پیکر خاکی میں اک سوز نہاں رہنے دیا-برائے اصلاح

نمرہ

محفلین
ایک غزل جو لینیئر الجبرا سے متاثر ہو کر کہی گئی۔

پیکر خاکی میں اک سوز نہاں رہنے دیا
قید میں ڈالا مجھے اور بیکراں رہنے دیا

ظرف میرا کم تھا کچھ ورنہ خدا کی ذات نے
دسترس میں عشق کی سارا جہاں رہنے دیا

مجھ سے جب صبح ازل پوچھی گئی مرضی مری
لامکاں کو منتخب کر کے مکاں رہنے دیا

اور تھے جن کو رہا ہستی پہ اپنی اعتبار
میں نے کچھ رکھا تو بس وہم و گماں رہنے دیا

منزلیں رکھتی نہیں تھیں خود کہیں شاید وجود
منزلوں کی جستجو میں کارواں رہنے دیا

مہر و مہ سے مختلف ہرگز نہ تھا یہ دل مرا
اک ستارا تھا کہ زیر آسماں رہنے دیا

گفتگو میں میری گنجائش نکلتی ہی نہ تھی
شعر کو دنیا نے اک طرز فغاں رہنے دیا

اک تبسم کو نظر انداز کر دینے کے بعد
اک تکلف تھا کہ میں نے درمیاں رہنے دیا​
 
مدیر کی آخری تدوین:

نمرہ

محفلین
عزیزہ تم اپنے کو فارغ الاصلاح سمجھو۔ میری طرف سے یہ سند قبول کرو۔ مبارک ہو۔ اچھی غزل کہی ہے۔
سکول سے مجھے نکال رہے ہیں آپ ! دراصل مجھے شک رہتا ہے ہمیشہ ، مثلا یہاں مطلع پر کہ اس کا مفہوم واضح ہے نہیں۔ اسی طرح منزلوں والے شعر میں ذکر نہیں کہ کس نے رہنے دیا کاروان۔
سند تو کام آئے گی میرے۔
 
عظیم

محفلین
سکول سے مجھے نکال رہے ہیں آپ ! دراصل مجھے شک رہتا ہے ہمیشہ ، مثلا یہاں مطلع پر کہ اس کا مفہوم واضح ہے نہیں۔ اسی طرح منزلوں والے شعر میں ذکر نہیں کہ کس نے رہنے دیا کاروان۔
سند تو کام آئے گی میرے۔
اس سند کے لیے میں پچھلے چار سال سے ترس رہا ہوں ۔ اور شاید آپ کو علم بھی ہو کہ تقریباً پچیس سو غزلیں بھی کہہ چکا ہوں اور ان پر اصلاح بھی لے چکا ہوں ۔ مگر ابھی تک فارغ الاصلاح والا معاملہ پیش نہیں آیا ۔ کل بابا (الف عین) کی جانب سے آپ کے لیے یہ کمنٹ پڑھ کر حسد سی محسوس ہوئی تھی ۔
لیکن آج آپ کا جواب پڑھ کر خوشی ہوئی ۔
منزلوں والے شعر میں تو یہی مفہوم سمجھ میں آ رہا ہے کہ شاعر نے ہی رہنے دیا ۔
 
فہد اشرف

محفلین
واہ بہت اچھی غزل ہے، پڑھ کے لطف آیا۔
لیکن یہ پڑھ کر کہ یہ غزل لینیئر الجبرا سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے مجھے کچھ وہم سا ہو گیا کہ یہ غزل میری سمجھ میں نہیں آئی ہے، اگر آپ کو فرصت ہو تو اس کی الجبرکلی تشریح بھی کریئے گا ممنون رہوں گا
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ واہ واہ !!! سبحان اللہ سبحان اللہ ! کیا خوبصورت اشعار ہیں !
مطلع بہت ہی اعلیٰ ہے !! کیا بات ہے !

اور تھے جن کو رہا ہستی پہ اپنی اعتبار
میں نے کچھ رکھا تو بس وہم و گماں رہنے دیا

مہر و مہ سے مختلف ہرگز نہ تھا یہ دل مرا
اک ستارا تھا کہ زیر آسماں رہنے دیا

کیا بات ہے ان اشعار کی ! بہت ہی اعلیٰ !!!

نمرہ صاحبہ ہم تو پہلے ہی آپ کو فارغ التحصیل سمجھتے تھے اور اب تو استادِ محترم اعجاز صاحب نے بھی توثیق کردی ۔ اس بات پر آپ کچھ مٹھائی وٹھائی کھا لیجئے ۔ :):):)
اور براہِ کرم لینئر الجبرا کا مطالعہ جاری رکھئے ! :):):)
 
نمرہ

محفلین
اس سند کے لیے میں پچھلے چار سال سے ترس رہا ہوں ۔ اور شاید آپ کو علم بھی ہو کہ تقریباً پچیس سو غزلیں بھی کہہ چکا ہوں اور ان پر اصلاح بھی لے چکا ہوں ۔ مگر ابھی تک فارغ الاصلاح والا معاملہ پیش نہیں آیا ۔ کل بابا (الف عین) کی جانب سے آپ کے لیے یہ کمنٹ پڑھ کر حسد سی محسوس ہوئی تھی ۔
لیکن آج آپ کا جواب پڑھ کر خوشی ہوئی ۔
منزلوں والے شعر میں تو یہی مفہوم سمجھ میں آ رہا ہے کہ شاعر نے ہی رہنے دیا ۔
پیوستہ رہیے شجر سے اور امید بہار رکھیے :) مجھے زیادہ مدت ہو گئی ویسے مشق کرتے ہوئے۔ اور میری اپنی رائے تو یہ ہے کہ انسان خود اپنے کام پر اتنی تنقید کرے کہ کسی اور کے لیے گنجائش ہی نہ رہے۔
 
نمرہ

محفلین
واہ بہت اچھی غزل ہے، پڑھ کے لطف آیا۔
لیکن یہ پڑھ کر کہ یہ غزل لینیئر الجبرا سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے مجھے کچھ وہم سا ہو گیا کہ یہ غزل میری سمجھ میں نہیں آئی ہے، اگر آپ کو فرصت ہو تو اس کی الجبرکلی تشریح بھی کر دیں، ممنون رہوں گا
ہاہا الجبرک تشریح تو میں نے کہیں کی تھی کہ لامکاں کو منتخب کر کے مکاں رہنے دیا سے مراد سوڈو انورس اور لو رینک اپروکسی میشنز ہیں اور ظرف میرا کم تھا کچھ سے مراد ہے کہ میں ہمت کرتی تو اسائنمنٹیں پوری کر لیتی اپنی۔ لیکن آپ اپنی تشریح کو درست سمجھئے :)
 
نمرہ

محفلین
واہ واہ واہ !!! سبحان اللہ سبحان اللہ ! کیا خوبصورت اشعار ہیں !
مطلع بہت ہی اعلیٰ ہے !! کیا بات ہے !

اور تھے جن کو رہا ہستی پہ اپنی اعتبار
میں نے کچھ رکھا تو بس وہم و گماں رہنے دیا

مہر و مہ سے مختلف ہرگز نہ تھا یہ دل مرا
اک ستارا تھا کہ زیر آسماں رہنے دیا

کیا بات ہے ان اشعار کی ! بہت ہی اعلیٰ !!!

نمرہ صاحبہ ہم تو پہلے ہی آپ کو فارغ التحصیل سمجھتے تھے اور اب تو استادِ محترم اعجاز صاحب نے بھی توثیق کردی ۔ اس بات پر آپ کچھ مٹھائی وٹھائی کھا لیجئے ۔ :):):)
اور براہِ کرم لینئر الجبرا کا مطالعہ جاری رکھئے ! :):):)
ملٹی پل سندیں ہو گئیں بھئی میری تو، شکریہ :) بالکل ارادہ ہے مطالعہ جاری رکھنے کا۔
 
Top