ابھی حال ہی میں تو پنجاب پولیس کی وردی تبدیل کی گئی ہے، اتنی جلدی پھر تبدیل کرنے کی کیا ضرورت پڑ گئی؟ کیا یہ کوئی تماشا ہے؟ وردیاں اس طرح تبدیل ہوتی ہیں یعنی مہینوں کے مہینے؟ کیا یہ سب کچھ فی سبیل اللہ ہو رہا ہے یا ہمارے اور آپ کے ٹیکس سے ہو رہا ہے؟ لگ بھگ دو لاکھ کے قریب پنجاب پولیس کی نفری ہے، فی کس دو وردیاں بھی دیں تو چار لاکھ وردیاں، ان کی قیمت نکالیں تو کروڑوں کی بات ہے۔ تو کیا ابھی جو نئی وردی ہے اس پر آئی کروڑوں کی لاگت یونہی ہواؤں میں اڑ جائے گی؟ کیا حکومتیں ایسے ہی چلتی ہیں؟ اور اسی طرح فیصلے ہوتے ہیں؟ اس نئی وردی کے بارے میں جو "افواہیں" پھیلی ہوئی تھیں کہ حکومت کے کسی ہوتے سوتے کا وردیوں کے لیے کپڑے کا ایک ایکسپورٹ آرڈر تھا جو منسوخ ہو گیا تو اس کپڑے کو کھپانے کے لیے پنجاب پولیس کی وردی تبدیل کی گئی۔ مجھے اس "افواہ" پر بالکل یقین نہیں، لیکن اگر چند ہی مہینوں میں وردی دوبارہ تبدیل ہو جاتی ہے تو مان لونگا کہ 'افواہ' صحیح تھی۔