے ۔
 

علی وقار

محفلین
تبصرہ آج کیا جائے اور پبلش کئی گھنٹوں بعد ہوتا ہے، اور اس دوران صورتحال یکسر بدل جاتی ہے۔ کوئی شبہ نہیں کہ یہ الیکشن تحریک انصاف کے نام رہا۔ کم از کم انہیں مرکز میں حکومت بنانے کی دعوت دی جانی چاہیے۔ اگر وہ نہ بنا پائیں تو دیگر پارٹیوں کو دعوت دی جائے۔
جہاں تک دھاندلی کا تعلق ہے تو فارم 45 کو بنیاد بنا کر متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جائے۔ غیر ضروری طور پر انارکی پھیلانا مناسب نہیں۔
 

الف نظامی

لائبریرین
پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم جبکہ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات اور چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے کہا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ حکومت بنائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔ مجھے خان صاحب نے یہ اہم ذمہ داری دی ہے کہ مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطہ قائم کروں۔
 

الف نظامی

لائبریرین
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وفاقی حکومت میں عہدے لینے میں دلچسپی نہیں رکھتی اور خود کو وزیراعظم کی دوڑ میں شامل نہیں کرتا تاہم مسلم لیگ(ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن پی پی پی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وفاقی حکومت میں شامل ہوں اور وزارتیں لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور ہم ملک میں سیاسی افراتفری بھی نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور ملک میں بحران نہیں چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عوام کے لیے پیغام ہے کہ ٹی وی اسکرینز پر جو افراتفری اور سیاسی عدم استحکام نظر آرہا ہے اس کے پیش نظر میں یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمان بنے گا اور پارلیمان وہ فورم ہے جہاں آپ کے مسائل حل کروائے جائیں گے۔
 

الف نظامی

لائبریرین
صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری گارڈ آف آنر کا معائنہ کر رہے ہیں
 
آخری تدوین:
Top