عدیل ہاشمی
محفلین
بچپن میں مضمون پڑھا کرتے تھے ’’میرا مشغلہ‘‘۔ آج مشغلوں کے نام پر لوگ اپنے بہترین وقت کو ٹی وی یا سمارٹ فون پر صرف کردیتے ہیں ۔پہلے کے مشاغل اور ہوا کرتے تھے کوئی سکوں کو جمع کرتا تھا تو کوئی پودے لگاتا تھا، کوئی ڈائری لکھتا تھا تو کوئی سٹمپ جمع کرتا تھا کوئی کرکٹ کھیلتا تھا تو کوئی فٹ بال، کوئی نظمیں لکھتا یا پڑھتا تھا تو کوئی کہانیاں یا ناول۔ مگر آج جہاں الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے سب ان مشاغل سے دور ہوگئے ہیں ۔ کوئی بھی ان مشاغل پر اپنا وقت نہیں لگاتا۔ سب بس بجلی سے چلنے والے آلات کے آگے ہار مان جاتے ہیں اور اپنا قیمتی وقت انٹرنیٹ یا ٹی وی پر برباد کرتے ہیں۔ جہاں کھیل پہلے جسمانی ورزش کا باعث تھے آج ان کھیلوں کی جگہ گیموں نے لے لی ہے۔ یہ گیمز آپ ایک جگہ بیٹھے بیٹھے کھیل سکتے ہیں۔ ناتو جسم کی ورزش ہوتی ہے اور نہ ہی انسان دماغی طور پر چست ہوتا ہے۔ یہ برقی آلات ہمیں اندر ہی اندر مفلوج کررہے ہیں۔ ان کا استعمال ضرورت کے مطابق کرنا چاہیے لیکن ہم ان سب چیزوں کے عادی ہوچکے ہیں۔