پاکستان اور افغانستان میں شدید زلزلہ، ’درجنوں زخمی‘
2 گھنٹے پہلے
شیئر
Image copyrightEPA
Image caption
زلزلے کا مرکز افغانستان، تاجکستان اور کوہ ہندو کش کا علاقہ تھا
پاکستان، بھارت اور افغانستان میں جمعے کی رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زلزلے کی شدت 6.9 جبکہ اس کی گہرائی 197 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز افغانستان، تاجکستان اور کوہ ہندو کش کا علاقہ تھا۔
اب زلزلہ آئے تو کیا کریں؟
پاکستان میں زلزلوں کی تاریخ
خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق زلزلے کا مرکز افغان صوبے بدخشاں کا کے شمال میں پاکستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
پی ٹی وی کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگلت بلتستان، نئی دہلی اور کابل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، لاہور، پاکپتن، سیالکوٹ، سرگودھا، بھکر، چیچہ وطنی، ملتان، ہری پور، مالا کنڈ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیگ سنگھ، میانوالی، مری، وہاڑی، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، باغ، راولاکوٹ، مظفر آباد، اورکزئی ایجنسی، ابیٹ آباد، شمالی وزیر ستان، لوئر دیر، مردان، بنوں، نوشہرہ، پشاور، پارا چنار، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، میر پور، چلاس، کرم ایجنسی اور سوات میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پی ٹی وی کے مطابق این ڈی ایم کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث جانی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اصغر نواز کے مطابق پشاور کے کچھ علاقوں میں چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں تاہم زلزلے سے متاثرہ تمام علاقوں میں مواصلاتی رابطے بحال ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ رپورٹ ہوئی ہے۔
Image copyrightEPA
Image caption
ریسکیو حکام کے مطابق زلزلے میں زخمی ہونے والے 41 افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا
پشاور کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سربراہ حامد نواز نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ پشاور میں چند پرانے مکانات اور دیواریں گرنے کی اطلاعات ہیں۔
پشاور کی ایمرجنسی ریسکیو سروس کے ترجمان بلال احمد فیضی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ شہر میں گھر اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں کم سے کم 30 افراد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زلزلے میں زخمی ہونے والے 41 افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔
ایک پاکستانی اہلکار غلام رسول نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ پاکستان میں جمعے کی رات گئے آنے والے زلزلے کی شدت 6.9 تھی اور زلزلے کے جھٹکے 59 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت بھارت میں بھی محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں یوریشیئن اور انڈین ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔
پاکستان کے شمالی علاقوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 8 اکتوبر سنہ 2005 کو 7.6 کی شدت کے زلزلے سے 73,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ستمبر سنہ 2013 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 7.7کی شدت کے زلزلے سے تقریباً 400 افراد ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہوگئے تھے۔