میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ آخر مائیکروسوفٹ پبلشر کے استعمال میں کیا ہرج ہے جبکہ اس میں یونیکوڈ اور نستعلیق کی مکمل سپورٹ موجود ہے؟ کیا اس کے باوجود انپیج اور کورل کا کمبینیشن اس سے بہتر ہے؟
سب سے پہلی بات کہ یہاں پاکستان میں جو چل رہا ہوتا ہے اسے تبدیل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ فرض کریں میں مائیکروسافٹ پبلشر میں کام کرتا ہوں لیکن جب میں نوکری کے لئے یا کسی بھی وجہ سے کسی اخبار کے دفتر میں جاؤں گا تو وہاں لوگ انپیج اور کورل میں کام کر رہے ہوں گے جس کی وجہ سے میں کبھی یہ نہیں چاہوں گا کہ میں پبلشر کو سیکھوں اور انپیج اور کورل کو نظر انداز کروں۔
یہاں پبلشنگ کی دنیا میں جو روایات چل رہی ہیں ان کے مطابق یقینا انپیج اور کورل کا کمبینیشن مائیکروسافٹ پبلشر سے کئی گنا بہتر ہے۔ہو سکتا ہے پبلشر میں وہ کام ہو جاتے ہوں لیکن ہمیں اس کا پتہ نہیں۔ میرا خیال ہے کہ اخبار کی لیڈ پبلشر میں تیار نہیں ہو سکتی اس کے لئے کسی گرافکس سافٹ ویئر کی مدد لینا ہی ہو گی جیسے کورل۔ رہی بات کہ پبلشر انپیج کی جگہ استعمال ہو جائے اور باقی کام کورل میں ہی ہوں تو شائد ایسا بھی ممکن نہیں یا پھر اتنا آسان نہیں۔ فرض کریں میں لیڈ تیار کر رہا ہوں کہیں پر ایک حرف یا لفظ کی غلطی ہو گئی ہے میں ساتھ ہی انپیج میں وہ حرف یا لفظ لکھ کر سلیکشن ٹول کو منتخب کر کے انپیج سے کاپی کروں گا اور کورل میں پیسٹ کر لوں گا یہ کام بہت جلدی ہو جاتا ہے۔جبکہ پبلشر سے مواد کورل میں لانے میں اس کی نسبت زیادہ وقت لگے گا۔ اس کے علاوہ انپیج میں ایسی سہولیات ہیں جن کی مدد سے ہم انپیج میں رہتے ہوئے الفاظ کو آسانی سے دائیں بائیں کھینچ کر اپنی مرضی کے سائز کے مطابق کر سکتے ہیں اور الفاظ کا درمیانی فاصلہ بھی اسی مناسبت سے کر سکتے ہیں۔ یہ چیز اخبار تیار کرنے کے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ ضروری نہیں کہ دو کالمی، تین کالمی یا کسی بھی سائز کی سادہ ہیڈنگ میں ہر دفعہ ایک جتنے ہی الفاظ ہوں۔ اس کو دیکھنے کے لئے اگر آپ کے پاس انپیج ہو تو اس میں کچھ ٹیکسٹ منتخب کر کے Ctrl+Shift+F7 اور Ctrl+Shift+F8 کر کے دیکھیے گا۔ ہو سکتا ہے یہ سب سہولیات مائیکروسافٹ پبلشر میں بھی ہوں۔اگر تو ہیں۔۔۔ پہلے تو اس کا کسی کو پتہ نہیں جس کے لئے کوئی بہترین ٹیوٹوریل چاہئے ہو گا اور دوسرا اگر پتہ چل بھی جائے تو لوگوں کو اس طرف لانے کے لئے یونیکوڈ اردو کے فوائد سے آگاہ کرنا ہو گا۔
اگر سافٹ ویئرز کے قانونی اور غیرقانونی استعمال کو دیکھا جائے تو یہاں زیادہ تر تو غیرقانونی ہی استعمال ہو رہے ہیں۔ اگر سب چیزیں غیر قانونی ہی استعمال کرنی ہیں تو پھر نیا انپیج جو سنا ہے یونیکوڈ میں ہے کو کیوں نہ عام کیا جائے؟؟؟ یا پھر اس جیسی یعنی نئے انپیج جیسی سہولیات کا کوئی اوپن سورس سافٹ ویئر تیار کیا جائے۔
اب آپ میری بات کو گلہ کہیں، طنز کہیں یا جو مرضی کہیں لیکن میں تو یہی کہتا ہوں اگر میں اس لیول کا پروگرامر ہوتا تو ہر کام چھوڑ کر سب سے پہلے یہی کام کرتا۔ یہاں تو لوگ کسی معیاری اردو ٹائیپنگ ٹیوٹر کو ترس رہے ہیں اور ایک میں ہوں جو اوپن سورس اردو پیج میکنک سافٹ ویئر کی بات کر رہا ہوں۔ شاید یہ دیوانے کا خواب ہی ہے۔