پہلے سا سلسلہ نہیں باقی

محمد وارث

لائبریرین
وارث صاحب ،
میرا مطمحِ نظر ’’ گلہ ، قافلہ اور ملا ‘“ سے ہے ، نکاتِ سخن اور دیگر کتب کے تحت اساتذہ نے قافیے کے اعلان پر زور دیا ہے ۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ صوت الف کی ہی ہے۔
جیسے غالب نے ’’ دلَ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ، آخر اس در دکی دوا کیا ہے ‘‘ ( بعد کے قوافی ’ وفا ‘ وغیرہ ہیں ) کہا ۔۔ علامہ نیاز فتح پوری سمیت اساتذہ اور ناقدین نے اسے
ایطا قرار دیا ۔ جلی اور خفی ۔ ایطا تو ایطا ہی ہوتا ہے نا ؟؟


جی ہاں درست فرمایا، ایطا تو ایطا ہی ہوتا ہے!

جب خدائے سخن، قبلہ و کعبہ، خلد آشیانی، مرشدی کے ہاں اسے علامہ فتح پوری ڈھونڈ لاتے ہیں تو ایم اے راجا صاحب سے "آپ" توقع رکھ سکتے ہیں کہ انکے کلام میں یہ عیب نہ ہو ;)

یہ 'کہ' اور 'نہ' کی طرح ایک انتہائی غیر ضروری بندش ہے، جب غالب سمیت اردو کے ہر شاعر کے ہاں نقادوں کا "خود ساختہ" ایطائے خفی موجود ہے تو میرے لیے غالب کا کہا حرفِ آخر ہے نا کہ علامہ فتح پوری کا:

ع- چہ نسبت خاک را با عالمِ پاک
 

مغزل

محفلین
جی ہاں درست فرمایا، ایطا تو ایطا ہی ہوتا ہے!

جب خدائے سخن، قبلہ و کعبہ، خلد آشیانی، مرشدی کے ہاں اسے علامہ فتح پوری ڈھونڈ لاتے ہیں تو ایم اے راجا صاحب سے "آپ" توقع رکھ سکتے ہیں کہ انکے کلام میں یہ عیب نہ ہو ;)

یہ 'کہ' اور 'نہ' کی طرح ایک انتہائی غیر ضروری بندش ہے، جب غالب سمیت اردو کے ہر شاعر کے ہاں نقادوں کا "خود ساختہ" ایطائے خفی موجود ہے تو میرے لیے غالب کا کہا حرفِ آخر ہے نا کہ علامہ فتح پوری کا:

ع- چہ نسبت خاک را با عالمِ پاک

قبلہ و کعبہ محمد وارث (صاحب) ،
اب چونکہ آپ خاصے جذباتی ہورہے ہیں اور مسلسل اپنی انا کو اس بحث میں شامل کر رہے ، اس لیے ، السلام و علیکم ۔:idontknow:
 

محمد وارث

لائبریرین
ایک بات یہ کہ نہ مجھے آپ سے بحث کرنے کا شوق ہے اور نہ میں کرتا ہوں۔

لیکن ایک بات واضح کردوں کہ 'اردو محفل' پر اگر کوئی فضول اور لغو اعتراض یا بات ہوگی تو اسکا صحیح جواب دیا جائے گا کہ یہ بزم بہت سے مبتدیوں کیلیے راہنما ہے اور آئندہ کیلیے ایک ریفرنس!

اندھوں میں کانا راجہ بننے کیلیے تو بہت سے فورم کھلے ہیں جو کہ لغویات سے بھرے بھی ہیں!
 

مغزل

محفلین
اعتراض اور اختلاف رکھنے کا مجھے پورا حق ہے ۔ مگر میں آپ گزشتہ کئی مراسلات سے اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ جناب نے اسے اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا ہے۔
اگر میں اختلاف رکھتا ہوں تو جناب یہ کہہ سکتے ہیں کہ نہیں صاحب آپ غلط کہہ رہے ہیں ۔ (اول تو میں اپنی بات نہیں‌کر رہا اساتذہ اور ناقدین کی رائے پیش کررہا ہوں) ۔۔۔ آپ نے کہا کہ مبتدیوں کیلیے رہنما ہے یہ بزم ۔ ’’ مگر آپ مجھ مبتدی کو مسلسل تحقیر و تضحیک کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔‘‘ ۔ اندھوں میں کانا راجہ بننے کا مجھے کوئی شوق نہیں ۔ ہم اور ہماری تاریخ ان معاملات سے بھری پڑی ہے ۔ امید ہے آپ بھی ٹھنڈے دماغ سے غور کریں گے ۔والسلام
 

محمد وارث

لائبریرین
مغل صاحب، اب اگر آپ "ٹھنڈے دل و دماغ" کی بات کر رہے ہیں تو اوپر پھر سب مراسلوں کو پڑیں کہ کہاں میں نے آپ کی تضحیک کی، بلکہ اس مراسلے میں بھی ایسی کوئی بات تک نہیں تھی جس پر آپ نے 'جذباتیت' اور 'انا' کے الزامات لگائے ہیں، کہاں ہے اس میں آپ کی تضحیک!

باقی رہی بات 'راجہ' بنانے کی تو پہلے آپ نے ہمیں قبلہ و کعبہ بنایا (جذباتیت و انا پسندی کا) پھر ہم نے آپ کو راجہ بنایا (اندھوں کا) تو کیا گناہ کیا۔ ;)
 

مغزل

محفلین
بہر کیف جناب ، میں ہی غلطی پر ہوسکتا ہوں کہ مجھے ابھی غلطی کی تفہیم بھی نہیں سو دستہ بستہ معافی کا خواستگار ہوں ۔ مزید وضاحت مزید دوریوں کو جنم دے گی اور دوری میرے اختیار سے باہر ہے ۔ آپ کرم فرماتے ہوئے مجھے معاف کردیں ۔ میں آئندہ کسی بھی کلام پر رائے دینے سے ( سوائے واہ واہ مبارکباد کے ) گریز برتوں گا ۔ والسلام
عاقبت نا اندیش
م۔م۔مغل
 

محمد وارث

لائبریرین
وہ آپ کی مرضی ہے کہ آپ کیا فرماتے ہیں، میں تو صرف یہ کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا حضورِ من کہ ضروری کو جانے نہ دو اور غیر ضروری میں الجھو مت!
 

الف عین

لائبریرین
مجھے افسوس ہے کہ غیر ضروری بحث چھڑ گئی یہاں۔۔ میں بھی یہاں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ محمود نے کس بات کا برا مانا ہے۔ سوال وارث کی انا کا بھی نہیں ہے۔ بلکہ کچھ معاملوں میں وارث سے میں بھی متفق نہیں (’نہ‘ اور ’کہ‘ بطور سبب)۔ بلکہ میں اکثر معاملوں میں وارث کے ’پالے میں گیند ‘ڈال دیتا ہوں کہ وہ زیادہ اچھی طرح سمجھا دیں گے۔ ان کے تبحر علمی سے مرعوب ہوں نا۔ لیکن جب میں ان سے پہلے کہیں پہنچ جاتا ہوں تو کچھ حد تک جواب دے ہی دیتا ہوں۔ اور وارث کا انتظار کرتا ہوں کہ وہ اساتذہ کی مثالیں اور بحور کا نام وغیرہ سب واضح کر دیں گے۔
بہر حال محمود، تم یہ فیصلہ نہ کرو کہ محض داد دو گے سب کی یہاں۔ تب اس میں اور دوسری بے شمار محفلوں میں کیا فرق رہ جائے گا؟
 

مغزل

محفلین
بہت شکریہ بابا جانی ۔ اب چونکہ بات آئی گئی ہوچکی ہے لہذا میں مزید وضاحت کرکے لڑی کا حسن نہیں تباہ کرنا چاہتا ۔
آپ کی محبتیں اور دعائیں قدم قدم درکار ہیں ۔والسلام
 

ایم اے راجا

محفلین
مجھے بہت افسوس ہیکہ میری غزل پر اتنی ترشی پیدا ہوئی، ہم سب کو تعمیری تنقید کرنی چاہئیے، میری مثال تو اس مبتدی کی جیسی ہے جو بس کبھی کبھی کلاس میں آتا ہے اور بس خط لکھنا سیکھ جانا چاہتا ہے!
 

الف عین

لائبریرین
پہلے سا سلسلہ نہیں باقی
اب کسی سے گلہ نہیں باقی
///درست۔

بھرنے دے زخم تو مرے دل کا
جڑنے میں فاصلہ نہیں باقی
///دل کے زخم کا فاصلہ؟ کیا کہنا چاہ رہے ہو۔۔۔ قافیہ غلط ہے۔

رات بھر ڈھونڈتا رہا اسکو
اک نشاں تک ملا نہیں باقی
///درست ہے۔

ساتھ کس کے چلوں بھلا لوگو
راہ میں قافلہ نہیں باقی
///یہاں ردیف غلط ہو رہی ہے۔ قافلہ باقی کیسے ہوا۔ مطلب چلا گیا؟ یا ہر فرد انتقال کر گیا؟

شہر سارا تلاشتا ہے جسے
وہ ادا قاتلہ نہیں باقی
///کسی کی ادا کو کوئی کیسے تلاش کر سکتا ہے ؟ قاتلہ بھی نہیں سنا۔ محض قاتل ہوتی ہے ادا۔

میں نے چاہا جسے زمانے میں
دوست وہ کا ملہ نہیں باقی
///یہاں بھی قافیہ درست نہیں۔

راز کس کو بتاؤں میں راجا
رازداں جو ملا، نہیں باقی
///کیا ہوا۔۔ انتقال کر گیا؟
صرف دو اشعار میں ردیف ’باقی‘ درست ہے۔
 

ایم اے راجا

محفلین
سر آپ نے یقینن غلطی سے اس غزل کو اس دھاگے میں پرو دیا ہے میں اسکو دوبارہ متعلقہ دھاگے میں لے جاتا ہوں اور وہاں سے اس غزل کو یہاں کاپی پیسٹ کر دیتا ہوں، اور اب وارث بھائی سے التماس ہیکہ دونوں دھاگوں سے غیر متعلقہ غزلوں ( اصلاحات) کو حذف کر دیں تا کہ غلط فہمی سے بچا جا سکے، میں شکر گذار رہوں گا۔ شکریہ۔
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ راجا صاحب، میں نے دونوں پیغامات متعلقہ موضوعات میں بھیج دیئے ہیں اور آپ نے اعجاز صاحب کے جو پیغامات کاپی کیے تھے وہ بھی حذف کر دیئے ہیں!
 

الف عین

لائبریرین
اوہو۔۔ کچھ غلطی ہو گئی تھی۔۔۔ میں نے ساری غزلوں کو آف لائن اصلاح کر کے کاپی پیسٹ کیا تھا یہاں۔۔
وارث،، تم سے بھی گزارش ہے کہ میری اصلاح بھی غور سے دیکھا کرو۔ کہیں میں زیادہ ہی ’استادی‘ تو نہیں دکھا جاتا؟
 
Top