فخرنوید
محفلین
غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سے ہانگ کانگ کے رقبہ سے دگنی 5 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی لیز پر حاصل کرنے کیلئے مذاکرات ہورہے ہیں اور اس سلسلے میں وفد رمضان کے بعد پاکستان پہنچے گا۔ اس امر کا اظہار وزارت زراعت کے ریجنل سیکریٹری توقیر احمد فائق نے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی عرب ریاستیں بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ترقی پذیر ممالک میں قابل کاشت رقبہ جات خریدنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ رسد کویقینی بنایا جاسکے۔ توقیر احمد نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے 5 لاکھ ایکڑ قابل کاشت رقبہ سعودی عرب کو لیز پر دینے کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور ہم اس سلسلے میں جگہ کا تعین کر رہے ہیں جو سعودی حکومت کو دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو دی جانیوالی جگہ چاروں صوبوں میں برابرتقسیم ہوگی اور اسے مختلف النّوع اجناس اگانے کیلئے استعمال کیا جائے گا، جس میں گندم‘ پھل اور سبزیاں شامل ہیں ۔اس سلسلے میں رمضان کے بعد سعودی وفد کی آمد متوقع ہے جو جگہ کا معائنہ کریگا تاہم معاہدے کے بارے میں کوئی حتمی تاریخ ابھی نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ زمین خریدنے کیلئے ہمیں قطر کے ایک نجی سرمایہ کار کیطرف سے بھی پیشکش موصول ہوئی ہے، ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔