پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ قبول نہیں ،چین کو آگاہ کردیا ،پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کی خبریں بے بنیاد ہیں ،تنازعات کے حل کیلئے تیسرے فریق کی مداخلت قبول نہیں ،بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج
نئی دہلی (اوصاف ویب ڈیسک)۔۔۔۔۔۔پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف بھارت کھل کر سامنے آگیاہے اور اسے کسی صورت قبول نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہاہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چینی قیادت کو صاف صاف کہہ دیا ہے کہ بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ قبول نہیں ہے ۔
انہوں نے بتایاکہ نریندر مودی نے چین سے کہاہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف مؤثرکارروائی نہ ہونے تک کوئی اقتصادی پروگرام شروع نہ کرے ۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے سازگارمااحول میں حل کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے اسلام آباد کو ذکی الرحمن لکھوی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہوگی۔
سشما سوراج نے یہ بھی کہاکہ پاک بھارت تنازعات(مسئلہ کشمیر سمیت ) حل کرنے کے لیے کسی تیسرے فریق کی مداخلت قبول نہیں کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔
یاد رہے کہ چین نے قبل ازیں پاکستان کو آگاہ کردیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے متحرک ہوگئی ہے اور بھارتی حکومت نے منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے 22ملین ڈالرز کے فنڈز بھی مہیا کردیئے ہیں ۔